• Sat, 18 January, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo

غزہ :۱۵؍ ماہ میں اسرائیل نے ۸۵؍ ہزار ٹن بارود برسایا، ۴۷؍ہزارفلسطینی شہید، ایک لاکھ زخمی

Updated: January 17, 2025, 1:39 PM IST | Agency | Gaza/London

جنگ بندی کے اعلان کے درمیان بھی اسرائیل کے حملے جاری رہے، غزہ کے مختلف علاقوں میں بمباری سے مزید۴۰؍ فلسطینی شہید، متعدد زخمی۔

Picture: INN
تصویر: آئی این این

غزہ پر اسرائیلی فورسز کے حملوں میں مزید۴۰؍ فلسطینی شہید ہوگئے، اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ بندی پر عمل درآمد اتوار سے شروع ہوگا۔ الجزیرہ کے مطابق اسرائیلی افواج غزہ کی پٹی میں اپنے حملوں کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں، جس کے نتیجے میں معاہدے کے اعلان کے بعد سے علاقے میں کم از کم۴۰؍ فلسطینی شہید ہو چکے ہیں۔  فلسطین کے محکمہ شہری دفاع نے کہا ہے کہ اس کے عملے نے غزہ شہر کے مغرب میں رمل کے پڑوس میں خلیفہ خاندان کے گھر کے ملبے سے۵؍ لاشیں نکالی ہیں۔ اس حملے میں ۱۰؍ افراد زخمی بھی ہوئے ہیں، جو حالیہ گھنٹوں کے دوران غزہ شہر کو ہلا کر رکھ دینے والا تازہ ترین مہلک حملہ ہے۔ 
۱۵؍ماہ میں ۲۰؍لاکھ فلسطینیوں کے گھر اجڑگئے
  غزہ میں اسرائیل کی جانب سے۱۵؍ ماہ اور ایک ہفتے تک خون کی ہولی کھیلنے کا سلسلہ جاری رہا، اس دوران۸۵؍ ہزار ٹن بارود برسایا گیا۔ بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی فوج نے۴۷؍ہزار فلسطینیوں کی نسل کشی کی اس دوران لاکھ سے زائد افراد زخمی اور ہزاروں لاپتہ ہوئے۔ رپورٹس کے مطابق تباہ شدہ شہروں کی عمارتوں اور گھروں کے ملبے سے ہزاروں لاپتہ فلسطینیوں کی لاشیں ملنے کا اندیشہ ہے۔ اسرائیلی بربریت کے نتیجے میں تباہ ہونے والے غزہ سے ملبہ ہٹانے میں دس سال سے زائد کا وقت لگنے کا امکان ہے۔ نقل مکانی پر مجبور کیے گئے ۲۰؍ لاکھ فلسطینی اجڑے گھروں کو لوٹنے کے منتظر ہیں۔ 
اسرائیلی مظالم پر برطانوی حکومت سے جواب طلبی
 برطانوی رکن پارلیمان تن منجیت سنگھ ڈھیسی نے کہا ہے کہ غزہ میں اسرائیلی مظالم کے خلاف برطانوی حکومت نے اب تک کیا اقدامات کیے؟ جواب دیا جائے۔ سنگھ نے وقفہ سوالات دوران اپنی تقریر میں اسرائیلی مظالم کے حوالے سے غزہ کی تازہ ترین صورتحال بیان کی۔ انہوں نے کہا کہ ایندھن، صحت اور بنیادی سہولیات کی عدم فراہمی بے گناہ فلسطینیوں کی موت کا سبب بن رہی ہے، پناہ گاہیں بارش کے پانی سے بھر گئیں، وبائی امراض بھی تیزی سے پھیل رہے ہیں۔ 
 ان کا کہنا تھا کہ اس کے علاوہ بیرون ممالک سے آنے والی امداد کو عوام تک رسائی نہیں مل رہی، آج غزہ میں ایک بھی اسپتال کام نہیں کررہا۔ سنگھ نے سوال کیا کہ اسرائیلی مظالم روکنے کیلئے برطانوی حکومت کیا اقدامات کررہی ہے؟ فلسطین میں قتل عام کب بند کیا جائے گا؟
 ممبر پارلیمنٹ کے سوال کے جواب میں برطانوی وزیر مملکت خارجہ برائے جنوبی ایشیا اور مشرقی وسطی ہمیش فالکنر نے جواب دیا کہ برطانیہ حکومتی سطح پر اسرائیل سے اس مسئلہ پر بات چیت کررہا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ہماری پالیسی اسرائیل غزہ پر بالکل کلیئر ہے، ہم مستقل جنگ بندی کی کوشش جاری رکھیں گے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK