• Fri, 18 October, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

فرنویس کی جگہ گریش مہاجن نائب وزیر اعلیٰ ہوں گے؟

Updated: June 08, 2024, 8:43 AM IST | Mumbai

امیت شاہ سے ملاقات کے بعد بھی دیویندر فرنویس استعفے کے فیصلے پر قائم ،جلد مہاراشٹر کی سیاست میں نئی ہلچل کے آثار، فرنویس عوام کے درمیان جانا چاہتے ہیں

Girish Mahajan (right) and Devendra Farnavis: I leave you sit on the chair (file photo)
گریش مہاجن (دائیں ) اور دیویند ر فرنویس: میں ہٹ جاتا ہوں آپ کرسی پر بیٹھ جائیے (فائل فوٹو)

نائب وزیر اعلیٰ دیویندر فرنویس بضد ہیں کہ وہ اپنے عہدے سے استعفیٰ دے کر اسمبلی الیکشن کی تیاریوں میں لگ جائیں گے۔ امیت شاہ کے فون کرنے پر وہ جمعرات کو ان سے ملنے دہلی پہنچے ۔ جمعہ کو ان کی امیت شاہ سے ملاقات ہوئی۔ اطلاع کے مطابق امیت شاہ انہیں اپنا فیصلہ بدلنے پر آمادہ نہیں کر سکے۔ فی الحال زیادہ تفصیل سامنے نہیں آئی ہے لیکن خبر ہے کہ اگر دیویندر فرنویس نے استعفٰیٰ دینے کا فیصلہ واپس نہیں لیا توان کی جگہ گریش مہاجن کو نائب وزیر اعلیٰ بنایا جا سکتا ہے۔  
 شندے اور پٹیل کی فرنویس کو منانے کی کوشش
  اطلاع کے مطابق  دیویندر فرنویس جو ایک روز قبل دہلی پہنچے تھے جمعہ کو   دہلی میں   واقع این سی پی (اجیت) کے رکن پارلیمان پرفل پٹیل کی رہائش گاہ   پہنچے جہاں پرفل پٹیل اور وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے نے انہیں منانے کی کوشش کی کہ وہ اپنے عہدے سے استعفیٰ نہ دیں۔ لیکن فرنویس اپنا فیصلہ بدلنے پر آمادہ دکھائی نہیں دیئے۔
 امیت شاہ بھی قائل نہ کر سکے 
   اس کے بعد دیویندرفرنویس نے امیت شاہ کے گھر جا کر ان سے ملاقات کی۔ دونوں کے درمیان آدھا گھنٹہ گفتگو ہوتی رہی جس کی تفصیل میڈیا کے سامنے نہیں آ سکی۔ البتہ ذرائع کا کہنا ہے کہ امیت شاہ بھی فرنویس کو اس بات پر قائل نہیں کر سکے کہ وہ اپنا  استعفے کا فیصلہ واپس لے لیں۔  امیت شاہ چاہتے ہیں کہ فرنویس اپنے عہدے پر برقرار رہیں۔ مہاراشٹر میں اب تک حلیفوں  اور حریفوں سے جو بھی معاملہ کرنا ہو وہ امیت شاہ  دیویندر فرنویس ہی  کے ذریعے کرتے آئے ہیں۔ 
گریشن مہاجن کو عہدہ سونپنے کا امکان
 ذرائع کا کہنا ہے کہ البتہ اس دوران اس بات پر بھی گفتگو ہوئی کہ اگر فرنویس نے استعفیٰ دے ہی دیا تو  ان کی جگہ گریش مہاجن کو نائب وزیر اعلیٰ بنایا جائے گا۔  یاد رہے کہ گریش مہاجن اس وقت  مہا یوتی حکومت میں وزیر برائے دیہی ترقیات ہیں۔  وہ دیویندر فرنویس کے قریبی سمجھے جاتے ہیں اور بی جے  ہی حکومت کے مشکل وقت میںانہیں کو آگے کیا جاتا رہا ہے۔ مراٹھا ریزرو یشن تحریک کے دوران منوج جرنگے سے گفتگو کیلئے انہی کو آگے کیا گیا تھا۔ حال ہی میں جب چھگن بھجبل نے بی جے پی سے ناراضگی ظاہر کی تھی اور خبریں آنے لگی تھیں کہ وہ لوک سبھا الیکشن میں  پولنگ کے دوران مہایوتی امیدوار کیلئے کام نہیں کریں گے تو گریش مہاجن ہی نے ناسک جا کر بھجبل کو منانے کی کوشش کی تھی۔ کہا جا رہا ہے کہ گریش مہاجن کا نام بطور نائب وزیر اعلیٰ دیویندر فرنویس ہی کی ایما پر آگے کیا جا رہا ہے۔ 
 گائوں گائوں جا کر پارٹی کی تشہیر 
 واضح  رہے کہ بی جے پی جسے ۲۰۱۹ء کے لوک سبھا الیکشن میں مہاراشٹر میں ۲۳؍ سیٹیں حاصل ہوئی تھیں،اس الیکشن میں اس کی سیٹیں ۹؍ رہ گئی ہیں جبکہ این ڈے کو مجموعی طور پر ۲۰۱۹ء میں ۴۱؍ سیٹیں ملی تھیں جو کہ اب ۱۷؍ رہ گئی ہیں۔  اس کی ذمہ داری فرنویس نے قبول کی ہے اور وہ چاہتے ہیں گائوں گائوں جا کر بی جے پی کیلئے راہ ہموار کریں تاکہ  اسمبلی الیکشن میں مہایوتی کو دوبارہ اقتدار میں لایا جا سکے۔ حالانکہ چھگن بھجبل، ایکناتھ شندے اور پرفل پٹیل جیسے سینئر لیڈران نے انہیں ایسا نہ کرنے کا مشورہ دیا ہے ۔   یاد رہے کہ ۲۰۱۴ء کے الیکشن سے قبل فرنویس نے ریاست میں مختلف طبقات سے کئی وعدے کئے جنہیں پورا نہیں کیا جا سکا جس کی وجہ سے مرکز میں جس طرح مودی کے خلاف عوامی ناراضگی تھی اسی طرح ریاست میں لوگ فرنویس سے ناراض تھے۔ 
 وزیرا عظم سے گفتگو متوقع
  اطلاع کے مطابق دیویندر فرنویس دہلی میں نریندر مودی سے بھی ملاقات کرنے والے ہیں لیکن خبر لکھے جانے تک ان کے نریندر مودی سے ملنے کی کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی تھی۔ یاد رہے کہ اس وقت وزیراعظم مودی اپنے حلیفوں کے ساتھ حکومت سازی کے امور پر مذاکرات میں مصروف ہیں اس لئے مہاراشٹر کا معاملہ فی الحال معلق ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK