• Fri, 18 October, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

غزہ میں ایک اور اسکول پر حملہ،۲۸؍فلسطینی جاں بحق

Updated: October 18, 2024, 11:17 AM IST | Agency | Gaza/Beirut

لبنان میں بھی کئی علاقوں میں بمباری کی گئی ۔ اسرائیلی میڈیا نے دعویٰ کیا کہ جبالیہ میں ہونیوالے حملے میں یحییٰ سنوار شہید ہوگئے ہیں۔

Volunteers search for people buried in the rubble of a building destroyed by an Israeli attack in the village of Qana, Lebanon. Photo: INN
لبنان کے قانا گاؤں میں اسرائیلی حملے میں تباہ ہونیوالی عمارت کے ملبے میں دبے افراد کو تلاش کرتے ہوئے رضاکار۔ تصویر : آئی این این

اسرائیلی فوج نے جمعرات کو بھی غزہ اور لبنان کے کئی علاقوں میں بمباری کی ہے۔ جن میں  متعدد افراد جاں  بحق اور درجنوں افراد زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔ ایک سینئر اسرائیلی اہلکار نے یہ بھی دعویٰ کیا ہے کہ حالیہ بمباری میں  حماس کے سربراہ یحییٰ سنوار کی موت ہوگئی ہے۔ تاہم حماس کی جانب سے اس پر کوئی بیان جاری نہیں  کیا گیا ہے۔ 
الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق جمعرات کو اسرائیلی فوج نے غزہ میں ایک اسکول پر بمباری کی جس میں ۲۸؍ سے زائد افراد جاں  بحق ہوئے ہیں۔ جبکہ درجنوں  افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔ رپورٹ کے مطابق اسرائیلی فوج نے مغازی میں  بھی ایک پناہ گزیں  کیمپ پر حملہ کیا ہے جس میں  ۹؍افراد جاں  بحق ہوئے ہیں۔ 
یحییٰ سنوار کے متعلق اسرائیلی اہلکارنے کیا دعویٰ کیا
 اسرائیلی فوج کے سینئر اہلکار نے کہا ہے کہ غزہ میں حالیہ بمباری میں حماس کے سربراہ یحییٰ السنوار کی ہلاکت کا قوی امکان ہے جس کی ہم تحقیقات کررہے ہیں۔ اسرائیلی میڈیا کے مطابق اسرائیل کے سینئر فوجی حکام نے بتایا کہ اس بات کی جانچ کر رہے ہیں کہ آیا حال ہی میں غزہ کے علاقے جبالیہ میں ایک عمارت پر بمباری میں ہلاک ہونے والے۳؍ کمانڈرز میں سے ایک یحییٰ السنوار ہوسکتے ہیں۔ جس عمارت میں حماس کے ان۳؍ اہم کمانڈرز کو قتل کیا وہاں سے اسرائیلی یرغمالی نہیں ملے۔ یاد رہے کہ ایک ماہ قبل بھی اسرائیلی میڈیا نے دعویٰ کیا تھا کہ یحییٰ السنوار شہید ہوگئے، جو غلط ثابت ہوا تھا۔ 
 الجزیرہ کی ایک دیگر رپورٹ کے مطابق جمعرات کو مشرقی اور جنوبی لبنان میں اسرائیلی فوج نے بمباری کی ہے۔ مشرقی لبنان میں  سرین، صفری اور تمنین پر بم برسائےگئے۔ جبکہ جنوبی لبنان میں  ساحلی شہر طیر کے الحوش علاقے پر بمباری کی گئی ہے۔ ان حملوں  کے متعلق اسرائیلی فوج نے کوئی بیان جاری نہیں کیا ہے۔ 
امریکی اور برطانوی طیاروں کا یمن پر حملہ
حوثیوں سے وابستہ المصیرہ ٹی وی کے مطابق، امریکہ اور برطانیہ کے اتحاد ی طیاروں نے دارالحکومت صنعاء کے شمال اور جنوب میں الخفا اور جربان جیسے علاقوں میں ۶؍ فضائی حملے کئے۔ یمن میں ایرانی نواز حوثی باغیوں نے اعلان کیا ہے کہ امریکہ اور برطانوی اتحاد کے طیاروں نے صنعاء اور صعدہ شہروں پر۱۵؍ فضائی حملے کیے ہیں اور ان حملوں  کا جواب دیا جائے گا۔ 
یورپی یونین، خلیجی ممالک نے جنگ بندی کا مطالبہ کیا
یورپی یونین اور خلیجی تعاون کونسل (جی سی سی) کے رکن ممالک کے سربراہان نے بدھ کے روز منظور شدہ مشترکہ اعلامیے کے ذریعہ غزہ کی پٹی اور لبنان میں جنگ بندی کا پر زور مطالبہ کیا ہے۔ یورپی یونین اور جی سی سی کے لیڈروں کے درمیان پہلی سر براہی ملاقات کے بعد جاری مشترکہ اعلامیہ میں کہا گیا کہ’’ہم سلامتی کونسل کی قرار داد نمبر یو این ایس سی آر۲۷۳۵؍کے مکمل نفاذ کا مطالبہ کرتے ہیں، جس میں فوری، مکمل اور پائیدار جنگ بندی، یرغمالیوں کی رہائی، فلسطینی قیدیوں کے تبادلے کے ساتھ ہی شہری آبادی تک فوری اور بلا روک ٹوک انسانی رسائی کا مطالبہ شامل ہے۔ غزہ کی پٹی میں ان تمام فلسطینی شہریوں کو انسانی بنیاد پر امداد فراہم کی جائے جنہیں اس کی ضرورت ہے۔ ‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK