• Sun, 08 September, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

گوپی تھوٹاکورا پہلے ہندوستانی خلائی سیاح بن گئے

Updated: May 20, 2024, 3:44 PM IST | Houston

گوپی تھوٹاکورا بلیو اوریجن کے پرائیویٹ خلابازوں میں شامل ہیں۔ وہ پہلے ہندوستانی خلائی سیاح، اور ۱۹۸۴ء میں ہندوستانی فوج کے ونگ کمانڈر راکیش شرما کے بعد خلا میں جانے والے دوسرے ہندوستانی بننے پر فخر محسوس کررہے ہیں۔

Gopi Thotakura (far left) with staff.photo: X
گوپی تھوٹاکورا (بالکل بائیں )عملے کے ساتھ۔ تصویر: ایکس

ہوا باز گوپی تھوٹاکورا نے کہا ہے کہ انہیں امیزون کے بانی جیف بیزوس کے بلیو اوریجن کے’این ایس ۲۵؍‘ پر خلا میں جانے والے پہلے ہندوستانی بننے پر فخر ہے۔ بلیو اوریجن کی ساتویں انسانی پرواز تھوٹاکورا، ۳۰؍ اور۵؍ دیگر افراد کو لے کر اتوار کو ویسٹ ٹیکساس میں لانچ سائٹ ون سے روانہ ہوئی اور کامیابی کے ساتھ لینڈ ہوئی۔ وہ پہلے ہندوستانی خلائی سیاح اور ۱۹۸۴ءمیں ہندوستانی فوج کے ونگ کمانڈر راکیش شرما کے بعد خلا میں جانے والے دوسرے ہندوستانی ہیں۔ گوپی تھوٹاکورا کو ’ایکس ‘پر بلیو اوریجن کی طرف سے پوسٹ کی گئی ایک ویڈیو میں خلائی پرواز سے’’انڈیا اِنٹو اسپیس‘‘کہتے ہوئے سنا گیا۔ انہیں ہندوستان کا جھنڈا بھی تھامے دیکھا گیا۔ آندھرا پردیش میں پیدا ہونے والے ۳۰؍سالہ بزنس مین اور پائلٹ کو ایک بینر اٹھائے دیکھا گیا جس پر لکھا تھا ’’میں اپنے سیارے (زمین ) کی پائیداری کیلئے ماحولیات کا محافظ ہوں۔ ‘‘
بتاد یں کہ پرواز میں موجود دیگر خلابازوں میں میسن اینجل، سلوین چیرون، کینتھ ایل ہیس، کیرول شیلر اور سابق فضائیہ کے کیپٹن ایڈ ڈوائٹ شامل ہیں جنہیں صدر جان ایف کینیڈی نے۱۹۶۱ء میں ملک کے پہلے سیاہ فام خلاباز کے امیدوار کے طور پر منتخب کیا تھا لیکن انہیں کبھی بھی پرواز کرنے کا موقع نہیں ملا۔ اس دوران عملے کے تمام ارکان فلائٹ میں موجود ہونے پر پرجوش تھے۔ نیو شیپرڈ نے اب ۳۷؍افراد کو خلا میں بھیجا ہے جن میں آج کا عملہ بھی شامل ہے۔ یہ مشن نیو شیپرڈ پروگرام کے تحت ۷؍ ویں انسانی پرواز تھی۔ اب تک یہ پروگرام۳۱؍ انسانوں کو کرمان لائن سے اوپر لے جا چکا ہے جو زمین کے ماحول اور بیرونی خلا کے درمیان مجوزہ روایتی حد ہے۔ نیو شیپرڈ ایک مکمل طور پر دوبارہ قابل استعمال ذیلی مداری لانچ وہیکل ہے جسے بلیو اوریجن نے خلائی سیاحت کیلئے تیار کیا ہے۔ 
بلیو اوریجن کے مطابق ’’گوپی ایک پائلٹ اور ہوا باز ہیں جنہوں نےگاڑی چلانے سے پہلے پرواز کرناسیکھ لیا تھا۔ ‘‘ گوپی نے پریزرو لائف کارپوریشن کی مشترکہ بنیاد رکھی جو ہارٹسفیلڈ-جیکسن اٹلانٹا انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے قریب واقع فلاح و بہبود اور اپلائیڈ ہیلتھ کا ایک عالمی مرکز ہے۔ تجارتی طور پر جیٹ طیاروں کو اڑانے کے علاوہ، وہ بش، ایروبیٹک اور سمندری جہازوں کے ساتھ گلائیڈرز اور ہاٹ ایئر بلونس کا بھی کاروبار کرتے ہیں۔ اس سے قبل انہوں نے ایک بین الاقوامی طبی جیٹ پائلٹ کے طور پر بھی اپنی خدمات انجام دے چکے ہیں۔ بتا دیں کہ گوپی تھوٹاکورا ایمبری-ریڈل ایروناٹیکل یونیورسٹی سے گریجویٹ ہیں ۔ سی این این نے رپورٹ کیا پرواز کے عروج پر، مسافروں نے کیبن کی کھڑکیوں سے چند منٹوں کی بے وزنی اور زمین کے حیرت انگیز نظاروں کا تجربہ کیا۔ پرواز کے دوران، ہر خلاباز بلیو اوریجن فاؤنڈیشن، کلب فار دی فیوچر کی جانب سے خلا میں ایک پوسٹ کارڈ لے کر گیا تھا۔ یہ پروگرام طلبہ کو بلیو اوریجن کے راکٹوں پر جگہ تک رسائی فراہم کرتا ہے، جس میں پوسٹ کارڈ بنانے اور بھیجنے کا ایک آل ڈجیٹل طریقہ بھی شامل ہے۔ کلب کا مشن زمین کے فائدے کیلئے STEAM (سائنس، ٹیکنالوجی، انجینئرنگ، آرٹس اور میتھس) میں کریئر بنانے کیلئے آنے والی نسلوں کی حوصلہ افزائی اور متحرک کرنا ہے۔ ماحولیاتی نقطہ نظر سے، نیو شیپرڈ کے خشک ماس کا تقریباً ۹۹؍ فیصد دوبارہ استعمال کیا جاتا ہے، بشمول بوسٹر، کیپسول، انجن، لینڈنگ گیئر، اور پیراشوٹ۔ نیو شیپرڈ کے انجن کو انتہائی موثر مائع آکسیجن اور ہائیڈروجن سے ایندھن دیا جاتا ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK