• Tue, 07 January, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo

غزہ : اسرائیلی فوج کی ہولناک بمباری جاری، مزید۷۷؍افراد جاں بحق

Updated: January 04, 2025, 1:26 PM IST | Agency | Gaza

ہم جنگجو بھرتی کر رہے ہیں، اسرائیل ہمیں ختم نہیں کر سکتا : حماس۔ جنگ بندی معاملے کے پہلے مرحلے میں ترامیم کردی گئیں۔

Relatives and local people stand near the dead bodies. Photo: AP/PTI
رشتہ دار اور مقامی افراد جاں بحق ہونے والے افراد کی لاشوں کے پاس کھڑے ہیں۔ تصویر:اے پی / پی ٹی آئی

اسرائیلی فوج نےگزشتہ ۲۴؍گھنٹوں کے دوران غزہ میں ۳۴؍ مقامات پر فضائی حملے کئے جن کے نتیجےمیں ۷۷؍ افراد جاں بحق اور درجنوں زخمی ہوگئے۔ الجزیرہ کی خبر کے مطابق جمعہ کو غزہ میں اسرائیلی حملے میں ۵۲؍ افراد کی موت ہوگئی۔ 
 غزہ میں سرکاری میڈیا آفس نےبتایا گیا کہ اسرائیلی فوج نے گزشتہ ۲۴؍گھنٹوں کے دوران غزہ کی پٹی کی تمام علاقوں میں معصوم شہریوں کو نشانہ بناتے ہوئے۳۴؍ مقامات پربمباری کی اور جرائم کا ارتکاب کیا۔ سرکاری پریس آفس نے تصدیق کی کہ ان وحشیانہ چھاپوں کے نتیجے میں ۷۱؍ افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ درجنوں مختلف نوعیت کے زخمی ہوئے۔ اسپتال طبی وسائل کی شدید کمی کی وجہ سے زخمیوں سے بھر گئے ہیں۔ یہ بھی بتایا کہ جس چیز نے اس جرم کو مزید ہولناک بنا دیا ہے، وہ یہ تھا کہ قابض فوج نے طبی اور شہری دفاع کی ٹیموں کو متاثرین تک پہنچنے سے روکا تاکہ ان لاشوں اور زخمیوں کو نکالنے سے روکا جا سکے۔ مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق سرکاری میڈیا آفس نے ان وحشیانہ جرائم کیلئے قابض اسرائیل کو مکمل طور پر ذمہ دار ٹھہراتے ہوئے کہا کہ یہ وحشیانہ جارحیت ہمارے ثابت قدم لوگوں کے عزم کو نہیں توڑسکے گی بلکہ آزادی اور منصفانہ جدوجہد میں آگے بڑھنے کیلئے ہمارے عزم میں اضافہ کرے گی۔ 
 دریں اثناءحماس کے ذرائع کے مطابق تنظیم ان دنوں نئے جنگجو بھرتی کر رہی ہے۔ یہ انکشاف ایسے وقت سامنے آیا ہے جب غزہ میں اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ بندی کیلئے مذاکرات مکمل کرنے کی تیاری جاری ہے۔ 
  العربیہ نیوز کے مطابق حماس کو تنظیم میں شمولیت کیلئے درخواستیں موصول ہو رہی ہیں۔ ذرائع نے باور کرایا کہ اسرائیل کیلئے حماس کو ختم کرنا ممکن نہیں۔ تنظیم غزہ کی پٹی میں خود کو بحال کرنے کی پوری صلاحیت رکھتی ہے۔ 
  دریں اثناء اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو کے دفتر نے اعلان کیا ہے کہ مذاکراتی وفدجمعہ کو بات چیت کیلئے قطر کے دار الحکومت دوحہ روانہ ہو گا۔ اس سے قبل غزہ میں جنگ بندی اور قیدیوں کے تبادلے سے متعلق مذاکرات بحال کرنے کا اعلان کیا گیا تھا۔ آئندہ دنوں میں مصرکے دار الحکومت قاہرہ میں ایک اجلاس ہو گا جہاں سمجھوتے کو حتمی شکل دی جائے گی۔ ذرائع نے جمعرات کو انکشاف کیا تھا کہ سمجھوتے کے پہلے مرحلے میں ترامیم کی گئی ہیں۔ پہلے مرحلے میں عمر رسیدہ اور مریض قیدیوں کے ساتھ متعدد اسرائیلی فوجیوں کو آزاد کیا جائے گا تا کہ معاہدے کی راہ ہموار ہو۔ 
 قبل ازیں ثالثوں (امریکہ، مصر اور قطر) نے حماس اور اسرائیل سے مطالبہ کیا تھا کہ وہ نئی تجاویز پیش نہ کریں اور اپنے سابقہ مطالبات پر اکتفا کریں تا کہ مذاکرات کامیاب ہو سکیں ساتھ ہی یہ تجویز پیش کی ہے کہ اختلافی نکات اور ان کے حل پر عمل کو قیدیوں کے سمجھوتے کے پہلے مرحلے پر عمل درآمد کے بعد تک موخر کیا جائے۔ ذرائع کے مطابق حماس نے ۱۰؍ دن کی مہلت طلب کی ہے تاکہ وہ زندہ یرغمالوں کی تفصیلی فہرست تیار کر سکے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK