• Sun, 24 November, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

غزہ اور لبنان پر اسرائیلی حملے، ۲۴؍گھنٹے میں ۱۰۰؍افراد شہید

Updated: November 12, 2024, 10:35 AM IST | Gaza

جنوبی لبنان کے کئی علاقوں  کو جبراًخالی کرایا گیا۔ کمال عدوان اسپتال کو پھر نشانہ بنایا۔ نصیرات کیمپ پر ٹینکوں کی بمباری۔

Firefighters put out a fire caused by an Israeli bombardment in Beirut. Photo: INN.
بیروت کے دھیہ میں  اسرائیلی بمباری سے لگنے والی آگ کو فائرفائٹرز بجھاتے ہوئے۔ تصویر: آئی این این۔

عالمی سطح پر بڑھتی مخالفتوں  اور ناراضگی کے باوجود اسرائیلی جارحیت تھمنے کا نام نہیں لے رہی ہے۔ پیر کو غزہ کے نصیرات کیمپ میں اسرائیلی ٹینکوں  نے دندناتے ہوئے بمباری کی جس میں  متعدد فلسطینیوں  کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔ الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی فوج نےجنوبی لبنان کے کئی علاقوں کو جبراً خالی کرایا ہے اور بے خانماں لبنانیوں  کو اوالی دریا کی جانب کوچ کرنے کا حکم دیا ہے۔ اتنا نہیں اسرائیلی فوج نے غزہ کے کمال عدوان اسپتال کو ایک بار پھر نشانہ بنایا اور پیر کو اسکے داخلی دروازے پر ڈرون حملہ کیا، جس میں  ۳؍فلسطینیوں  کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔ 
اسرائیلی فضائی حملے میں ۴۴؍ فلسطینیوں کی موت
اتوار سے لے کر پیر تک شمالی غزہ پٹی میں اسرائیل کے ۲؍ فضائی حملوں میں کم از کم۴۴؍ فلسطینی مارے گئے۔ یہ اطلاع فلسطینی ذرائع نے اتوار کو دی۔ بتایا کہ اسرائیلی طیارے نے جبالیہ کے علاقے میں بے گھر افراد کے ایک رہائش پر بمباری کی جس سے وہ مکمل طور پر تباہ ہوگیا۔ فلسطینی طبی ذرائع نے بتایا کہ فضائی حملے میں ۱۳؍ بچوں سمیت۳۶؍ فلسطینی ہلاک اور درجنوں زخمی ہوئے۔ فلسطینی ڈاکٹروں کے مطابق، غزہ شہر پر ایک دیگر اسرائیلی فضائی حملے میں غزہ شہر میں سماجی ترقی کے ڈائریکٹر وائل الخور اور ان کی اہلیہ اور بچوں سمیت ان کے خاندان کے ۷؍ دیگر افراد ہلاک ہو گئے۔ اسرائیلی ڈیفنس فورسیز (آئی ڈی ایف) نے اتوار کو ایک بیان میں کہا کہ اس کے فوجیوں نے جبالیہ میں آپریشنل سرگرمیاں جاری رکھی ہیں اور گزشتہ روز اس کے فوجیوں نے درجنوں عسکریت پسندوں کو ہلاک اور متعدد بنیادی ڈھانچے کے ساتھ ساتھ ہتھیاروں کے ذخیرہ کرنے کی سہولت کے علاقے کو بھی تباہ کر دیا ہے۔ 
لبنان پر اسرائیلی حملے میں ۵۳؍افرادشہید۱۰۰؍سے زائد افراد زخمی 
لبنان پر اسرائیلی فضائی حملوں میں گزشتہ۲۴؍ گھنٹوں کے دوران۵۳؍ افراد ہلاک اور۹۹؍ دیگر زخمی ہوئے۔ لبنان کی وزارت صحت نے اتوار کو یہ اطلاع دی۔ وزارت نے ایک بیان میں کہا’’گزشتہ۲۴؍ گھنٹوں کے دوران اسرائیلی بمباری کے نتیجے میں ۵۳؍ افراد ہلاک اور۹۹؍ شہری زخمی ہوئے ہیں۔ ‘‘ وزارت نے کہا کہ اس سے اسرائیل اور لبنان کے درمیان حالیہ کشیدگی کے آغاز سے اب تک ہلاک ہونے والوں کی کل تعداد۳۱۸۶؍اور زخمیوں کی تعداد۱۴؍ ہزار۷۸؍ ہو گئی ہے۔ اسرائیلی فضائیہ نے اتوار کی صبح شمالی لبنان کے تفریحی شہر بائبلوس سے۱۵؍ کلومیٹر دور المات کی بستی میں ایک رہائشی عمارت کو نشانہ بنایا جس میں بچوں سمیت۲۰؍ سے زائد افراد ہلاک ہو گئے۔ اس دوران اسرائیلی فوجیوں نے شمالی لبنان میں دیر قانون، راس العین اور عین بعل کی بستیوں میں ایمبولینس ٹیموں پر حملہ کیا، جس کے نتیجے میں ۵؍ ایمرجنسی طبی رضاکار ہلاک ہوگئے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK