• Tue, 28 January, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo

اسرائیل بھرمیں نیتن یاہو کیخلاف سخت احتجاج

Updated: November 18, 2024, 10:06 AM IST | Tal Aviv

مظاہرین میں یرغمالوں کے اہل خانہ بھی شامل تھے، حکومت سے یرغمالوں کی رہائی کیلئے حماس سے معاہدہ کرنےکا مطالبہ ۔

Protest scene in Tel Aviv. Photo: PTI.
تل ابیب میں احتجاج کا منظر۔ تصویر : پی ٹی آئی۔

تل ابیب سمیت اسرائیل بھر میں لوگوں نے احتجاج کرتے ہوئے وزیراعظم نیتن یاہو کے خلاف نعرے لگائے اور غزہ میں یرغمالوں کی رہائی کیلئے حماس سے معاہدے کے مطالبے کو دہرایا۔ مظاہرین نے اس ہفتے بچوں کے عالمی دن کے موقع پر کم عمر قیدیوں کی حالت زار پر روشنی بھی ڈالی۔ 
ٹائمزآف اسرائیل کی خبر کے مطابق غزہ میں یرغمال اوہدیا ہلومی کی بیوی اور سابق یرغمال ایتان یاہلومی کی والدہ بیٹ شیوایا ہلومی نے تل ابیب کے ہوسٹجز اسکوائر میں خطاب کیا۔ ۵۲؍ دن تک قید میں رہنے کے بعد رہائی پانے والےایتان جو اب ڈراؤنے خوابوں اور بال جھڑنے کا شکار ہے، نے کہا کہ ’’ ہم اس پر قابو پالیں گے لیکن یہ اس کے والد اور باقی یرغمالوں کے واپس آنے کے بعد ہی ہو سکتا ہے۔ ‘‘ اوفری بیباس جن کے بھائی یارڈن بیباس اور ان کی بیوی شیری اور بچے ایریل اور کیفیر اب بھی غزہ میں قید ہیں، نے وزیراعظم نیتن یاہو اورپوری حکومت سے اپیل جاری کرتے ہوئے کہا کہ ’’میں نے آپ کو یہ کہتے ہوئے سنا ہے کہ ایریل اور کیفیر ہمارے بچے ہیں لیکن آپ صبح اٹھتے ہیں اور رات کو سو جاتے ہیں تو اس وقت تک آپ کو معلوم نہیں ہوتا کہ آپ کے بچے کہاں ہیں، آج انہوں نے کھایا پیا۔ کیا وہ صحت مند ہیں، کیاوہ محفوظ ہیں۔ کیا تم جانتے ہو کہ وہ زندہ ہیں۔ ‘‘ قبل ازیں سنیچر کی شام مظاہرین کی تل ابیب میں بگن روڈ پر احتجاج کی مخالفت کرنے والے کے ساتھ ہاتھا پائی بھی ہوئی۔ 
خبررساں ایجنسی ’مہر‘نے شہاب نیوز کے حوالے سے بتایا ہے کہ مقبوضہ تل ابیب میں سنیچر کی رات صہیونی آبادکاروں کی جانب سے احتجاج کیا گیا۔ اطلاعات کے مطابق مظاہرین نے غزہ میں جاری جنگ کے خاتمے اور قیدیوں کے تبادلے کے معاہدے پر فوری دستخط کرنے کا مطالبہ کیا۔ اس کے علاوہ سیکڑوں صیہونی آباد کاروں نے تل ابیب میں صدر اسحاق ہرزوک کی رہائش گاہ کے سامنے مظاہرہ کیا اور اسرائیلی کابینہ کی طرف سے قیدیوں کے تبادلے کے معاہدے میں تاخیر پر برہمی کا اظہار کیا ۔ 
صہیونی قیدیوں کے اہل خانہ نے ایک بیان میں واضح کیا کہ نیتن یاہو کو ہمارے بچوں کی کوئی پرواہ نہیں اور کابینہ قیدیوں کے بارے میں کوئی بات نہیں کرتی۔ ان صہیونی آباد کاروں نے کہا کہ ابھی تک قیدیوں کی واپسی کیلئے کوئی سیاسی اقدام نہیں کیا گیا ہے اور نیتن یاہو اسرائیلیوں کی خواہشات کے خلاف کام کر رہے ہیں۔ 
اسرائیل کے شہر ریہووٹ، حیفہ، راعانہ، یروشلم اور دیگر مقامات پر بھی ریلیاں نکالی گئیں جن میں مظاہرین نےمعاہدہ کرنےکا مطالبہ کیا۔ 
واضح رہے کہ غزہ جنگ میں فوجی کامیابی حاصل نہ ہونے کے باعث مقبوضہ علاقوں میں اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو اور ان کی جنگی کابینہ کے خلاف تنقید میں شدت آگئی ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK