جنوبی غزہ کے خان یونس میں بھی اسرائیلی ڈرون نے ایک موٹر سائیکل کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک اور دوسرا زخمی ہوگیا۔ رفح کے شمال میں ایک کار پر فضائی حملے کے بعد چار لاشیں برآمد کی گئی ہیں۔
EPAPER
Updated: January 15, 2025, 2:12 PM IST | Agency | Gaza
جنوبی غزہ کے خان یونس میں بھی اسرائیلی ڈرون نے ایک موٹر سائیکل کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک اور دوسرا زخمی ہوگیا۔ رفح کے شمال میں ایک کار پر فضائی حملے کے بعد چار لاشیں برآمد کی گئی ہیں۔
غزہ کی پٹی پر اسرائیل کے فضائی حملوں میں ۴۵؍فلسطینی شہید جبکہ درجنوں زخمی ہوگئے۔ غزہ شہری دفاع کے ترجمان محمود بسل نے منگل کے روز بتایا کہ ایک اسرائیلی جنگی طیارے نے غزہ شہر کے مشرق میں واقع صلاح الدین اسکول پر حملہ کیا جس کے نتیجے میں ۵؍افراد شہید اور متعدد زخمی ہوگئے۔ انہوں نے کہا کہ شہر میں اجتماعات کو نشانہ بنانے والے بم دھماکوں میں بچوں سمیت ۳۰؍دیگر افراد شہید ہوئے۔ ترجمان نے بتایا کہ اسرائیلی جنگی طیاروں نے شمالی غزہ کے علاقے جبالیہ میں دو عبادت گاہوں پر بھی حملہ کیا جس کے نتیجے میں ۵؍افراد شہید اور ۱۰؍زخمی ہوگئے جن میں سے بعض کی حالت تشویشناک ہے۔ اس کے علاوہ جنوبی غزہ کے خان یونس میں بھی اسرائیلی ڈرون نے ایک موٹر سائیکل کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک اور دوسرا زخمی ہوگیا۔ ترجمان نے کہا کہ جنوبی غزہ میں رفح کے شمال میں ایک شہری کار پر فضائی حملے کے بعد سول ڈیفنس ٹیموں نے چار لاشیں برآمد کیں۔
غزہ کےبیت حنون میں اسرائیلی فوج کے کیپٹن سمیت ۵؍اہلکار ہلاک اور دیگر ۱۰؍زخمی ہوگئے۔ عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق اسرائیلی فوج نے بتایا کہ ابتدائی تحقیقات سے پتہ چلا کہ دھماکہ اس وقت ہوا جب فوجی اہلکار ایک عمارت میں ’انجینئرنگ‘ کی سرگرمیوں کی تیاری کر رہے تھے۔ تاہم عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ عمارت میں بارودی مواد نصب کرنے کے دوران دھماکہ ہوگیا۔ خیال ظاہر کیا جا رہا ہے کہ اسرائیلی فوج اس عمارت کو دھماکے سے اُڑانے کیلئے بارودی مواد نصب کر رہی تھی یا یہ بھی ممکن ہے کہ مواد حماس نے ہی ’ہنی ٹریپ‘ کیلئے نصب کیاہو۔ اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ دھماکے کی حتمی وجہ کے تعین کیلئے انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی گئی۔ دھماکہ اتنی شدید نوعیت کا تھا کہ عمارت منہدم ہوگئی جس کے ملبے میں درجن سے زائد اہلکار دب گئے۔ اب تک ۵؍لاشیں اور ۱۰؍زخمیوں کو نکالا جا چکا ہے۔ مہلوک فوجیوں میں کیپٹن یائر یاکوف سوشن، اسٹاف سارجنٹ یہو حدر، اسٹاف سارجنٹ یوو فیفر، اسٹاف سارجنٹ گائے کرمیل اور اسٹاف سارجنٹ ایئول وائزمین شامل ہیں۔ ہلاک اور زخمی ہونے والے اہلکاروں کی عمریں ۱۹؍سال سے ۲۸؍سال کے درمیان ہیں اور ان کا تعلق نہال بریگیڈ سے تھا۔ ۳؍زخمیوں کی حالت تشویشناک ہونے کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔ اسرائیلی فوج کے بیان میں کہا گیا ہے کہ غزہ میں ۱۵؍ماہ سے جاری جنگ میں ہلاک ہونے والے فوجیوں کی تعداد ۴۰۷؍ہوگئی جبکہ مجموعی تعداد ۸۰۰؍سے زائد ہے۔