غزہ میں انسانی امداد پہنچانے والے ٹرکوں کی حفاظت کرنے والے ۸؍ افراد کو بھی اسرائیلی فوج نے ہلاک کردیا۔
EPAPER
Updated: December 13, 2024, 12:03 PM IST | Agency | Gaza
غزہ میں انسانی امداد پہنچانے والے ٹرکوں کی حفاظت کرنے والے ۸؍ افراد کو بھی اسرائیلی فوج نے ہلاک کردیا۔
غزہ میں اسرائیل کی وحشیانہ بمباری کا سلسلہ بدھ اور جمعرات کو بھی شدید رہا۔ بیت لاہیہ میں ایک ہی خاندان کے۲۲؍ فلسطینی شہید ہوگئے ہیں۔ جبکہ متعدد زخمی ہیں۔ عرب میڈیا کے مطابق اسرائیلی فوج نے بیت لاہیامیں وحشیانہ بمباری کی جس میں شہید ہونے والوں میں بچے اور خواتین بھی شامل ہیں، اکتوبر ۲۰۲۳ء سے جاری اسرائیلی حملوں میں اب تک شہید فلسطینیوں کی تعداد۴۴؍ ہزار۸۰۵؍ تک جا پہنچی ہے۔ فلسطینی وزارت صحت کے مطابق ۷؍اکتوبر سے اب تک مغربی کنارے میں ۷۹۶؍ فلسطینیوں کو یہودی آباد کاروں نے شہید کیا۔
اسرائیل کی فوج نے غزہ میں جاری اپنی جنگ کے ۱۵؍ویں مہینے کے آغاز میں اب تک ۴۴؍ہزار ۸۳۵؍ فلسطینیوں کو شہید کیا ہے، جبکہ یہ سلسلہ مسلسل ۷؍ اکتوبر ۲۰۲۳ء سے جاری ہے۔ اس میں اسرائیلی فوج اپنی فضائیہ کے ذریعہ بمباری کے علاوہ ڈرون حملے کر رہی ہے اور ٹینکوں سے گولہ باری جاری ہے، جبکہ اسرائیلی ماہر اسنائپر بھی تاک تاک کر نشانے لے رہے ہیں۔ غزہ میں وزارت صحت نے جاری کردہ اعدادوشمار میں بتایا ہے کہ ۲۴؍ گھنٹوں کے دوران کم از کم۳۰؍ فلسطینیوں کو مزید شہید کیا گیا ہےجبکہ ۹۹؍زخمی ہوئے ہیں۔ زخمی فلسطینیوں کی تعدادایک لاکھ ۶؍ہزار ۳۵۶؍ ہوگئی ہے۔ وزارت کے مطابق فلسطینی شہداء میں تقریباً ۷۰؍ فیصد کے قریب فلسطینی بچے اور خواتین شامل ہیں۔
دوسری جانب غزہ میں انسانی امداد پہنچانے والے ٹرکوں کی حفاظت کرنے والے فلسطینیوں کے گروپس پر دو اسرائیلی فضائی حملوں میں ۸؍ افراد ہلاک اور ۳۰؍ دیگر زخمی ہو گئے۔ رائٹر نے ڈاکٹروں کے حوالے سے یہ معلومات دی۔ رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ پہلا حملہ رفح شہر کے مغربی علاقے انکلیو کے جنوب میں اور دوسرا خان یونس شہر میں ہوا۔ اس میں کہا گیا ہے کہ ڈاکٹروں نے ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔