سیکوریٹی کے خدشے اور سپلائی کی کمی کے باعث اقوام متحدہ نے رفح میں خوراک کی تقسیم معطل کر دی۔ جنین میں خاتون لیڈر گرفتار۔
EPAPER
Updated: May 23, 2024, 10:47 AM IST | Gaza
سیکوریٹی کے خدشے اور سپلائی کی کمی کے باعث اقوام متحدہ نے رفح میں خوراک کی تقسیم معطل کر دی۔ جنین میں خاتون لیڈر گرفتار۔
اسرائیلی فورسیز نے غزہ کے جبالیہ پناہ گزین کیمپ میں گھس کر ایک اسپتال پر توپ خانے اور اِسنائپر فائر سے حملہ کیا اور رہائشی علاقوں کو ٹینک اور فضائی بمباری سے تباہ کر دیا۔ ’الجزیرہ‘ کے مطابق صیہونی فوجیوں نے نصیرت پناہ گزین سمیت مختلف علاقوں میں بمباری کرکے مزید۱۶؍ فلسطینی شہید کردیے۔ ۲۴؍ گھنٹے میں ۸۵؍ فلسطینی شہید ہوگئے جبکہ ۲۰۰؍سے زائد افراد زخمی ہیں۔ اسرائیلی اسنائپر نے جبالیہ میں اسپتالوں پر ایک بار پھر براہ راست فائرنگ شروع کردی۔
دوسری جانب اقوام متحدہ کے ورلڈ فوڈ پروگرام نے فوری امداد نہ ملنے پر مکمل قحط سالی سے خبردار کردیا۔ اقوام متحدہ دفتر انسانی ہمدردی کے مطابق غزہ کی۴۰؍ فیصد آبادی کو گزشتہ۲؍ ہفتوں میں زبردستی بے گھر کیا گیا، ۹؍ لاکھ فلسطینی بے یارو مددگار کھلے آسمان تلے زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔ اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق فلسطینی پناہ گزینوں کے لیے اقوام متحدہ کے ادارے نے کہا کہ اس نے رفح میں سپلائی کے مسائل اور عدم تحفظ کی وجہ سے خوراک کی تقسیم معطل کر دی ہے۔ ۷؍اکتوبر سے غزہ پر اسرائیلی حملوں میں کم از کم ۳۵؍ ہزار۶۴۷؍ افراد شہید اور۷۹؍ ہزار ۸۵۲؍ زخمی ہوچکے ہیں۔ اسکے علاوہ ایک بیان کے مطابق عالمی ادارہ صحت اور جاپان کی حکومت نے غزہ میں ہنگامی صحت کے حالات کو بہتر بنانے کے لیے ایک کروڑ ڈالرز کے معاہدے پر دستخط کیے ہیں۔ عالمی ادارہ صحت نے کہا کہ غزہ کے صرف ۳۰؍ فیصد اسپتال جزوی طور پر کام کر رہے ہیں اور جاپان سے ملنے والی فنڈنگ ضروری ادویات، طبی آلات اور سامان کی فراہمی کے ذریعے صحت کی سہولیات کو برقرار رکھنے میں اہم کردار ادا کرے گی۔ منگل کی شام اسرائیلی قابض حکام نے قانون ساز کونسل کے انتخابات کی امیدوار وفا جرار کو جنین شہر کے المراح محلے میں ان کے گھر پر چھاپہ مار کر گرفتار کر لیا۔ سابق اسیر رہنما وفا جرار کی بیٹی زیتونہ جرار نے بتایا کہ قابض فوج نے ان کی والدہ کو گھر پر دھاوا بول کرحراست میں لیا۔ اسرائیلی فوج نے گھر میں تلاشی کی آڑمیں گھرمیں توڑپھوڑ اور لوٹ مار کی۔