رفح میں لوگ اپنے گھروں کو لوٹنے لگے، ۲۰۰؍ امدادی ٹرک غزہ میں داخل ، زخمیوں کے علاج کیلئے سینا کے اسپتالوں میں ہنگامی خدمات، اسرائیلی فوج کا مصر-غزہ سرحد کی طرف انخلاء شروع۔
EPAPER
Updated: January 20, 2025, 11:38 AM IST | Gaza
رفح میں لوگ اپنے گھروں کو لوٹنے لگے، ۲۰۰؍ امدادی ٹرک غزہ میں داخل ، زخمیوں کے علاج کیلئے سینا کے اسپتالوں میں ہنگامی خدمات، اسرائیلی فوج کا مصر-غزہ سرحد کی طرف انخلاء شروع۔
کئی مہینوں کے مذاکرات اور کئی گھنٹوں کی تاخیر کے بعد بالآخر غزہ میں اتوار کو جنگ بندی عمل میں آئی۔ جبکہ حماس نے پہلے تین اسرائیلی یرغمالیوں کو رہا کر دیا۔ اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ ریڈ کراس نے حماس کے ساتھ جنگ بندی معاہدے کے تحت۳؍ یرغمالیوں کو حوالے کرنے کی تصدیق کی ہے۔ اس کے بعد ہی اسرائیلی جیل سروس نے مغربی کنارے کے علاقے اوفرجیل سے۹۰؍ فلسطینی قیدیوں کو رہا کر دیا ہے۔ یہ پیشرفت اس وقت سامنے آئی ہے جب تین اسرائیلی خواتین یرغمالیوں کو حماس کی جانب سے انٹرنیشنل کمیٹی آف ریڈ کراس (آئی سی آر سی) کے حوالے کرنے کے بعد ان کے آبائی ملک واپس آگئی ہیں، جو کہ غزہ جنگ بندی میں پہلا قدم ہے، اسرائیلی ڈیفنس فورسز نےایکس پر پوسٹ کیا ہے
تین خواتین قیدیوں کو باضابطہ طور پر مغربی غزہ شہر کے علاقے الرمال میں السریا سکوائر میں ریڈ کراس کے حوالے کیا گیا۔ یہ اس کے بعد ہوا جب ریڈ کراس کی ٹیم کے ایک رکن نے ان (قیدیوں ) سے ملاقات کی اور ان کی خیریت کی تصدیق کی۔ اسرائیلی فوج نے حوالگی کی تصدیق کرتے ہوئے ایک بیان میں کہا ریڈ کراس نے اطلاع دی ہے کہ تین اسرائیلی قیدیوں کو ان کے حوالے کر دیا گیا ہے اور وہ غزہ کی پٹی میں آئی ڈی ایف (فوج) اور آئی ایس اے (سیکیورٹی ایجنسی) کی فورسز کی جانب روانہ ہو چکے ہیں۔
۲۰۰؍ امدادی ٹرک ۳؍ کراسنگ سے غزہ میں داخل
غزہ میں جنگ بندی کے معاہدے کے آغاز کے ساتھ ہی رفح کراسنگ کے ذریعے امدادی ٹرکوں کے غزہ میں داخلہ شروع ہونے کی خصوصی تصاویر العربیہ/الحدث چینل کی کیمرہ ٹیم نےریکارڈ کی ہیں۔ دریں اثناء مصری ذرائع نے ’العربیہ ڈاٹ نیٹ‘ کو بتایا کہ اتوار کو ۲۰۰؍سے زائد امدادی ٹرک غزہ میں داخل ہوئے جن میں ایندھن کے۵؍ٹرک بھی شامل ہیں اور باقی خوراک اور طبی امداد کے ٹرک تھے۔ اس نے انکشاف کیا کہ غزہ پٹی کے راستے میں ایندھن کے۱۶؍ سے زیادہ ٹرک ہیں۔ امداد غزہ کے دوسری طرف پہنچ گئی ہے۔ اس کے علاوہ کارم شالوم اور العوجہ کراسنگ سے دوسرے ٹرک داخل ہوئے۔
شمالی سیناء گورنری نے فلسطینیوں کو ہر طرح کی صحت کی امداد فراہم کرنے کیلئے گورنری کے اسپتالوں میں ہنگامی حالت کا اعلان کیا۔ وزارت صحت اور آبادی کے سرکاری ترجمان ڈاکٹر حسام عبدالغفار نے وضاحت کی کہ نائب وزیر اعظم نے کل سینا گورنری میں اپنے دورے میں اس بات پر زور دیا کہ ڈائیلاسس کی نئی عمارت کو مقررہ تاریخوں کے مطابق جلد فراہم کیا جائے کیونکہ محکمے کی صلاحیت ۸۲؍ ڈائیلاسس مشینیں ہیں۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ نائب وزیراعظم کی ہدایات میں زخمی فلسطینیوں کو لینے، ان کا علاج کرنے اور انہیں طبی دیکھ بھال کے تمام پہلوؤں کی فراہمی پر زور دیا گیا ہے۔ مصری ہلال احمر اور غزہ کی پٹی تک امداد پہنچانے کیلئے تمام متعلقہ فریقوں کے ساتھ ہم آہنگی کی اہمیت پر زور دیا گیا ہے۔
جنگ بندی کی نگرانی کیلئے قاہرہ میں اجلاس
غزہ میں جنگ بندی کے نفاذ کی نگرانی کیلئے آپریشن روم کا قاہرہ میں اجلاس شروع ہو گیا ہے۔ انہوں نے نشاندہی کی کہ مصری ہلال احمر غزہ میں ۶۰۰؍امدادی ٹرک لانے کیلئے تیار ہے۔ تباہ حال غزہ میں اتوار کو نافذ ہونے والی جنگ بندی سے قبل امدادی ٹرک مصر کے سرحدی شہر عریش میں رفح کراسنگ کے ذریعے غزہ میں داخل ہونے کی امید میں قطار میں کھڑے تھے تاکہ غزہ کے مکینوں تک انسانی امداد پہنچائی جا سکے۔
اسرائیل کی دفاعی افواج نے جنوبی غزہ کے رفح شہر کے مرکز سے فوجیوں اور ساز و سامان کا انخلاء شروع کر دیا ہے۔
فلسطینی صحافی نے پُرسوز آواز میں اذان دی
غزہ کے جبالیہ کیمپ میں اسرائیلی فوج نے تباہی پھیلادی اور پورے علاقے کو ملبے کے ڈھیر میں تبدیل کردیاہے۔ اس ملبے کے ڈھیر پر کھڑے فلسطینی صحافی جہاد ابو شمالہ کی پُرسوز آواز میں اذان دینے کی ویڈیو وائرل ہوئی ہے۔ انہوں نے شمالی غزہ میں جبالیہ پناہ گزین کیمپ کی تباہی کی ایک جھلک سوشل میڈیا پر شیئر کی ہے۔