• Thu, 19 September, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

غزہ : اسرائیل کا خونریزآپریشن، ۲۱۰؍ افراد جاں بحق، ۴۰۰؍ سے زائد زخمی

Updated: June 10, 2024, 10:30 AM IST | Gaza

اسرائیلی فوج نے ۴؍یرغمالوں کوچھڑانے کی ویڈیوکلپ نشر کی۔ القسام نے کہا :دشمن نے قتل و غارت گری میں اپنےکئی قیدیوں کو ہلاک کردیا ۔ حماس نے دعویٰ کیا کہ جبالیہ میں اسرائیلی فوجیوں کو ہلاک کیااور کئی کو جنگی قیدی بنالیا۔

The aggression of the Israeli army in Nasirat area can be estimated. Photo: PTI.
نصیرات علاقے میں اسرائیلی فوج کی جارحیت کا اندازہ لگایا جاسکتا ہے۔ تصویر: پی ٹی آئی۔

حماس کے عسکری ونگ القسام بریگیڈز کے ترجمان ابوعبیدہ نے کہا ہے کہ وسطی غزہ کے نصیرات علاقے میں اسرائیلی فوج نے جنگی جرم کاارتکاب کیا جس میں اس نے اپنے ۴؍ قیدیوں کو چھڑالیا مگر متعدد قیدیوں کو بمباری میں ہلاک کردیا۔ انہوں نے گزشتہ شام ایک ٹویٹ میں کہا کہ’’ اسرائیلی فوج نے ہولناک قتل عام کر کے اپنے کچھ قیدیوں کو بازیاب کرایا لیکن اس نے آپریشن کے دوران ان میں سے کچھ کو ہلاک کر دیا۔ ‘‘انہوں نے خبردار کیا کہ ’’آپریشن قیدیوں کیلئے بہت بڑا خطرہ بنے گا اور ان کے حالات اور زندگی پر منفی اثرات مرتب کرے گا۔ ‘‘
غزہ میں سرکاری میڈیا کے دفتر نے گزشتہ شام ایک بیان میں بتایا کہ وسطی غزہ کی پٹی کے نصیرات کیمپ میں اسرائیلی فوج کے قتل عام میں اموات کی تعداد۲۱۰؍ ہو گئی ہے اور۴۰۰؍ سے زیادہ زخمی ہیں۔ الاقصیٰ شہداء اسپتال زخمیوں اور جاں بحق ہونے والوں کی لاشوں سے کھچا کھچ بھرا ہوا ہے جن میں زیادہ تر بچے اور خواتین ہیں جنہیں بستروں اور بنیادی طبی سامان کی کمی کی وجہ سے فرش اور راہداریوں میں رکھا گیا ہے۔ اسرائیلی فوج کی شدید بمباری کا نشانہ بننے والے نصیرات کیمپ کے مختلف علاقوں سے ایمبولینس کے ذریعے زخمیوں کو منتقل کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔ 
قیدیوں کی بازیابی کیلئے خونریز آپریشن میں اسرائیلی کمانڈر ہلاک
اسرائیلی پولیس نے گزشتہ روز کمانڈرآرنون زمورا کی ہلاکت کا اعلان ہےجو النصیرات میں ایک خونریز آپریشن کے دوران۴؍قیدیوں کو بازیاب کرانے کی کارروائی میں ہلاک ہوگیا۔ اسرائیلی فوج نے ’الیمام‘ یونٹ کے ڈویژن کمانڈر چیف انسپکٹر آرنون زمورا کی ہلاکت پر سوگ کا اعلان کیاہے۔ ’الیمام‘ اسرائیلی فوج سے وابستہ ایک اعلیٰ تربیت یافتہ خصوصی یونٹ ہے۔ اسرائیلی میڈیا نے اطلاع دی ہے کہ زمورا آپریشن میں شدید زخمی ہوا تھا اور اسے اسپتال لے جایا گیا جہاں اس کی موت ہوگئی۔ 
اسرائیلی نے اپنے کئی قیدیوں کو قتل کردیا:القسام بریگیڈز
القسام بریگیڈز کے ترجمان ابو عبیدہ نے کہا کہ ’’ نصیرات علاقے میں کی گئی کارروائی میں ایک طرف فلسطینیوں کا بے دریغ قتل عام کیا گیا اور دوسری طرف قیدیوں کو چھڑانے کی کارروائی میں دشمن فوج نے اپنے ہی کئی قیدیوں کو قتل کردیا۔ ‘‘ابو عبیدہ نے تصدیق کی کہ ’’قابض فوج نے خوفناک قتل عام کر کے اپنے کچھ قیدیوں کو بازیاب کروا لیا لیکن اس نے آپریشن کے دوران ان میں سے کچھ کو ہلاک کر دیا۔ ‘‘
ایک عورت سمیت ۴؍ یرغمالوں کی بازیابی کی ویڈیو جاری 
گزشتہ روز اسرائیلی فوج نے ایک ویڈیو کلپ نشر کی ہے جس میں اس نے غزہ کے نصیرات کیمپ سے۴؍ قیدیوں کی بازیابی کا منظر دکھایا ہے۔ ’العربیہ ‘ کی خبر کے مطابق اسرائیلی فوج کے ترجمان اویچائی ادرعی نے ’ایکس‘ پر اپنے اکاؤنٹ کے ذریعے ایک ویڈیو کلپ شیئر کیا ہے جس میں دکھایا گیا ہے کہ اسرائیلی فورسیز غزہ میں موجود قیدیوں کو ایک فوجی ہیلی کاپٹرکی طرف لے جا رہی ہیں۔ اویچائی نے اپنی پوسٹ میں کہا کہ ’’نصیرات کے قلب میں قیدیوں کی بازیابی کی ویڈیو کو ریکارڈ کیا گیا جس کے بعد ان چاروں افراد جن میں ایک عورت بھی شامل ہے کو فوجی ہیلی کاپٹر میں منتقل کردیا گیا‘‘۔ 
اسرائیلی فوج نے اعلان کیا ہے کہ فوج نے نصیرات علاقے میں ۲؍ مختلف مقامات سے۴؍قیدیوں کو زندہ بچا لیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ یرغمالوں میں ۳؍ مرد اور ایک خاتون ہے جنہیں حماس نے۷؍ اکتوبر کو جنوبی اسرائیل میں نووا کنسرٹ سے اغواء کیا تھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ان کی صحت اچھی ہے اور انہیں طبی معائنے کیلئے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ 
بازیاب کئے گئے یرغمالوں کی شناخت۲۵؍ سالہ وا ارگمانی، ۲۱؍ سالہ الموا میر، ۲۷؍سالہ آندرے کوزلوف اور۴۰؍سالہ شلومی زیو سے ہوئی ہے۔ 
قابل ذکربات یہ ہے کہان۴؍ قیدیوں کی بازیابی سے قبل حماس کے پاس۱۲۴؍ زندہ قیدی تھے جبکہ حماس نے ۷؍اکتوبر ۲۰۲۳ء ۲۵۰؍کے لگ بھگ افراد کو قید کیا تھا۔ ان میں سے۱۰۰؍اسرائیلی قیدیوں کو گزشتہ برس نومبر میں ایک ہفتے کی جنگ بندی کے دوران رہا کردیا گیا تھا۔ 
اسرائیلی افواج کا خیال ہےکہ نویں مہینے میں داخل ہونے والی جنگ کے دوران اب تک تقریباً ۳۰؍قیدی مارے جا چکے ہیں۔ 
قیدیوں کی تعداد بڑھارہے ہیں :حماس
حماس نے گزشتہ شام ایک بیان میں مزید کہا کہ ہمارے بہادر جنگجو اب بھی دشمن کے بڑی تعداد میں قیدیوں کو برقرار رکھے ہوئے ہے اور قیدیوں کی تعداد بڑھا رہے ہیں۔ حال ہی میں جنگجوؤں نے جبالیہ کیمپ میں ایک کارروائی کے دوران متعدد اسرائیلی فوجیوں کو ہلاک کرنے کے ساتھ ساتھ کئی کو جنگی قیدی بنا لیا ۔ حماس نے زور دے کر کہا کہ نصیرات کیمپ میں اسرائیلی فوج کے ذریعے کیا جانے والا وحشیانہ قتل عام اس مجرم فاشسٹ ریاست کے جنگی جنون کی تصدیق کرتا ہے۔ 
حماس کے آگے نہیں جھکیں گے: نیتن یاہو
دریں اثناءاسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو نے غزہ سے۴؍ یرغمالوں کی رہائی کے بعد جنگ میں فوج کی کوششوں کو سراہا اور کہا کہ حماس کے آگے نہیں جھکیں گے۔ انہوں نے ایک بیان میں کہا کہ ’’اسرائیلی افواج نے یہ ثابت کر دیا کہ اسرائیل دہشت گردی کے سامنے ہتھیار نہیں ڈالتا اور وہ جدید انداز میں اور زیادہ جرأت کے ساتھ آگے بڑھ رہا ہے۔ ہم آخری یرغمالی کو بازیاب کرانے تک جنگ جاری رکھیں گے۔ ‘‘
’’۴؍قیدیوں کو چھڑاکر اب اسرائیل اپنی شکست پر پردہ ڈالنا چاہتا ہے‘‘
دریں اثناء حماس نے کہا ہے کہ اسرائیلی فوج نے۸؍ ماہ سے زیادہ عرصے کی جارحیت کے بعد غزہ میں اپنے متعدد قیدیوں کی رہائی کے بارے میں جو اعلان کیا ہےجس میں اس نے تمام فوجی، سیکوریٹی اور تکنیکی ذرائع استعمال کئے اور اس دوران اس نے تمام جرائم کا ارتکاب کیا۔ قتل عام، قتل و غارت، محاصرہ اورقحط مسلط کرنے کی پالیسی کے ذریعے اپنے ۴؍ قیدیوں کو چھڑا کر اب وہ اپنی شکست پر پردہ ڈالنا چاہتا ہے۔ 
آپریشن امریکی مدد سے ممکن ہوا:امریکی عہدیدار کاانکشاف
غزہ میں حماس کے جنگجوؤں کے ساتھ جھڑپوں کے بعد ۴؍ قیدیوں کی بازیابی کے اعلان کے ساتھ ہی ایک امریکی اہلکار نے دعویٰ کیا ہے کہ اس پیچیدہ آپریشن میں امریکہ نے اسرائیل کی مدد کی تھی۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK