• Wed, 25 December, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

غزہ : اگست سے اب تک ۲۱؍ سے زائد اسکولوں پر حملہ: رائٹس گروپ

Updated: September 22, 2024, 3:07 PM IST | Inquilab News Network | Gaza

یورو میڈیٹیرینین ہیومن رائٹس مانیٹر نے کہا ہے کہ اسرائیل نے اگست سے اب تک غزہ میں ۲۱؍ سے زائد اسکولوں پر حملہ کیا ہے جہاں بے گھر فلسطینیوں نے پناہ لی ہوئی تھی۔ ادارے نے تمام ممالک سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فلسطینی خطے میں اسرائیل کی نسل کشی کی کارروائیوں کو ختم کرنے کیلئے اپنی ذمہ داریاں نبھائے۔

Condition of school can be seen after israel strike. Photo: X
غزہ میں حملے کے بعد اسکول کی حالت دیکھی جاسکتی ہے- تصویر: ایکس

یورو میڈیٹیرینین ہیومن رائٹس مانیٹر رائٹس گروپ نے کہا ہے کہ اگست سے اب تک اسرائیل نے غزہ میں ۲۱؍ اسکولوں پر حملہ کیا ہے جس کے سبب ۲۶۷؍ فلسطینی ہلاک جبکہ سیکڑوں زخمی ہوئے ہیں۔ ان اسکولوں پر بے گھر فلسطینیوں نے پناہ لی ہوئی تھی۔ سنیچر کو غزہ سٹی کی ایک اسکول پر اسرائیل کے حملے کے نتیجے میں تقریبا ۲۲؍ افراد ہلاک ہوئے تھے جن میں ۱۳؍ بچے بھی شامل تھے۔ جنیوا  پر مبنی ادارے نے کہا ہے کہ یہ غزہ میں اسرائیل کے جنگی جرائم میں سے ایک ہے۔ ادارے نے غزہ میں ان اسکولوں پر اسرائیل کے حملے کو، جہاں بے گھر فلسطینیوں نے پناہ لی ہوئی ہے،  امتیاز، فوجی ضرورت اور تناسب کے اصولوں کی کھلم کھلا خلاف ورزی قرار دیا ہے۔ ہیومن رائٹس گروپ نے غزہ کے اسکولوں اور شیلٹرز پر حملے کیلئے اسرائیل کے جواز کی بھی مذمت کی ہے۔ خیال رہے کہ اسرائیل نے متعدد مرتبہ دعوی کیا ہے کہ غزہ کی جن اسکولوں پر حملے کئے گئے ہیں وہاں حماس  کے جنگجو تھے جبکہ حماس اور فلسطینیوں نے اسرائیل کے اس دعوی کو مسترد کیا ہے۔ رائٹس گروپ نے کہا ہے کہ اسرائیل کے دعوؤں کو درست ٹھہرانے کیلئے کوئی ثبوت پیش نہیں کئے ہیں۔ ادارے نے تمام ممالک سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ غزہ میں اسرائیل کے نسل کشی کے جرائم کو روکنے،  فلسطینیوں کی حفاظت، اس بات کی یقین دہانی کیلئے کہ اسرائیل بین الاقوامی قوانین اور عالمی عدالت کے فیصلوں کی پاسداری، اسرائیل پر پابندیاں عائد کرنے اور اسرائیل کو فراہم کی جانے والی معاشی، سیاسی اور فوجی امداد کو روکنے کیلئے اپنی ذمہ داریوں کو پورا کریں۔ واضح رہے کہ جنگ کے دوران اسرائیل عوامی سہولیات، جیسے اسکولوں، اسپتالوں، عبادتگاہوں کو بڑے پیمانے پر نشانہ بنا رہا ہے۔ اسرائیل کے غزہ کے اسکولوں پر حملہ کرنے کے سبب ۶؍ لاکھ سے زائد فلسطینی بچے تعلیم سے محروم ہوچکے ہیں۔ جنگ کے دوران اسکولوں، عبادتگاہوں اور اسپتالوں کو نشانہ بنانا جنگی جرائم کے زمرے میں شمار کیا جاتا ہے۔ اسرائیلی جارحیت کے سبب ۴۱؍ ہزار سے زائد فلسطینی اپنی جانیں گنوا چکے ہیں جبکہ ۹۴؍ ہزار زخمی ہوچکے ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK