• Sun, 05 January, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo

غزہ : اسرائیلی بمباری میں پولیس سربراہ سمیت متعدد شہید، درجنوں زخمی

Updated: January 03, 2025, 2:18 PM IST | Agency | Gaza

اسرائیلی وزیردفاع نے دھمکی دی کہ حماس کے ذریعہ راکٹ داغنے کا سلسلہ جاری رہاتو اسرائیل غزہ پر اپنے حملے تیز کر دے گا۔

Local people taking a person injured in the attack to the hospital in al-Mawasi camp. Photo: INN
المواصی کیمپ میں حملے میں زخمی شخص کو اسپتال لے کر جاتے ہوئے مقامی افراد۔ تصویر: آئی این این

جنوبی غزہ کے المواصی کیمپ پر اسرائیلی بمباری سے شہید فلسطینیوں کی تعداد ۱۱؍ ہو گئی۔ عرب میڈیا کے مطابق المواصی کیمپ پر اسرائیلی بمباری سے غزہ پولیس چیف محمود صلاح اور ان کے معاون حسان مصطفیٰ بھی شہید ہو گئے۔ عرب میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ اسرائیلی بمباری سے شہید ہونے والے محمود صلاح غزہ پولیس فورس کے ڈائریکٹر جنرل تھے۔ عرب میڈیا کے مطابق اسرائیلی فوج نےالمواصی کیمپ میں محمود صلاح کے خیمےکو نشانہ بنایا جس میں وہ اور ان کے معاون شہید ہو گئے۔  خیال رہے کہ اسرائیل کی جانب سے غزہ پر فضائی بمباری کا سلسلہ تیز ہو چکا ہے اور اسرائیل تمام انسانی حقوق کے قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے اسپتالوں، اسکولوں اور مہاجرین کے کیمپ کو بربریت کا نشانہ بنا رہا ہے۔ چند روز قبل اسرائیلی فوج نے غزہ کی پٹی کے شمال میں واقع آخری فعال کمال عدوان اسپتال کو نشانہ بنایا اور اسپتال کے اہم حصوں کو آگ لگا کر جلا دیا جس کے باعث اسپتال غیر فعال ہو گیا۔ صیہونی فورسیز نے کمال عدوان اسپتال کے ڈائریکٹر حسام ابو صفیہ کو بھی حراست میں لیکر انہیں حراستی مرکز منتقل کر دیا ہے۔ اس حوالے سے اقوام متحدہ کا کہنا ہے کہ اسرائیل کی جانب سے غزہ میں اسپتالوں کو جان بوجھ کر نشانہ بنایا جا رہا ہے جو کہ نسل کشی کے زمرے میں آتا ہے۔ 
  اسرائیل کے وزیر دفاع یسرائیل کاٹز نے بدھ کے روز خبردار کیا ہے کہ اگر حماس نے اسرائیل پر راکٹ داغنے کا سلسلہ جاری رکھا تو اسرائیل غزہ پر اپنے حملے تیز کر دے گا۔ کاٹز نے اسرائیلی قصبے نیٹیووٹ، جسے حال ہی میں حماس نے نشانہ بنایا تھا، کا دورہ کرنے کے بعد ایک بیان میں کہا کہ میں یہاں سے غزہ کے لیڈران کو ایک واضح پیغام دینا چاہوں گا۔ جب تک حماس جلد ہی تمام اسرائیلی یرغمالیوں کی رہائی کی اجازت نہیں دیتی۔ اور اگر اس نے غزہ سے اسرائیل کی طرف راکٹ فائر کرنے کا سلسلہ جاری رکھا تو اس پر ایسے شدید حملے کیے جائیں گے جس کا مشاہدہ غزہ نے طویل عرصے سے نہیں کیا ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK