• Wed, 15 January, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo

غزہ: سرنگ سے ایک امریکی نژاد سمیت چھ اسرائیلی یرغمالوں کی لاش برآمد

Updated: September 02, 2024, 9:58 AM IST | Tal Aviv

امریکی صدربائیڈن نے غم کا اظہار کیا۔ حماس نے یرغمالوں کی ہلاکت کیلئے اسرائیل ہی کو ذمہ دارٹھہرایا۔ یرغمالوں کے اہل خانہ اور متعلقہ گروپوں کا حکومت کے خلاف آج ملک گیر احتجاج کا اعلان۔

Israel revealed the identity of 6 hostages killed in Gaza. Photo: INN.
اسرائیل نے غزہ میں ہلاک ہونے والے ۶؍یرغمالوں کی شناخت ظاہر کردی۔ تصویر: آئی این این۔

غزہ کے علاقے رفح کی ۲۰؍ میٹر زیر زمین سرنگ سے ۶؍ اسرائیلی یرغمالوں کی لاش برآمد ہوئی ہیں جن میں سے ایک امریکی نژاد ہے۔ 
اسرائیلی میڈیا کے مطابق جن یرغمالوں کی لاشیں ملی ہیں، ان میں ہرش گولڈ برگ پولن (۲۳)، ایڈن یروشلمی (۲۴)، اوری ڈینینو (۲۵)، الیکس لبنوف (۳۲)، کارمل گیٹ (۴۰) اور الموگ ساروسی (۲۷)شامل ہیں۔ اسرائیلی فوج کے ترجمان ڈینئل ہگاری نے اس بارےمیں بتایا کہ ان یرغمالوں کی لاشیں ایک سرنگ سے ملیں جو اُس سرنگ سے تقریباً ایک کلومیٹر کی دوری پر تھی جہاں سے ہم نے چند روز قبل فرحان القادی نامی یرغمالی کو بازیاب کرایا تھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ جب سے فرحان القادی کو بازیاب کرایاگیا ہے، ہم معمول سے زیادہ احتیاط سے کام لے رہے تھے کیونکہ ہمیں اندازہ تھا کہ اس علاقے میں مزید یرغمال ہو سکتے ہیں لیکن ان کی درست پوزیشن ہمیں معلوم نہیں تھی۔ انہوں نے دعویٰ کرتے ہوئے یہ بھی کہا کہ سرنگ کے اندر حماس کے ساتھ کوئی جھڑپ نہیں ہوئی۔ ہمارے پہنچنے تک وہ یرغمالوں کو قتل کرکے فرار ہوچکے تھے۔ 
ڈینئل ہگاری کے مطابق ان میں سے گولڈبرگ پولن، یروشلمی، لبنوف، ساروسی اور نووا میوزک فیسٹیول سے اور گیٹ کو کبٹز بیری علاقے سے اغواء کیا گیا تھا۔ 
خیال رہے کہ ان یرغمالوں میں امریکی نژاد اسرائیلی ہرش گولڈ برگ پولن بھی شامل ہیں۔ 
قبل ازیں اسرائیل نے کہا تھا کہ اسے غزہ میں لڑائی کے دوران متعدد لاشیں ملی ہیں اور اس کی فوج لاشوں کو نکالنے اور ان کی شناخت کیلئے آپریشن کر رہی ہے جس میں کئی گھنٹے لگیں گے۔ انہوں نے شہریوں سے کہا کہ وہ لاشوں کی شناخت کے بارے میں افواہیں نہ پھیلائیں۔ 
وائٹ ہاؤس نے اعلان کیا کہ اسرائیلی فوجوں نے ۶؍لاشیں برآمد کی ہیں جنہیں حماس نے رفح شہر کے نیچے ایک سرنگ میں رکھا ہوا تھا۔ 
ان کی موت کی خبر سے غمگین ہوں : بائیڈن
’العربیہ‘ کی خبر کے مطابق اس بارے میں امریکی صدر بائیڈن نے ایک پریس بیان میں کہا کہ’’ اسرائیلی فوج نے ۶؍ یرغمالوں کی لاشیں حاصل کیں جنہیں حماس نے رفح شہر کے نیچے ایک سرنگ میں رکھا ہوا تھا۔ ‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ ’’اب ہم نے تصدیق کی ہے کہ یرغمالوں میں سے ایک امریکی شہری ہرش گولڈ برگ پولن کی لاش ہے۔ ہم نے اپنے پیارے ہرش گولڈ برگ پولن کو بحفاظت اہل خانہ تک پہنچانے کیلئے انتھک محنت کی تھی۔ ان کی موت کی خبر سے غمگین ہوں۔ 
یرغمال فضائی حملوں میں مارے گئے :حماس
حماس کے سینئرلیڈر عزت الریشیق کا کہنا ہے کہ جنوبی غزہ پٹی میں ایک سرنگ میں مردہ پائے گئے ۶؍یرغمال اسرائیلی فضائی حملوں میں مارے گئے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ حماس اپنے قیدیوں کی زندگیوں کا بائیڈن سے زیادہ خیال رکھتی ہے۔ اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ گروپ نے ان کی تجویز اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد کو قبول کر لیا ہے، الریشیق نے کہا کہ نیتن یاہو نے اس تجویز کو مسترد کر دیا اور قرارداد اور ان کے انتظامیہ نے وزیر اعظم کے مطالبات کو تسلیم کر لیا، جن کا مقصد ان کے اقتدار کو برقرار رکھنے کیلئےکسی معاہدے تک پہنچنے میں رکاوٹ ڈالنا تھا۔ 
۶؍ یرغمالی معاہدے کی صورت میں رہائی کی فہرست میں شامل تھے: حماس لیڈر
دریں اثناء حماس کے ایک سینئر لیڈرنے بتایا ہے کہ اتوار کو جن ۶؍یرغمالوں کی لاشیں ملی ہیں، ان کے نام اس فہرست میں شامل تھے جنہیں جنگ بندی کی صورت میں پہلے مرحلے پر رہا کیا جانا تھا۔ 
حماس رہنما کے مطابق معاہدے پر عمل ہونے کی صورت میں انہیں رہائی ملنے میں رکاوٹ نہ تھی کیونکہ ان کی رہائی کی منظوری دی جا چکی تھی۔ وہ مذاکرات کے عمل سے قریب ہیں لیکن انہیں اس موضوع پر عوام میں بات کرنے کی اجازت نہیں ہے۔ حماس کے اس لیڈر نے نام شائع نہ کرنے کی شرط پر یہ بات ’ `اے ایف پی‘ کو بتائی۔ 
پورا ملک کانپے گا: یرغمالوں کے اہل خانہ اورگروپ
۶؍یرغمالوں کی لاشیں ملنے کے بعد اُن کے اہل خانہ اور متعلقہ گروپوں نے پیر(آج) پورے ملک میں حکومت کے خلاف احتجاج کا اعلان کیا ہے۔ 
اسرائیلی میڈیا کے مطابق حماس سے اسرائیلی یرغمالوں کی بازیابی کیلئے متحرک گروپوں اور فورم نے ۶؍یرغمالوں کی لاشیں ملنے پر شدید احتجاج کرتے ہوئے کہا ہے کہ نیتن یاہو اور ان کی حکومت نے یرغمالوں کو مرنے کیلئے تنہا چھوڑ دیا ہے۔ 
یرغمالوں کے اہل خانہ کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو میں فورم کے نمائندوں نے کہا کہ یہ حقیقت ہے کہ نیتن یاہو حکومت نے یرغمالوں کو چھوڑ دیاہے۔ صبر کا پیمانہ لبریز ہوچکا ہے، اب عوام تیار رہے۔ کل پورا ملک کانپے گا۔ میڈیا سے گفتگو میں نیتن یاہو حکومت کے خلاف ملک گیر احتجاج کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ جگہ جگہ مظاہرے کئے جائیں گے۔ حکومت کا احتساب کیا جائے گا۔ اس حکومت سے کوئی توقع نہیں رہی۔ 
اسرائیلی اپوزیشن لیڈر کی بھی ملک گیر ہڑتال کی اپیل 
اسرائیل کے اپوزیشن لیڈر یائر لاپیڈ نے نیتن یاہو حکومت پر دباؤ ڈالنے کیلئے اتوار کو مزدوروں کی ملک گیر ہڑتال کی اپیل کی ہے تاکہ اسرائیلی حکومت یرغمالوں کی زندہ رہائی کیلئے حماس کے ساتھ کسی معاہدے تک پہنچ سکے۔ یائر لاپیڈ اسرائیل کے سابق وزیر اعظم ہیں اور ان دنوں پارلیمان میں اپوزیشن لیڈر ہیں۔ انہوں نے اتوار کو۶؍ اسرائیلی یرغمالوں کی لاشیں ملنے کی خبر ملنے پر فوری تبصرہ کرتے ہوئے کہاکہ ’’ `میرا دل آج صبح سویرے ٹوٹا ہے۔ حکومت کو یرغمالوں کی رہائی کیلئے معاہدہ کرنا چاہئے لیکن اس کیلئے ضروری ہے کہ اس پر دباؤ ڈالا جائے۔ ‘‘ انہوں نے مطالبہ کیا کہ تمام مرکزی مزدور یونینیں ، تجارتی ادارے اور بلدیاتی ادارے بھی آج (پیر)کی ہڑتال کا حصہ بنیں اور حکومت پر دباؤ ڈالیں کہ وہ غزہ سے ہمارے قیدیوں کی واپسی کے معاملے میں سنجیدگی دکھائے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK