• Fri, 10 January, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo

اسرائیلی فوج کی غزہ پر بمباری، مزید۸۰؍ فلسطینی شہید

Updated: June 06, 2024, 11:24 AM IST | Gaza

رپورٹ کے مطابق مرنے والوں میں ۸؍ فلسطینی پولیس اہلکار بھی شامل ہیں۔ ان پولیس اہلکاروں کی دیر البلاح میں ان کی گاڑی پر اسرائیلی حملے میں موت ہوئی۔

The mother of a youth martyred in the attack wailing. Photo: PTI.
حملے میں شہید ایک نوجوان کی ماں آہ و زاری کرتے ہوئے۔ تصویر:پی ٹی آئی۔

اسرائیلی فوج کی غزہ پر بمباری کا سلسلہ تھم نہ سکا، صیہونی افواج کی وحشیانہ کارروائیوں میں مزید۸۰؍ فلسطینی شہید ہوگئے۔ اسرائیلی فضائی حملوں میں وسطی اور جنوبی غزہ میں ۱۵؍ سے زائد فلسطینی شہید ہوئے جن میں خواتین اور بچوں سمیت امدادی کارکنان اور پولیس اہلکار بھی شامل ہیں۔ ادھر خان یونس میں اسرائیلی حملوں سے۴؍ اسرائیلی یرغمالی بھی ہلاک ہوگئے۔ 
اسرائیلی افواج کی جانب سے وسطی غزہ کے علاقے دیر البلح کی بریج کیمپ پر چڑھائی کے دوران بھی متعدد فلسطینی شہید اور زخمی ہوئے جبکہ فضا سے بھی علاقے میں بمباری کا سلسلہ جاری رہا۔ دیرالبلاح اسپتال میں  درجنوں زخمیوں کو لایا گیا، جبکہ شدید زخمی ہونے والے کئی افراد اسپتال میں دوران علاج دم توڑگئے۔ اسرائیلی بمباری سے متاثر ہونے والا یہ اسپتال بھی ایندھن کی کمی اور سہولیات کے فقدان سے جوجھتے ہوئے کام کررہا ہے۔ یہاں  منگل کو اسرائیلی حملے میں جاں  بحق ہونے والوں  کی لاشیں کھلے احاطے میں رکھی گئیں کیونکہ مردہ خانوں میں اب جگہ نہیں  بچی ہے۔ غیرملکی خبررساں  ایجنسی کی رپورٹ سے حاصل کردہ تفصیلات کے مطابق وسطی غزہ میں منگل کو اسرائیلی فوج کے حملے میں کم از کم۳۸؍ فلسطینی شہید ہو گئے ہیں۔ الجزیرہ نے اپنی ایک رپورٹ میں یہ اطلاع دی ہے۔ رپورٹ کے مطابق مرنے والوں میں ۸؍ فلسطینی پولیس اہلکار بھی شامل ہیں۔ ان پولیس اہلکاروں کی دیر البلاح میں ان کی گاڑی پر اسرائیلی حملے میں موت ہوئی۔ اسرائیلی فوج نے منگل کے روز کہا کہ اس کی زمینی افواج وسطی غزہ پٹی کے علاقے بیورج میں آپریشن کر رہی ہیں جبکہ جنگی طیاروں نے حماس کے ٹھکانوں پر فضائی حملے کیے ہیں۔ 
دوسری جانب القدس بریگیڈز نے رفح میں اسرائیلی فوجیوں، ٹینکوں اور کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کو راکٹوں سے نشانہ بنایا۔ حماس کا کہنا تھا کہ اسرائیل کی جانب سے مستقل قیام امن اور غزہ سے مکمل انخلا کی یقین دہانی کے بغیر وہ کسی امن بھی معاہدے کو قبول نہیں کریں گے۔ 
واضح رہے کہ۷؍ اکتوبر۲۰۲۳ء سے اب تک غزہ پر اسرائیل کے بلاتفریق وحشیانہ حملوں میں ۳۶؍ ہزار۵۵۰؍ سے زائد فلسطینی شہید جبکہ۸۲؍ ہزار۹۵۹؍ افراد زخمی ہو چکے ہیں، اسرائیلی حملوں میں شہید اور زخمی ہونے والوں میں نصف سے زائد تعداد صرف بچوں اور خواتین پر مشتمل ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK