یرغمال ریڈکراس کے حوالے، حماس کے مطابق یرغمالوں کی رہائی کا منظر فلسطینی عوام اور مزاحمتی دھڑوں کے اتحاد کا عکاس ہے۔
EPAPER
Updated: February 23, 2025, 11:17 AM IST | Gaza
یرغمال ریڈکراس کے حوالے، حماس کے مطابق یرغمالوں کی رہائی کا منظر فلسطینی عوام اور مزاحمتی دھڑوں کے اتحاد کا عکاس ہے۔
غزہ جنگ بندی معاہدے کے تحت فلسطین کی مزاحمتی تحریک حماس نے ۶۰۲؍فلسطینی قیدیوں کے عوض ۶؍ اسرائیلی یرغمالوں کو رہا کرتے ہوئے سنیچر کوا نہیں ریڈ کراس کے حوالے کر دیا۔
عرب میڈیا کے مطابق حماس نے۲؍ اسرائیلی یرغمالوں کو رفح میں جبکہ۳؍کو نصیرات کیمپ میں ریڈکراس کے حواے کیا۔ بتایا جا رہا ہے کہ ایک یرغمال ہشام السیدکو غزہ سٹی میں بغیرکسی تقریب کے اسرائیلی فوج کے حوالہ کیا گیا۔
حماس کا اس سلسلے میں کہنا ہے کہ یرغمالوں کی رہائی کا منظر فلسطینی عوام، مزاحمتی دھڑوں کے اتحاد کا عکاس ہے، ہمارے درمیان ہم آہنگی گہری اور مضبوط ہے، آج یرغمالوں کی حوالگی کے دوران عوام کی بڑی تعداد دشمن اور اس کے حامیوں کے لئے نیا پیغام ہے۔ اسی دوران اسرائیل کی جانب سے ۶۰۲؍ فلسطینی قیدیوں کو رہا کیا گیا ہے۔
یادرہےکہ یہ زندہ قیدیوں کی آخری کھیپ ہے جن کو جنگ بندی معاہدے کے پہلے مرحلے کے اختتام پر یکم مار چ تک واپس اسرائیل کے حوالے کیا جانا ہے۔ یہ معاہدہ غزہ پٹی میں تباہ کن جنگ کے بعد۱۹؍جنوری کو نافذ العمل ہوا تھا۔ دو روز قبل حماس نے۴؍اسرائیلی یرغمالوں کی لاشیں ریڈ کراس کے سپرد کی تھیں جس کے بدلے اسرائیل نے بھی فلسطینیوں کے جسد خاکی ریڈ کراس کے حوالے کی تھیں۔ حماس نے ریڈ کراس پر لاشوں کی حوالگی کے دوران دہرے معیار کا مظاہرہ کرنے کا الزام عائد کیا تھا۔ جنگ بندی کے آغاز کے بعد سے اب تک۲۲؍ یرغما لوں کو اسرائیل کے حوالے کیا جا چکا ہے جن میں ۳؍ لاشیں شامل ہیں۔ اس کے بدلے۱۱۰۰؍ سے زیادہ فلسطینی قیدیوں کو رہا کیا گیا ہے۔
معاہدے کے پہلے مرحلے میں جو یکم مارچ کو اختتام پذیر ہو گا، حماس کی جانب سے۳۳؍ یرغمالوں کی رہائی ہوگی جن میں ۸؍ لاشیں شامل ہیں۔ اس کے بدلے میں اسرائیل کی جیلوں سے ۱۹۰۰؍ فلسطینی رہا کئے جائیں گے۔ معاہدے کے اس دوسرے مرحلے میں توقع ہےکہ غزہ میں جنگ مکمل طور پر اختتام پذیر ہو جائے گی لیکن اس مرحلے کے لئے مذاکرات ابھی تک شروع نہیں ہو سکے ہیں۔ حماس اور اسرائیل کے درمیان پہلے مرحلے میں خلاف ورزی کے الزامات کا تبادلہ ہورہا ہے۔ معاہدے کا تیسرا اور آخری مرحلہ تباہ حال غزہ پٹی کی تعمیر نو سے متعلق ہو گا۔
قبل ازیں حماس نے کہا کہ تنظیم غزہ میں جنگ بندی کے پہلےمرحلے کے اختتام کے بعد معاہدے کے دوسرے مرحلے پر جامع انداز میں کام کرنےکے لئے تیار ہے۔ حماس کے ترجمان حازم قاسم نے سنیچر کو جنگ بندی معاہدے کے پہلے مرحلے کے ساتویں تبادلے سے پہلے ایک پریس بیان میں کہا کہ ہمارے فلسطینی عوام قیدیوں کے تبادلے کے ایک بڑے آپریشن کو عملی جامہ پہنا رہے ہیں۔ اب اپنی ثابت قدمی، قربانیوں اور مزاحمت کی بدولت ’طوفان الاقصیٰ ‘کی جنگ میں ایک عظیم کامیابی کو ریکارڈ کر رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ آج القسام بریگیڈز اور مزاحمت کار دشمن کے قیدیوں کی رہائی کے معاملے میں اپنے لئے طے شدہ شرائط پر عمل درآمد کریں گے۔