گوپی تھوٹاکورا، امیزون کے بانی جیف بیزوس کے بلیو اوریجن کے این ایس ۲۵؍ مشن پر سیاح کے طور پر خلا میں جانے والے پہلے ہندوستانی بننے والے ہیں، انہوں نے بش، ایروبیٹک اور سمندری جہازوں کے ساتھ ساتھ گلائیڈرز اور گرم ہوا کے غبارے بھی چلائے ہیں، اور ایک بین الاقوامی طبی جیٹ پائلٹ کے طور پر خدمات انجام دے چکے ہیں۔
گوپی تھوٹاکورا۔ تصویر : آئی این این
گوپی تھوٹاکورا، ایک کاروباری اور پائلٹ، امیزون کے بانی جیف بیزوس کے بلیو اوریجن کے این ایس ۲۵؍ مشن پر سیاح کے طور پر خلا میں جانے والے پہلے ہندوستانی بننے والے ہیں۔ تھوٹاکورا کو مشن کے لئے عملے کے ۶؍ ارکان میں سے ایک کے طور پر منتخب کیا گیا تھا۔
وہ پہلے ہندوستانی خلائی سیاح او ر ۱۹۸۴ءمیں بھارتی فوج کے ونگ کمانڈر راکیش شرما کے بعد خلاء میں جانے والے دوسرے ہندوستانی ہیں۔ ایرو اسپیس کمپنی نے کہا کہ پرواز کی تاریخ کا اعلان ہونا باقی ہے۔ یہ مشن نیو شیپرڈ پروگرام کے لئے ساتویں انسانی پرواز اور اس کی تاریخ میں ۲۵؍ ویں پرواز ہوگی۔ آج تک، یہ پروگرام ۳۱؍ انسانوں کو کرمان لائن سے اوپر لے جا چکا ہے، جو زمین کے ماحول اور بیرونی خلاء کے درمیان مجوزہ روایتی حد ہے۔
نیو شیپرڈ ایک مکمل طور پر دوبارہ قابل استعمال ذیلی مداری لانچ وہیکل ہے جسے بلیو اوریجن نے خلائی سیاحت کے لئے تیار کیا ہے۔ بلیو اوریجن کے مطابق، ’’گوپی ایک پائلٹ اور خلاء باز ہے جس نےسفر سے پہلے جہازاڑانا سیکھ لیا تھا۔‘‘
وہ پریزرو لائف کارپوریشن کے شریک بانی ہیں، جو ہارٹسفیلڈ-جیکسن اٹلانٹا انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے قریب واقع جامع صحت اور اپلائیڈ ہیلتھ کا ایک عالمی مرکز ہے۔ تجارتی طور پر جیٹ طیاروں کو اڑانے کے علاوہ انہوں نے بش، ایروبیٹک اور سمندری جہازوں کے ساتھ ساتھ گلائیڈرز اور گرم ہوا کے غبارے بھی چلائے ہیں، اور ایک بین الاقوامی طبی جیٹ پائلٹ کے طور پر خدمات انجام دے چکےہیں۔
آندھرا پردیش میں پیدا ہوئے تھوٹاکورا ایمبری ریڈل ایروناٹیکل یونیورسٹی سے گریجویٹ ہیں۔ فلائٹ کے دیگر عملے کے ارکان میں میسن اینجل، سلوین چیرون، کینتھ ایل ہیس، کیرول شیلر، اور ایئر فورس کے سابق کپتان ایڈ ڈوائٹ شامل ہیں، جنہیں صدر جان ایف کینیڈی نے ۱۹۶۱ء میں ملک کے پہلے سیاہ فام خلاء باز کے امیدوار کے طور پر منتخب کیا تھا لیکن انہیں کبھی خلاء میں پرواز کرنے کی اجازت نہیں دی گئی۔
پرواز کے دوران، ہر خلاء باز بلیو اوریجن فاؤنڈیشن، کلب فار دی فیوچر کی جانب سے خلاء میں ایک پوسٹ کارڈ لے کر جائے گا۔ کلب کا مشن طلبہ کی حوصلہ افزائی کرنا ہے اور آنے والی نسلوں کو (سائنس، ٹیکنالوجی، انجینئرنگ، آرٹس اور ریاضی) سے اپنا مستقبل جوڑنے کی جانب مائل کرنا ہے۔