• Sat, 04 January, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo

غزہ: بارش سےپناہ گزیں کیمپ کاحال ابتر،ہر طرف پانی

Updated: January 01, 2025, 12:17 PM IST | Agency | Gaza

المناک حالات میں رہنے والے فلسطینی پناہ گزینوں کے مصائب میں مزید اضافہ۔ ٹھنڈ کا زور بڑھنے سےایک شخص کی موت۔

A father sits with his children under a tent during the rain in a refugee camp in Gaza. Photo: INN
غزہ کے پناہ گزیں کیمپ میں بارش کے دوران ایک باپ اپنے بچوں کے ساتھ خیمے تلے بیٹھا ہے۔ تصویر: آئی این این

اسرائیلی فوج کی جانب سے غزہ پر مسلسل حملوں کا سلسلہ جاری ہے۔ پناہ گزین علاقوں، اسپتالوں پر بمباری سے گزشتہ ۲۴؍گھنٹوں میں ۴۰؍سے زیادہ فلسطینی شہید ہوگئے۔ ادھر حماس کی جانب سے بھی جوابی حملہ بھرپور انداز میں جاری ہیں، شمالی غزہ میں ۵؍اسرائیلی فوجیوں کی ہلاکت کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔ 
دوسری جانب غزہ میں خون جماتی سردی میں شدید بارش کے باعث کھلے آسمان تلے خیموں میں ٹھنڈ سے ۶؍بچوں سمیت ۷؍ فلسطینی کی موت ہوچکی ہے۔ اس کے علاوہ خیموں میں پانی بھر گیاجبکہ اب غزہ میں مزید بارشوں کا امکان ہے۔ عالمی ادارہ صحت نے اسرائیل سے اسپتالوں پر حملے بند کرنے اور کمال عدوان اسپتال کے ڈائریکٹر ابو صفیہ اور عملے کی رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔ غزہ پٹی کے مختلف علاقوں میں بے گھر ہونے والے کیمپوں میں سیکڑوں خیمے گزشتہ رات اور منگل کی صبح موسلادھار بارشوں کے باعث زیر آب آگئے۔ اس بارش نے قابض اسرائیل کی مسلسل بمباری ہونے والی تباہی کے دوران المناک حالات میں رہنے والے خاندانوں کے مصائب میں اضافہ کردیا۔ بے گھر ہونے والے لوگوں نے بتایا کہ گزشتہ دو دنوں کے دوران پٹی میں آنے والی تیز ہواؤں سے ان کے خیمے اُکھڑ گئے اور انہیں بغیر کسی تحفظ کے شدید سردی کا سامنا کرنا پڑا۔ خاص طور پر غزہ کی پٹی کے جنوب میں واقع دیر البلح اور مواسی خان یونس کے علاقوں میں بے گھر ہونے والے لوگوں نے اپنے خیموں کے اندر ایک سخت رات گزاری، جو بارش کے پانی میں ڈوب گئے اور خیموں کو ہوا نے اڑا دیا۔ دریں اثنا سول ڈیفنس سروس نے بے گھر لوگوں کی طرف سے سیکڑوں تکلیف دہ کالیں موصول ہونے کی اطلاع دی ہے جن کے خیمے اور پناہ گاہیں بارش کے پانی سے بھری ہوئی ہیں۔ وہ اپنے بچوں کو بچانے کی التجا کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا عملہ صرف شہریوں کو وہاں سے نکال سکتا ہے جہاں سے ان کے خیمے اور تباہ شدہ مکانات سیلاب میں ڈوب گئے ہیں جو کہ زیادہ تر پناہ کے لیے موزوں نہیں ہیں۔ 
اسرائیلی جیل میں  قید۵؍فلسطینیوں کی موت 
 حماس نے کہا ہے کہ گزشتہ گھنٹوں کے دوران قابض اسرائیلی جیلوں میں پانچ فلسطینی قیدیوں کی شہادت کے واقعات نے قابض دشمن کے انتہائی سفاکانہ اور مکروہ چہرے کو بے نقاب کردیا ہے۔ حماس نے کہا کہ فلسطینی قیدیوں کا قتل عام عالمی بے حسی، انسانی اقدار اور بین الاقوامی قوانین کو نظرانداز کیےجانے کا نتیجہ ہے۔ حماس نے قابض اسرائیل کو فلسطینی قیدیوں کے خلاف بڑھتے ہوئے جرائم کے لیے جوابدہ ٹھہرانے کا مطالبہ کیا۔ 

کمال عدوان اسپتال کے ڈائریکٹر کو رہا کرائیں، سی اے آئی آر کا بائیڈن سے مطالبہ
کونسل آن امریکن اسلامک ریلیشنزنے امریکی صدر سے غزہ کے کمال عدوان اسپتال کے ڈائریکٹر کی رہائی کا مطالبہ کر دیا۔میڈیا رپورٹ کے مطابق امریکہ میں مسلمانوں کی وکالت کرنے والی سرکردہ تنظیم کونسل آن امریکن اسلامک ریلیشنز (سی اے آئی آر) نے امریکی صدر جو بائیڈن سے مطالبہ کیا کہ وہ غزہ کے کمال عدوان اسپتال کے ڈائریکٹر ڈاکٹر حسام ابو صفیہ کی رہائی کا مطالبہ کریں جنہیں اسرائیلی فوج نے اغوا کیا تھا، یہ اسپتال شمالی غزہ میں کام کرنے والی آخری طبی سہولت تھی اور جمعہ کو اسرائیلی بمباری نے اسے معطل کر دیا۔ رپورٹ کے مطابق سی اے آئی آر کے نیشنل ایگزیکٹو ڈائریکٹر نہاد عواد نے کہاکہ ان تمام ضمیر والوں کو غزہ میں اسرائیل کی جانب سے طبی عملے، مریضوں اور اسپتالوں پر جاری نسل کشی کی مذمت کرنی چاہیے ۔

 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK