• Thu, 19 September, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

غزہ جنگ: تل ابیب کیلئے ایئرانڈیا، آئی ٹی اے اور لفتھانسا کی پروازیں منسوخ

Updated: August 02, 2024, 10:12 PM IST | Mumbai

ہندوستانی ایئر لائن کمپنی ایئر انڈیا کے ساتھ ہی اٹلی کی آئی ٹی اے اور جرمنی کی لفتسھانسا نے تل ابیب (اسرائیل) کیلئے اپنی پروازیں منسوخ  کردی ہیں۔ فلائی دبئی نے بیروت کیلئے اپنی پروازیں محدود کردی ہیں۔ پروازوں کی معطلی بالترتیب ۸؍ اگست اور ۶؍ اگست ۲۰۲۴ء تک برقرار رہیں گی۔

Photo: INN
تصویر: آئی این این

مشرق وسطیٰ میں بڑھتے تناؤ کے پیش نظر ہندوستانی ایئر لائن کمپنی ایئر انڈیا نے تل ابیب ،اسرائیل کیلئے اپنی تمام پروازیں ۸؍ اگست ۲۰۲۴ء تک معطل کردی ہیں۔ اسی طرح اٹلی کی آئی ٹی اے اور جرمنی کی لفتھانسا نے بھی تل ابیب کیلئے اپنی پروازیں بالترتیب ۶؍ اگست اور ۸؍ اگست ۲۰۲۴ء تک منسوخ کردی ہیں۔تینوں ہی کمپنیوں نے اپنے مسافروں اور عملے کی حفاظت کو یقینی بنانے کیلئے یہ اقدام کیا ہے۔ 

لفتھانسا کے ترجمان نے کہا ہے کہ اس نے لبنان نے دارالحکومت بیروت کی بھی تمام پروازیں ۱۲؍ اگست ۲۰۲۴ء تک روک دی ہیں۔ واضح رہے کہ اسرائیل کے زیر قبضہ گولان کی پہاڑیوں میں سنیچر کو ہوئے حملوں میں ۱۲؍ بچوں اور نوعمروں کی ہلاکت کے بعد سے خطرہ پیدا ہوگیا ہے کہ اسرائیل لبنان پر حملہ کرے گا۔ اس کے پیش نظر کمپنیاں ان حساس علاقوں کیلئے پروازیں منسوخ کررہی ہیں۔ اسرائیل کا دعویٰ ہے کہ یہ حملے حزب اللہ نے کئے ہیں جبکہ حزب اللہ نے اس الزام کی تردید کی ہے۔

یاد رہے کہ دبئی کی ایئر لائن کمپنی فلائی دبئی نے منگل کو اعلان کیا تھا کہ اس نے اسرائیل اور حزب اللہ کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے پیش نظر بیروت، لبنان کیلئے اپنی پروازوں میں ردوبدل کررہا ہے۔ فلائی دبئی کے ترجمان نے خلیج ٹائمز کو بتایا ہے کہ ’’فلائی دبئی، بیروت ایئرپورٹ کیلئے ۲؍ اگست تک یومیہ دو پروازیں روانہ کرے گا۔‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK