Inquilab Logo Happiest Places to Work
Ramzan 2025 Ramzan 2025

غزہ : ملبے کے ڈھیر پر افطار کے دسترخوان

Updated: March 03, 2025, 2:17 PM IST | Agency | Gaza

جنگ زدہ علاقے میں دوبارہ خوشیاں لانے کی کوشش ، اسرائیلی جارحیت کے تمام آثار کو نظر انداز کرتےہوئےافطار اور سحری کا اہتمام۔

This is how Palestinians broke their fast on the occasion of the first Ramadan in Rafah. Photo: AP/PTI
رفح میں پہلے رمضان کے موقع پر فلسطینیوں نے کچھ اس طرح روزہ افطار کیا۔ تصویر:اے پی / پی ٹی آئی

غزہ  کےباشندے اپنی تکلیفوں اور مشکلات کو بھول کر اجتماعی طور پر افطار کے دسترخوان سجا رہےہیں۔ سنیچر کو غزہ میں عمارتوں کے ملبے  ہٹا کر ان کے درمیان افطار کاطویل دسترخوان سجایاگیا۔  دونوں طرف اسرائیلی حملے کے نتیجے میں تبا ہ شدہ عمارتوں کے ملبے  تھے۔ ان کے درمیان  سرخ پلاسٹک سے ڈھکی میزیں دور دور تک نظر آرہی تھیں۔ سنیچر کو ان پر غزہ کے باشندے افطار کرنے کیلئے جمع تھے۔  غزہ کے اس حصے میں  جنگ کی وجہ سے چند عمارتیں ہی محفوظ ہیں۔ اکثر عمارتیں  ملبے کا ڈھیر بن گئی ہیں۔ 
یہاں اجتماعی افطار کا انتظا م کرنے والے ملک فدا  کہتےہیں ، ’’لوگ شدید غمزدہ ہیں اور ہمارے آس پاس کی ہر چیز دل دکھانے والی محسوس ہوتی ہے، لہٰذا ہم نے اس علاقے میں خوشی دوبارہ  لانے کا فیصلہ کیا، جیسا کہ یہ جنگ سے پہلے تھا۔‘‘
 غزہ میں ماہ مقدس ایسے وقت میں آیا ہے کہ فلسطین کی مزاحمتی تنظیم حماس اور اسرائیل کے درمیان جنگ بندی کا پہلا دور مکمل ہوچکا ہے  لیکن اب بھی کچھ مقامات پراسرائیل کی جانب سے حملے کئے جارہے ہیں۔البتہ گزشتہ۱۵؍ ماہ تک جاری رہنے والی تباہ کن جنگ کے نتیجے میں غزہ پٹی میں بسنے والوں کو پہلی بار کسی حد تک پر امن ماحول میں ماہ صیام کے دن گزارنے کا موقع مل رہا ہے جس کے لئے انہوں نے بھرپور تیاری بھی کی۔رپورٹ کے مطابق فلسطینی عوام کی جانب سے غزہ میں پہلی سحری کا زبردست اہتمام کیا گیا، بڑی سی میز پر سیکڑوں فلسطینیوں نے مل کر سحری کی جبکہ مسجد اقصیٰ میں پہلی تراویح بھی ادا کی گئی۔ فلسطینیوں نے اپنے ٹوٹے ہوئے گھروں اور بوسیدہ کیمپوں میں رمضان کی آمد پر چراغاں کیا اور اپنے گھروں کو خوب سجایا۔غزہ  پٹی کے رفح کے علاقے میں فلسطینیوں نے اسرائیلی جارحیت کے تمام آثار کو نظرانداز کرتے ہوئے جنگ سے ہونے والی تباہی اور ملبے کے درمیان اپنا پہلا  اور دوسرا روزہ  اجتماعی طور پر افطار کیا۔
اسی دوران اسرائیل جنگ بند ی کے پہلے مرحلے میں توسیع پر اصرار کررہا ہے، حالانکہ حماس جنگ بند ی معاہدے کے دوسرے مرحلے کے آغاز پر زور دے رہا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK