• Fri, 20 September, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

اسرائیلی فوج کی مغربی کنارہ میں گھر گھر تلاشی مہم، متعددافراد گرفتار

Updated: August 19, 2024, 9:53 AM IST | Tal Aviv

جنگجوؤں نے فائرنگ کی اور پتھراؤ بھی کیا۔ کئی مقامات پر فلسطینیوں کے ساتھ جھڑپیں ۔ بم دھماکے میں ۲؍اسرائیلی میجر ہلاک، متعدد زخمی۔ اسرائیل کا حماس کے ۴۰؍ ٹھکانوں پر حملہ ۔

Israeli army raids in West Jordan. Photo: INN.
غرب اردن میں اسرائیلی فوج نے چھاپے مارے۔ تصویر: آئی این این۔

اتوار کی صبح اسرائیلی فوج نے غرب اردن کے مختلف شہروں میں گھر گھر تلاشی لی  اور چھاپے مارے جس کے دوران متعدد فلسطینیوں کو حراست میں لے لیا ۔ اس دوران جنگجوؤں نے مقابلہ کیا جبکہ کئی مقامات پرشہریوں کے ساتھ جھڑپیں بھی ہوئیں۔ 
مرکز اطلاعات فلسطین کی خبر کے مطابق  نابلس میں اسرائیلی فوج نے شہر کے مشرق میں واقع بلاطہ کیمپ پر دھاوا بولا اور اس کی گلیوں میں توڑپھوڑ کی جبکہ جنگجوؤں نے دراندازی کرنے والی فوج پر فائرنگ کی اور پتھراؤ کیا۔ کئی مقامات پر اسرائیلی فوج اور فلسطینی شہریوں میں براہ راست جھڑپیں بھی ہوئیں۔  القدس بریگیڈ نے ایک پریس بیان میں کہا کہ اس کے جنگجوؤں نے بلاطہ کیمپ میں محاذوں پر اسرائیلی افواج کا مقابلہ کیا۔ انہوں نے شدید فائرنگ کی جس سےاسرائیلی فوج کی گاڑیوں کو نقصان پہنچا۔ اسرائیلی افواج نے کیمپ کی گلیوں کو ڈھانپنے والی ’اسکرین‘ کو جلا دیا جو پہلے جنگجوؤں نے اس لئے رکھی تھیں کہ کیمپ میں اسرائیلی ڈرون کے ذریعے ان کی نقل و حرکت کا پتہ نہ لگایا جا سکے۔ 
عینی شاہدین نے بتایا کہ قابض فوج نے بلتا کیمپ کے وسط میں مارکیٹ اسٹریٹ پر واقع شہیدوں کی یادگار کو منہدم کردیا اور کیمپ میں گلیوں اور دکانوں کے بنیادی ڈھانچے کو نقصان پہنچایا۔  اسرائیلی فوج نے جھڑپوں کے دوران نابلس کے شمال مغرب میں واقع قصبے سبسطیہ پر دھاوا بولا۔  مقامی ذرائع نے اطلاع دی کہ نوجوانوں نے قصبے پر حملے کے دوران قابض فوجوں کو مولوٹوف کاک ٹیل سے نشانہ بنایا۔  نابلس کے جنوب میں قصرہ قصبہ میں اسرائیلی قابض فوج نے گھروں پر چھاپہ مار کر متعدد نوجوانوں کو گرفتار کر لیا۔  مقامی ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ اسرائیلی فوج نے قصبہ میں تصادم کے دوران ۵؍ افرادکو گرفتار کرلیا۔ 
اسرائیلی فوج نے گزشتہ رات نابلس کے قریب تل عور بورین قصبوں پر حملہ کیا۔ تاہم کسی کی گرفتاری کی اطلاع نہیں ملی۔  شمالی مغربی کنارے کے علاقے طولکرم میں اسرائیلی فوج نے شہر میں ایک شخص کو اس کے گھر پر حملہ کرنے کے بعد گرفتار کر لیا۔ 
دریں اثناء غزہ کے وسطی علاقے میں جنگی ساز و سامان کی منتقلی کے دوران ہونے والے بم دھماکے میں ۲؍اسرائیلی فوجی ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہوگئے۔ اسرائیلی میڈیا کے مطابق فوج کے ترجمان نے بم دھماکے میں ہلاک ہونے والے میجر ۳۴؍سالہ یوتم اِتزاک پیلڈ ایک لاجسٹک آفیسر تھے جبکہ میجر موردچائی یوسف فوجی ٹرک چلا رہے تھے۔ اسرائیلی فوج کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ دونوں میجر یروشلم بریگیڈ کی۸۱۱۹؍ ویں بٹالین سے منسلک تھے اور بم دھماکے کے وقت پیلڈ غزہ کے زیتون محلے میں فوجیوں کو سامان کی فراہمی کے قافلے میں شامل تھے۔ بیان میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ اسرائیلی فوج کے قافلے کے راستے میں بم حماس نے نصب کیا تھا اور بم نصب کرنے والوں نے دھماکے کے بعد اسرائیلی فوجیوں پر فائرنگ بھی کی جس سے متعدد اہلکار زخمی ہوگئے۔ 
دریں اثناء اسرائیلی فوج نے حماس کے اس دعوے کے بعد کہ اس کے جنگجوؤں نے غزہ شہر کے جنوب میں کچھ اسرائیلی فوجیوں کو ہلاک اور زخمی کر دیا ہے۔ وسطی غزہ کی پٹی میں ۴۰؍ جگہوں پر بمباری کی۔ 
اسرائیلی فوج کے ترجمان اویچائی ادرائی نے ایک پریس بیان میں کہا کہ اسرائیلی طیاروں نے گزشتہ چند گھنٹوں کے دوران غزہ میں جنگجوؤں کے ۴۰؍ ٹھکانوں کو نشانہ بنایا جن میں فوجی عمارتیں، ہتھیاروں کے ڈپو اور دیگرجگہیں شامل ہیں۔ ایک الگ بیان میں اسرائیلی فوج نے وسطی غزہ کے المغازی پناہ گزین کیمپ کے مکینوں سے اسرائیل کی جانب داغے جانے والے راکٹوں کی وجہ سے فوری طور پر وہاں سے نکل جانے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ ان علاقوں سے انخلاء کا حکم حماس کی طرف سے مسلسل راکٹ داغنے کی وجہ سے جاری کیا گیا ہے اورزور دے کر کہا کہ فوج زبردست اور فوری کارروائی کرے گی۔ 
اطلاعات کے مطابق گزشتہ ۲۴؍ گھنٹوں میں اسرائیلی فوج کی بمباری میں کم از کم ۲۵؍ فلسطینیوں کی موت ہوگئی جس میں ایک ہی خاندان کے ۸؍ افراد بھی شامل ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK