• Fri, 25 October, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

غزہ اور بیروت پر اسرائیل کی بمباری، حماس اور حزب اللہ کے اسرائیلی فوج پر حملے

Updated: October 24, 2024, 10:48 AM IST | Gaza

حزب اللہ نے اپنے لیڈر ہاشم صفی الدین کی شہادت کی تصدیق کی، اسرائیل نے دعویٰ کیا تھا کہ ان پر ۳؍ ہفتے قبل بیروت میں ایک کارروائی کے دوران حملہ کیا گیا تھا۔

A grieving young man can be seen next to the dead body of his loved one in a hospital in Deir ul-Balah. Photo: INN.
دیرالبلاح کے اسپتال میں  ایک غمزدہ نوجوان اپنے عزیز کی لاش کے پاس دیکھا جاسکتا ہے۔ تصویر: آئی این این۔

غزہ میں  حماس کے جنگجوؤں اور اسرائیلی فوج میں شدید جھڑپیں  جاری ہیں۔ الجزیرہ کے مطابق حماس کے لڑاکونے ایک ویڈیو جاری کرکے دعویٰ کیا ہے کہ انہوں نے جبالیہ کے تل الزاتار میں  اسرائیلی مرکوا ٹینک کو دھماکے سے اڑادیا ہے۔ القسام بریگیڈ نے یہ بھی کہا ہے کہ ایک اسرائیلی چوکی کو بھی نشانہ بنایا گیا ہے۔ لبنان میں  بھی حزب اللہ کے جنگجوؤں کی جانب سے شدید مزاحمت کا سلسلہ جاری ہے۔ اس دوران بیروت اور غزہ کے کئی حصوں  پر اسرائیلی فوج نے اندھا دھند بمباری کی ہے۔  حماس نے بدھ کی صبح اسرائیل پر کئی راکٹ داغے۔ 
لبنان پر اسرائیلی فضائی حملے، ۱۹؍افراد جاں  بحق
رپورٹ کے مطابق منگل کی شام لبنان کے جنوبی اور مشرقی علاقوں میں رہائشی و تجارتی مراکز پر اسرائیلی جنگی طیاروں کے حملوں میں ۱۹؍افراد ہلاک اور۳۵؍ زخمی ہو گئے ہیں۔ لبنان وزارت صحت کے جاری کردہ بیان کے مطابق اسرائیلی جنگی طیاروں کی طرف سے لبنان کے جنوبی ضلعے النبطیہ کے مرکزی محلّے ` قصر زعتر کے رہائشی و تجارتی مراکز پر کیے گئے فضائی حملے میں ۵؍ افراد ہلاک اور۲۱؍ زخمی ہوگئے ہیں۔ بیان کے مطابق اسرائیلی جنگی طیاروں نے ملک کے مشرقی علاقے ہرمل کے ضلعی مرکز کے ایک اور محلے پر فضائی حملے کر کے۵؍افراد کو ہلاک اور۱۰؍کو زخمی کر دیا ہے۔ 
لبنان کی سرکاری خبر ایجنسی `این این اے کے مطابق اسرائیلی جنگی طیاروں نے جنوبی ضلعے `بنت جبیل کے قصبے حارث میں ایک گھر پر بھی فضائی حملہ کیا ہے جس کے نتیجے میں ۲؍ افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ علاوہ ازیں ضلع `صیدا کے قصبے `تفاحتا میں ایک گھر پر فضائی حملے میں ۶؍افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ اسرائیل نے مشرقی ضلع بعلبک کے شہر نبی شیت میں بھی ایک گھر پر فضائی حملہ کیا ہے جس میں ایک شخص جاں بحق اور۴؍ افراد زخمی ہوگئے ہیں۔ 
القسام بریگیڈ کا ہاشم صفی الدین کو خراج عقیدت 
 حزب اللہ نے اپنے لیڈر ہاشم صفی الدین کی اسرائیلی حملے میں شہادت کی تصدیق کر دی ہے۔ حسن نصراللہ کے بعد ہاشم صفی الدین کو تنظیم کا متوقع سربراہ سمجھا جا رہا تھا۔ وہ حسن نصراللہ کی شہادت کے بعد ڈپٹی سیکریٹری جنرل نعیم قاسم کے ساتھ مل کر حزب اللہ کی قیادت کر رہے تھے۔ اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا تھا کہ تین ہفتے قبل بیروت میں ایک کارروائی کے دوران ہاشم صفی الدین بھی مارے گئے تھے۔ القسام بریگیڈ نے کہا کہ صہیونی ظلم کے خلاف مزاحمت میں ہاشم صفی الدین کی قربانی رائیگاں نہیں  جائے گی۔ 
غزہ میں شہادتوں سے متعلق آسٹریلوی میڈیا کا دعویٰ
آسٹریلوی میڈیا کی تحقیقاتی رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ اسرائیلی فوج کے ہاتھوں غزہ میں شہیدفلسطینیوں کی اصل تعداد بہت زیادہ ہے۔ آسٹریلوی میڈیا کی رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ غزہ میں لگ بھگ۲؍ لاکھ فلسطینی جام شہادت نوش کرچکے ہیں، جبکہ غزہ میں بدترین بحران جاری ہے۔ رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ غزہ کی۸؍فیصد آبادی کو مار دیا گیا ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK