Updated: June 03, 2024, 1:58 PM IST
| New Delhi
مالدیپ کے صدر محمد معزو کے دفتر نے فلسطین کے ساتھ اظہار یکجہتی اور غزہ میں اسرائیلی جارحیت کے خلاف احتجاجاً اسرائیلی پاسپورٹ پر پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ محمد معزو نے فلسطین کیلئے قومی فنڈ جمع کرنے کی مہم کا بھی اعلان کیا ہے۔ اسرائیلی وزارت خارجہ کے ترجمان نے مالدیپ میں موجود اسرائیلی شہریوں سےوطن لوٹنے کی اپیل کی ہے۔
محمد معزو۔ تصویر:آئی این این
مالدیپ کے صدر محمد معزو کے دفتر نے فلسطین کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے اسرائیلی پاسپورٹ پر پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کیاہے۔ دفتر کے ترجمان نے اپنے بیان میں یہ خبر دی ہے جبکہ انہوں نے یہ نہیں بتایا ہے کہ یہ پابندی کب عائد کی جائے گی۔محمد معزو نے قومی فنڈجمع کرنے کی مہم کا بھی اعلان کیا ہے جسے ’’مالدیپ کی فلسطین کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے۔‘‘خیال رہے کہ گزشتہ سال تقریباً ۱۱؍ ہزار اسرائیلیوں نے مالدیپ کا دورہ کیا تھا جو ملک میں سیاحوں کی تعداد کا ۶ء۰؍ فیصد تھا۔
مالدیپ کی اپوزیشن پارٹیوں اور حکومتی اتحادیوں نے محمد معزو پر دباؤ ڈالاتھاکہ وہ غزہ میں اسرائیلی جنگ کے خلاف احتجاج کے طور پر اسرائیل پر پابندی عائد کریں۔ خیال رہے کہ اب تک اسرائیلی جارحیت کے نتیجے میں ۳۶؍ ہزار سے زائد فلسطینی ہلاک جبکہ ۸۰؍ہزارسے زائد زخمی ہو چکے ہیں۔
اسرائیلی سیاح مالدیپ سے اسرائیل لوٹ جائیں: اسرائیلی وزارت خارجہ
اسرائیل کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے مالدیپ کے اس اقدام پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے مالدیپ میں موجود اسرائیلی سیاحوں سے اسرائیل واپس لوٹنے کی اپیل کی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ’’مالدیپ میں جو اسرائیلی سیاح موجود ہیں ، ہمارا انہیں مشورہ ہے کہ وہ ملک واپس لوٹ جائیں ۔ کیونکہ اگر وہ کسی مصیبت میں پھنس جاتے ہیں تو ہمارےلئے ان کی مد د کرنا مشکل ہو جائے گا۔
خیال رہے کہ وہ افراد جن کے پاس اسرائیلی پاسپورٹ ہوں گے انہیں الجیریا، بنگلہ دیش، ایران، عراق، کویت، لبنان، لیبیا، پاکستان، سعودی عربیہ، سیریا اور یمن میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔