اسرائیلی حملے مسلسل جاری ہیں۔شمالی غزہ کی ناکہ بندی سے بھکمری بڑھنے کا اندیشہ ۔القسام نے اسرائیلی ٹینک اڑایا۔
EPAPER
Updated: December 26, 2024, 12:13 PM IST | Agency | Gaza
اسرائیلی حملے مسلسل جاری ہیں۔شمالی غزہ کی ناکہ بندی سے بھکمری بڑھنے کا اندیشہ ۔القسام نے اسرائیلی ٹینک اڑایا۔
اسرائیل کی بمباری کے نتیجے میں غزہ میں گزشتہ۲۴؍ گھنٹوں کے دوران مزید۲۳؍فلسطینی شہید اور۳۹؍ زخمی ہوگئے۔ بدھ کی شام میں جاری کردہ الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق غزہ پٹی میں ہر جگہ اسرائیلی فضائی حملے ہو رہے ہیں۔ غزہ شہر کے رہائشی مکان پر اسرائیلی فضائی حملے میں ایک حاملہ خاتون بھی شہید ہوگئی، طبی عملہ بچے کو بچانے میں کامیاب رہا، لیکن ماں کی جان نہیں بچائی جاسکی۔ دوسرے مقام پر مشہور فلسطینی مصنفہ والا جمعہ الافرانجی اپنے شوہر احمد سعید سلامہ کے ساتھ نصرات پناہ گزین کیمپ کے جنوب میں اپنے گھر پر اسرائیلی حملے میں شہید ہو گئیں۔ غزہ پٹی کے جنوب میں واقع خان یونس شہر کے ایک عارضی کیمپ میں سرد موسم کی وجہ سے ایک بچہ بھی جاں بحق ہوا۔ وزارت صحت نے بیان میں بتایا کہ تازہ ترین شہادتوں کے بعداکتوبر ۲۰۲۳ء سے اب تک شہید ہونے والوں کی مجموعی تعداد۴۵؍ہزار ۳۶۱؍ ہوگئی ہے۔ ایک امریکی تنظیم نے کہا کہ شمالی غزہ کی اسرائیلی ناکہ بندی کے سبب اشیائے خوردونوش کی فراہمی کا سلسلہ بند ہے، جس سے علاقے میں بھکمری بڑھنے کا اندیشہ ہے۔
اسرائیلی فوج کے ٹینک پر قسام بریگیڈ کا حملہ
الجزیرہ کے مطابق حماس کے مسلح ونگ قسام بریگیڈ نے ایک ویڈیو جاری کیا ہے جس میں ایک اسرائیلی فوجی گاڑی پر حملہ کیا گیا ہے، جبکہ جنگجوؤں اور اسرائیلی فوج کے درمیان جھڑپوں کا سلسلہ بھی جاری ہے۔
مغربی کنارے کے کیمپ پر اسرائیلی گولہ باری
مغربی کنارے میں تلکرام کیمپ پر اسرائیلی گولہ باری میں ۳؍ افراد جاں بحق اور ۶؍ دیگر زخمی ہوگئے۔ یہ اطلاع فلسطینی وزارت صحت نے دی۔ ایک بیان میں کہا، ’’اسرائیلی حملے میں ۳؍ افراد جاں بحق ہوگئے، ۶؍ زخمی ہوئے۔ اسرائیلی فوج نے تلکرم کیمپ پر گولہ باری کی، ۲؍ کی حالت تشویشناک ہے۔ ‘‘ اسرائیل ڈیفنس فورسز (آئی ڈی ایف) مغربی کنارے میں مبینہ دہشت گردی کی کوششوں کو روکنے کیلئے حملے کررہی ہے۔ اکتوبر۲۰۲۳ء سے اب تک اسرائیلی فورسیز نے اپنی جارحانہ سرگرمیوں میں ۶؍ہزار سے زائد مشتبہ افراد کو حراست میں لیا ہے۔
غزہ میں اقوام متحدہ کی عمارتوں کے قریب حملہ
اسرائیل کی دفاعی افواج (آئی ڈی ایف) نے منگل کو کہا کہ اس نے شمالی غزہ پٹی میں اقوام متحدہ کے کمپاؤنڈ کے قریب واقع حماس کے ایک لانچ سائٹ پر فضائی حملہ کیا ہے۔ آئی ڈی ایف نے ٹیلی گرام پر کہاکہ ’’کچھ عرصہ قبل اسرائیلی فضائیہ نے غزہ پٹی میں الشطی میں حماس کی لانچنگ سائٹ پر حملہ کیا تھا۔ ‘‘
اسرائیل کی نئی شرائط معاہدے میں تاخیر کا سبب : حماس
فلسطین کی مزاحمتی تحریک اسلامی تحریک مزاحمت حماس نے ایک بیان میں بدھ کو کہا ہے کہ اسرائیل نے نئی شرائط رکھی ہیں جس کی وجہ سے غزہ میں جنگ بندی معاہدہ طے کرنے میں تاخیر ہو رہی ہے۔ تاہم حماس نے کہا کہ وہ لچک کا مظاہرہ کر رہی ہے اور قطر اور مصر کی ثالثی میں جنگ بندی مذاکرات سنجیدہ سمت میں جا رہے ہیں۔
غزہ کو بھیجا جانے والا امدادی سامان لوٹا جارہا ہے
آکسفیم کی رپورٹ کے مطابق اقوام متحدہ کی معرفت غزہ کو بھیجی جانیوالی امداد کے ۱۲؍ ٹرک ہی غزہ پہنچے ہیں۔ جبکہ ۱۰۰؍ سے زائد ٹرکوں کو راستے میں ہی لوٹ لیا گیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق ان ٹرکوں کی لوٹ مار میں اسرائیلی شہری ملوث ہیں۔ آکفسیم کا الزام ہے کہ جبالیہ، بیت لاھیہ اور بیت ہانون کی فوجی ناکہ بندی بڑھاکر وہ شمالی غزہ میں راحت رسانی کا سامان پہنچانے سے روک رہا ہے۔