اسرائیلی کارروائی میں مغربی کنارے میں ۳؍ عسکریت پسندوں کی موت۔
EPAPER
Updated: January 08, 2025, 3:18 PM IST | Agency | Jerusalem
اسرائیلی کارروائی میں مغربی کنارے میں ۳؍ عسکریت پسندوں کی موت۔
غزہ میں حماس کے جنگجوؤں اور اسرائیلی فوج میں جھڑپیں جاری ہیں۔ منگل کے روز جاری کی جانیوالی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی فوج نے بتایا کہ شمالی غزہ میں عسکریت پسندوں کے ساتھ جھڑپ میں ایک اسرائیلی ڈپٹی کمپنی کمانڈر اور ایک دیگر فوجی ہلاک ہو گئے، جب کہ دو دیگر زخمی ہو گئے۔اسرائیلی فوج نے پیر کے روز کہا کہ مرنے والوں میں سے ایک کی شناخت مغربی کنارے میں ایلی بستی سے تعلق رکھنے والے۲۴؍سالہ ایٹن اسرائیل شکنجی کے نام سے ہوئی ہے، جو انفنٹری ناہل بریگیڈ کی ۹۳۲؍ ویں بٹالین میں ڈپٹی کمپنی کمانڈر تھا۔ فوج نے ایک بیان میں کہا ہے کہ وہ شمالی غزہ کے شہر بیت حنون میں ’لڑائی کے دوران مارا گیا‘۔ فوج نے کہا کہ دوسرے متوفی کا نام جاری نہیں کیا گیا کیونکہ اس کے اہل خانہ کو ابھی تک مطلع نہیں کیا گیا ہے۔ فوج کے مطابق دوسرے ہلاک اور دو زخمی فوجیوں کا تعلق بھی۹۳۲؍ ویں بٹالین سے تھا۔ اسرائیل کے سرکاری نشریاتی ادارے کان ٹی وی نے اطلاع دی ہے کہ عسکریت پسندوں نے اس عمارت پر ٹینک شکن میزائل داغا جہاں چار فوجی رہ رہے تھے۔ تازہ ترین ہلاکتوں سے اکتوبر ۲۰۲۳ء میں حماس کے ساتھ جنگ شروع ہونے کے بعد سے ہلاک ہونے والے اسرائیلی فوجیوں کی کل تعداد۸۲۷؍ ہو گئی ہے۔
۳؍ عسکریت پسندوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ
اسرائیلی فوج نے کہا کہ اس نے منگل کے روز مقبوضہ مغربی کنارے کے شمال میں ’’دہشت گردی کے خلاف‘‘ الگ الگ چھاپوں میں تین فلسطینی عسکریت پسندوں کو ہلاک کر دیا۔ دوسری طرف فلسطینی حکام نے کہا ہے کہ ہلاک شدگان میں سے ایک نوجوان تھا۔ فوج نے ایک بیان میں کہا کہ دو عسکریت پسند اس وقت ہلاک ہو گئے جب اسرائیلی فضائیہ نے ایک مسلح دہشت گرد سیل کو نشانہ بنایا۔ طمون گاؤں میں چھاپہ مار کارروائی کے دوران اسرائیلی افواج پر گولی چلائی گئی۔
منگل کو بھی غزہ میں بمباری جاری رہی
فلسطین کی وزارت صحت نے صیہونی بمباری کے نتیجے میں مزید۳۱؍ فلسطینیوں کی شہادت کی خبر دی ہے جس کے بعد شہدائے غزہ کی تعداد۴۵؍ ہزار۸۸۵؍ تک پہنچ گئی ہے۔ فلسطینی وزارت صحت کے مطابق، صیہونی فوج نے پچھلے۲۴؍ گھنٹے میں۳؍نئے جرائم کا ارتکاب کیا جس کے نتیجے میں۳۱؍ فلسطینی شہید اور۹۷؍ دیگر زخمی ہوگئے۔ رپورٹ کے مطابق، بہت سے زخمی اور متاثرین ابھی تک ملبے کے نیچے اور گلیوں میں پھنسے ہوئے ہیں اور امدادی کارکنان ان کی مدد کرنے سے قاصر ہیں۔ غزہ کی وزارتِ صحت نے منگل کے روز بتایا کہ فلسطینی علاقے میں گزشتہ۲۴؍ گھنٹوں کے دوران۳۱؍ افراد ہلاک ہوئے جس کے ساتھ اموات کی مجموعی تعداد۴۵؍ہزار۸۸۵؍ ہو گئی۔ غزہ جنگ۱۶؍ ویں مہینے میں داخل ہو گئی ہے۔