• Thu, 07 November, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

غزہ: اسرائیلی فوج کا کمال عدوان اسپتال پر پھر حملہ، خیموں پر بھی بمباری کی

Updated: November 06, 2024, 11:06 AM IST | Gaza

۳۵؍ سے زائد فلسطینی شہید۔ غزہ شہر میں  ڈرون حملہ۔ مغربی کنارے پر اسرائیلی آباد کاروں کے حملے جاری ہیں جہاں  متعدد فلسطینیوں  کے گھر اور گاڑیاں  جلادی گئیں۔

Palestinians are constantly having to leave their homes and change their place of residence. Photo: INN.
فلسطینیوں کواپنا گھربار چھوڑکر مسلسل اپنا ٹھکانہ بدلنا پڑرہا ہے۔ تصویر: آئی این این۔

غزہ میں گزشتہ۲۴؍گھنٹوں کے دوران اسرائیلی فوج کی بمباری سے مزید۳۷؍ فلسطینی شہید ہوگئے۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق اسرائیلی فوج کی جانب سے کمال عدوان اسپتال پر دوبارہ حملہ کیا گیا جب کہ شمالی غزہ میں اسرائیلی فوج کا محاصرہ جاری ہے اور فلسطینیوں کو وارننگ بھی جاری کردی گئی ہے۔ رپورٹس میں بتایا گیا ہےکہ اسرائیلی فوج نے غزہ سٹی میں ڈرون حملہ کرکے۲؍فلسطینی شہید کردیے جبکہ غزہ میں امدادی سرگرمیاں معطل ہیں۔ فلسطینی اتھاریٹی کے زیر انتظام مغربی کنارے پر اسرائیلی آباد کاروں کےحملے جاری ہیں جہاں متعدد فلسطینیوں کے گھراورگاڑیاں جلادی گئیں۔ علاوہ ازیں اسرائیلی فوج نے لبنان میں ایک ہی دن میں ۱۶؍ شہریوں کو شہید اور۹۰؍ کو زخمی کردیا۔ اسرائیلی علاقے بنیامن میں چیک پوسٹ پرحملہ کیا گیا جس کے نتیجے میں دو خواتین فوجی اہلکار زخمی ہوگئیں۔ 
القسام بریگیڈ کا اسرائیلی فوجیوں پر حملہ، ہلاکتوں کی اطلاع
حماس کے مسلح دستے عزالدین القسام بریگیڈز نے اعلان کیا ہے کہ غزہ پٹی کے شمال میں کیے گئے حملے میں اسرائیلی فوجی ہلاک اور زخمی ہوئے ہیں۔ جاری کردہ تحریری بیان میں بتایا گیا کہ غزہ پٹی کے شمال میں واقع جبالیہ پناہ گزین کیمپ میں ایک گھر میں چھپے اسرائیلی فوجیوں پر راکٹ حملہ کیا گیا۔ جبالیہ پناہ گزین کیمپ کے وسطی حصے میں واقع یمن السعید اسپتال کے قریب ہونے والے حملے میں اسرائیلی فوجی ہلاک یا زخمی ہوئے اور غزہ میں بھی اسرائیلی فوجیوں کو نشانہ بنایا گیا۔ اس بارے میں اسرائیلی فوج کی جانب سے ابھی تک کوئی بیان جاری نہیں کیا گیا۔ 
اسرائیل کا دمشق پرحملوں کا دعوی
اسرائیل نے دعوی کیا ہے کہ اس نے شام کے دارالحکومت دمشق پر فضائی حملہ کیا ہے۔ ’سانا ‘کی رپورٹ کے مطابق، پیر کو مقامی وقت کے مطابق شام۵:۶؍ بجے اسرائیل نے دمشق کے جنوب میں کئی مقامات کو فضائی حملوں کا نشانہ بنایا۔ خبر میں کہا گیا کہ ہماری فضائی دفاعی نظام نے گولان کی پہاڑیوں کی جانب سے آنے والے دشمن کے زیادہ تر میزائلوں کو مار گرایا۔ اس حملے میں صرف ما لی نقصان ہوا ہے۔ واضح رہے کہ اسرائیل۲۰۱۱ء میں خانہ جنگی کے آغاز سے ہی شام میں وقتاً فوقتاً ایرانی نواز گروپوں اور شامی فوج کے فوجی ٹھکانوں پر حملے کرتا رہا ہے۔ 
اسرائیل نے جنگ بندی کی تمام تجاویزمسترد کر دی ہیں : میقاتی
لبنان کے وزیر اعظم نجیب میقاتی نے کہا ہے کہ اسرائیل نے جنگ بندی کی تمام تجاویز مسترد کر دی ہیں۔ وزیر اعظم کے دفتر کے مطابق، نجیب میقاتی نے بین الاقوامی برادری پر اسرائیل کو روکنے میں ناکامی پر تنقید کی۔ میقاتی نے کہا کہ اسرائیل نے جنگ بندی کی تمام تجاویز مسترد کر دیں، جنگی جرائم میں اضافہ کیا یہاں تک کہ تاریخی مقامات کو بھی نشانہ بنایا۔ میقاتی نے کہا کہ حکومت نے فوج کو۱۵۰۰؍نئے اہلکاروں سے مضبوط کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ وزارت صحت نے اسرائیلی فضائی حملوں کی وجہ سے صحت کے شعبے میں ہونے والی تباہی کی تفصیلی رپورٹ سلامتی کونسل کے پانچ مستقل اراکین اور یورپی یونین کے ممالک کے سفیروں کو پیش کی۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK