• Sat, 25 January, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo

گوریگاؤں:مرینال تائی گورے فلائی اوور کی توسیع کا کام مکمل نہ ہونےسے مقامی افراد کو پریشانی کا سامنا

Updated: October 31, 2024, 10:18 PM IST | Mumbai

۲۰۱۹ء میں کام شروع ہوا تھا اور۲۰۲۲ء میں مکمل ہونا تھا ۔ بی ایم سی کا کہنا ہے کہ اب اس پل کو آئندہ برس تک مکمل کرنے کی کوشش کی جارہی ہے

The expansion of the Mrinal Tai Gore flyover is not yet complete
مرینال تائی گورے فلائی اوورجس کی توسیع کا کام اب تک مکمل نہیں ہوا ہے۔ (تصویر: انقلاب)

 مرینال تائی گورے فلائی اوور میں توسیع کا کام گزشتہ چند برسوں سے التواء کا شکار ہے اور اب بھی اس کا کام سست روی کا شکار ہونے کی وجہ سے اوشیوارہ اور گوریگائوں کے مکین سخت ناراض ہیں اور منتظمین سے اس فلائی اوور کی تعمیر کو جلد از جلد مکمل کرنے کا مطالبہ کررہے ہیں۔ مقامی افراد کا کہنا ہے کہ اس فلائی اوور کی توسیع ہونے سے اس علاقے میں ٹریفک کا مسئلہ کافی حد تک کم ہوسکتا  ہے۔جب اس کام کی ابتداء کی گئی تھی تو اسے ۲۰۲۲ء میں مکمل کرنے کا ہدف طے کیا گیا تھا لیکن اوشیوارہ ندی کے اوپر بریج کی تعمیر اور دیگر کئی تکنیکی دشواریوں کے سبب یہ کام اب تک مکمل نہیں ہوسکا ہے۔
 مرینال تائی گورے فلائی اوور میں توسیع ہونے سے گوریگائوں مشرق اور مغرب کے درمیان سفر آسان ہوجائے گا۔ اس کے علاوہ گاڑی والوں کو اوشیوارہ لنک روڈ جانے کیلئےٹریفک میں پھنسے بغیر گزرنا ممکن ہوسکے گا۔ فلائی اوور کی توسیع شدہ حصہ ایس وی روڈ اور اوشیوارہ ندی کے اوپر سے گزرتا ہے جس سے ایس وی روڈ پر رام مندر علاقے کے سگنل اور ٹریفک میں پھنسے بغیر گاڑی والے ریلیف روڈ پہنچ جائیں گے۔صبح اور شام کے بھیڑ بھاڑ کے اوقات میں اکثر رام مندرعلاقے کے سگنل اور ریلیف روڈ سگنل پر ٹریفک جام کا مسئلہ پیدا ہوتا ہے اور بریج میں توسیع سے یہاں ٹریفک جام کا مسئلہ ختم ہوسکتا ہے۔
 ایس وی روڈ کے اوپر سے گزرنے والے اوشیوارہ بریج کا کام بھی جاری ہے جس کی وجہ سے اس بریج پر صرف ایک طرف کی سڑک سے دونوں جانب کی گاڑیوں کو گزرنا پڑتا ہے۔ دراصل ۲۰۱۹ء میں بی ایم سی نے اس بریج کا معائنہ کیا تھا جس سے پتہ چلا تھا کہ بریج کی حالت خستہ ہوچکی ہے جس کی وجہ سے اس بریج کے شمالی حصہ کو منہدم کردیا گیاتھا اور جنوبی   طرف کی ایک سڑک سے دونوں جانب کی گاڑیوں کو گزارا جانے لگا۔ چونکہ اس بریج کی حالت خستہ ہوچکی ہے اس لئے اس بریج سے بڑی گاڑیوں کو گزرنے کی اجازت نہیں دی جاتی ہے۔
 مقامی افراد کو شکایت ہے کہ بریج پر بڑی گاڑیوں کا داخلہ ممنوع قرار دینے کی وجہ سے ۲۰۱۸ء سے بیسٹ کی بسیں بھی گھوم کر مختلف راستوں سے گزرتی ہیں۔
 بریج کی توسیع اور مرمت شروع ہوکر ۶؍ سال کا عرصہ گزر جانے کے باوجود یہ کام مکمل ہوتا نظر نہیں  آرہاہے۔ چونکہ اس بریج پر ایک ہی طرف کی سڑک جاری ہے اس لئے عام طور پر پورے دن کئی سو میٹر تک ٹریفک جام رہتا ہے۔
 بی ایم سی افسران کے مطابق اوشیوارہ ندی کے اوپر بریج کا کام بھی التواء کا شکار ہے اور ماضی میں اس میں چند تکنیکی دشواریاں تھیں۔ تاہم افسران اسے آئندہ برس تک مکمل کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ یہ پروجیکٹ کا دوسرا حصہ ہے اور اسے سرکاری طور پر ’مرینال تائی گورے فلائی اوور‘ کے نام سے جانا جاتا ہے۔
 ریکارڈ کے مطابق۲۰۱۸ء میں بی ایم سی نے گوریگاؤں مغرب میں مرینال تائی گورے فلائی اوور کی توسیع کو منظوری دی تھی۔۸۴۰؍میٹر طویل توسیع پر تقریباً۲۰۳؍کروڑ کا تخمینہ لگایا گیا تھا۔ اگرچہ اصل کام ۲۰۱۹ء میں شروع ہوا تھا اور ابتدائی طور پر۲۰۲۲ءتک مکمل ہونا طے کیا گیاتھا لیکن بعد میں بی ایم سی نے اس مقررہ وقت کو دسمبر۲۰۲۳ء تک بڑھا دیاتھا۔ فی الحال بی ایم سی اگلے سال تک اس پروجیکٹ کو مکمل کرنے کا منصوبہ بنا رہی ہے جس کے مطابق مرینال تائی گورے فلائی اوور کی توسیع سے رام مندر روڈ، ایس وی روڈ، نیو لنک روڈ، ویسٹرن ایکسپریس ہائی وے پر گوریگاؤں اور جوگیشوری کے کچھ حصے کے مسافروں کو فائدہ پہنچے گا۔ اس فلائی اوورسے ویسٹرن ایکسپریس ہائی وے سے نیو لنک روڈ تک براہ راست پہنچا جاسکے گا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK