• Thu, 09 January, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo

گولڈن گلوبز ۲۵ء: گی پیئرس اور اسٹیو وے نے ’’غزہ جنگ بندی‘‘ والا بروچ پہنا

Updated: January 06, 2025, 6:57 PM IST | Los Angeles

گزشتہ سال کے برعکس گولڈن گلوبز ۲۰۲۵ء کی تقریب میں ہالی ووڈ ستارے فلسطین اور غزہ کے معاملے پر خاموش رہے۔ آسٹریلوی اداکار گی پیئرس اور امریکی کامیڈین اسٹیو وے کے علاوہ کسی بھی ستارے نے غزہ جنگ بندی کی حمایت نہیں کی۔ متذکرہ دونوں فنکاروں نے اپنے کوٹ پر ’’غزہ جنگ بندی‘‘ کا بروچ لگا رکھا تھا۔ اہم سوال یہ ہے کہ کیا ہالی ووڈ غزہ جنگ بندی پر خاموش ہوگیا ہے؟

Guy Pearce and Steve Way. Photo: INN
گی پیئرس اور اسٹیو وے۔ تصویر: آئی این این

گزشتہ شام لاس اینجلس میں ہونے والے گولڈن گلوب ۲۰۲۵ء کی پرشکوہ تقریب میں ہالی ووڈ ستاروں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اس دوران فلم ’’میمنٹو‘‘ (۲۰۰۰ء) سے شہرت پانے والے آسٹریلوی اداکار گی پیئرس اور ’’ریمی‘‘ سے شہرت پانے والے امریکی کامیڈین اسٹیو وے اپنے کوٹ پر ’’غزہ جنگ بندی‘‘ کا سرخ بروچ لگا کر شریک ہوئے۔ یہ وہی بروچ ہے جو گزشتہ سال آسکر کی تقریب میں درجنوں ستاروں نے اپنے ملبوسات پر لگا کر شرکت کی تھی اور فلسطین کی حمایت میں آواز بلند کی تھی۔یہ بروچ ’’جنگ بندی کی حق میں فنکار‘‘ کی نشاندہی کرتا ہے۔ تاہم، گولڈن گلوب کی تقریب میں ان دونوں اداکاروں کے علاوہ کوئی بھی اس بروچ کے ساتھ نظر نہیں آیا۔ چونکہ ایوارڈ تقریبات کا دور شروع ہوگیا ہے اس لئے اہم سوال یہ ہے کہ کیا ہالی ووڈ اب غزہ میں اسرائیلی جارحیت پر خاموش ہوگیا ہے؟

گولڈن گلوب کی ۳؍ گھنٹے کی تقریب میں شرکاء نے غزہ جنگ کا تذکرہ تک نہیں کیا۔ اس تقریب میں شامل ریمی یوسف بھی خاموش تھے جنہوں نے گزشتہ سال آسکر کے ریڈ کارپٹ پر کہا تھا کہ ’’ہم لوگوں کے دلوں کی بات کیلئے اپنی آواز کا استعمال کر رہے ہیں۔ ہم چاہتے ہیں کہ لوگوں کو تحفظ اور انصاف ملے۔‘‘ بیشتر افراد کو توقع تھی کہ اگر وہ ایوارڈ جیتیں گے تو غالباً غزہ جنگ کے بارے میں بات کریں گے لیکن انہیں ایوارڈ نہیں دیا گیا۔ اسی طرح ستمبر ۲۰۲۴ء میں ’’ایمیز‘‘ میں ریمی یوسف کو بہترین ہدایتکار کا ایوارڈ نہیں دیا گیا۔ ایسے میں یہ کہنا آسان نظر آرہا ہے کہ فلسطین کے حق میں آواز بلند کرنے والے فنکاروں کو ان کے ذاتی نظریئے کی بناء پر نظر انداز کیا جارہا ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ سال مئی میں کانز فلم فیسٹیول میں، سیاسی تبصرے نہ کرنے کی واضح ہدایات تھیں۔ ایسے میں سوال پیدا ہوتا ہے کہ کیا ایوارڈ شوز کے شرکاء کیلئے بھی ایسے ہی احکام صادر کئے جا رہے ہیں؟

یہ بھی پڑھئے: گولڈن گلوب ایوارڈز۲۰۲۵ء: پائل کپاڈیہ کی ’’آل وی امیجن ایزلائٹ‘‘ ایوارڈ سے محروم

دی نیشنل کی ایک رپورٹ کے مطابق چند مہینوں پہلے کیٹ ونسلیٹ نے ’’دی لیٹ شو‘‘ میں شرکت کی تھی اور اپنے انٹرویو میں غزہ جنگ کا حوالہ دیا تھا لیکن ٹی وی پر ایئر ہونے والے ایپی سوڈ سے یہ حصہ نکال دیا گیا تھا۔ فنکاروں کو خاموش کرنے کی بڑے پیمانے پر کوشش کی جارہی ہے۔ اس ضمن میں گلوکار اور اداکار جان لیجنڈ نے اپنے ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ ’’غزہ جنگ بندی کے بارے میں بات کرنے سے فنکار خوفزدہ ہیں کیونکہ وہ اپنا ایجنٹ کھو دیتے ہیں یا انہیں کام ملنا بند ہوجاتا ہے۔ انہیں ڈر ہے کہ وہ پیشہ ورانہ نتائج بھگتیں گے۔ غزہ پر ہالی ووڈ کی خاموشی افسوسناک ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK