رپورٹس کے مطابق، اسرائیل اور حماس کے درمیان قیدیوں کے تبادلے کے معاہدے سے متعلق ۹۰ فیصد تفصیلات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔
EPAPER
Updated: January 13, 2025, 6:46 PM IST | Inquilab News Network | Tel Aviv
رپورٹس کے مطابق، اسرائیل اور حماس کے درمیان قیدیوں کے تبادلے کے معاہدے سے متعلق ۹۰ فیصد تفصیلات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔
غزہ جنگ کے آغاز کو ۱۵ ماہ مکمل ہوچکے ہیں اور غزہ پٹی میں اسرائیل کی وحشیانہ جنگی کارروائیاں جاری ہیں۔ اس درمیان، ذرائع نے رپورٹ کیا کہ اسرائیل، غزہ سے اپنی فوج کو واپس بلانے کیلئے تیار ہوگیا ہے اور حکام نے غزہ سے فوج کے انخلا کے منصوبے کی منظوری دے دی ہے۔ سنیچر کو سامنے آئی میڈیا رپورٹس کے مطابق، حماس کے ساتھ قیدیوں کے تبادلہ کے مذاکرات میں اہم پیش رفت کے بعد اسرائیل نے غزہ پٹی سے اپنی فوجوں کے انخلاء پر رضامندی ظاہر کی ہے۔ اسرائیل کے قومی اخبار ہاریٹز کی رپورٹ کے مطابق، اسرائیلی فوج نے انخلاء کے متعدد منصوبوں کا خاکہ پیش کیا ہے۔ ایک منصوبہ میں نیٹزرم کوریڈور کا استعمال بھی کیاجائے گا۔ واضح رہے کہ نیٹزرم کوریڈور، اسرائیل سے بحیرہ روم تک پھیلی ۷ کلومیٹر چوڑی پٹی ہے جو غزہ پٹی کو درمیان سے دو حصوں میں تقسیم کرتی ہے۔ جنگ کے آغاز کے بعد اسرائیل نے اسے ملٹری زون میں تبدیل کردیا ہے۔
یہ بھی پڑھئے: جنگ بندی معاہدے کا مسودہ تیار ہے، اسرائیل کے جواب کا انتظارہے: حماس
اسرائیلی اخبار یدیعوت احرونوت نے متعدد رپورٹس میں سیاسی ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا کہ اسرائیل اور حماس کے درمیان قیدیوں کے تبادلے کے معاہدے سے متعلق ۹۰ فیصد تفصیلات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔ علاقے میں وسیع فوجی انفراسٹرکچر ہونے کے باوجود اسرائیلی فوج نے زور دیا کہ وہ فلسطینی مزاحمتی گروپ حماس کے ساتھ طے پانے والے کسی بھی معاہدے کو تیزی سے نافذ کرنے تیار ہے۔ اسرائیلی وزیراعظم بنجامن نیتن یاہو کے دفتر کے ایک بیان کے مطابق، موساد کے سربراہ ڈیوڈ بارنیا اور شن بیٹ کی داخلی سلامتی سروس کے سربراہ رونن بار کی قیادت میں ایک وفد مذاکرات جاری رکھنے کے لیے قطر کا سفر کرے گا۔ اس اعلان سے قبل، حال ہی میں یتن یاہو نے امریکی نو منتخب صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے مشرق وسطیٰ کے لئے نامزد خصوصی ایلچی اسٹیو وٹ کوف سے گفتگو کی۔