یہاں کے شتابدی اسپتال میں صفائی ملازم کے ذریعے مریضہ کی ای سی جی کرنے کا ویڈیووائرل ہونے سے گوونڈی، چمبور اور اطراف کےعلاقوں کے عوام میں بے چینی پائی جا رہی ہے۔
EPAPER
Updated: December 30, 2024, 11:01 AM IST | Saadat Khan | Chembur
یہاں کے شتابدی اسپتال میں صفائی ملازم کے ذریعے مریضہ کی ای سی جی کرنے کا ویڈیووائرل ہونے سے گوونڈی، چمبور اور اطراف کےعلاقوں کے عوام میں بے چینی پائی جا رہی ہے۔
یہاں کے شتابدی اسپتال میں صفائی ملازم کے ذریعے مریضہ کی ای سی جی کرنے کا ویڈیووائرل ہونے سے گوونڈی، چمبور اور اطراف کےعلاقوں کے عوام میں بے چینی پائی جا رہی ہے۔ گوونڈی کی کارپوریٹر رخسانہ صدیقی نے اس تعلق سے موصول ہونے والی متواتر شکایتوں کے بعد خود برقع پہن کر شتابدی اسپتال کا دورہ کرکے رنگے ہاتھوں ملازم کو ای سی جی کرتے پکڑا۔ صفائی ملازم کے ای سی جی کرنے سے یہاں علاج کیلئے آنے والی بالخصو ص مسلم برقع پوش خواتین میں بے چینی پائی جارہی ہے۔ اسپتال کے ڈین کےمطابق طبی عملہ کی کمی سے ایک شخص کو ای سی جی کرنےکی تربیت دی گئی تھی۔ وہ ڈاکٹروں کی نگرانی میں ای سی جی کرتاہے۔ اب ہمیں ایک اسسٹنٹ فزیشین مل گیاہے جو ای سی جی کرنےکی ذمہ داری ادا کرےگا۔
اس ضمن میں رخسانہ صدیقی نے بتایاکہ ’’ شتابدی اسپتال میں ہونےوالی بدنظمیوں کے تعلق سے یوں تو اکثر شکایتیں موصول ہوتی ہیں لیکن گزشتہ کچھ ہفتوں سے یہاں صفائی ملازم کے ذریعے خواتین کی ای سی جی کرنےکی شکایت مل رہی تھی۔ صفائی ملازم دیگر خواتین کے ساتھ برقع پوش خواتین کی بھی ای سی جی کرتاہے۔ انہیں برقع اُتارنے کے علاوہ قمیص وغیرہ سرکانےکیلئے بھی کہاجاتاہے جس سے برقع پوش خواتین میں بے چینی پائی جارہی ہے۔ ‘‘انہوں نے یہ بھی بتایاکہ ’’ اس تعلق سےموصول ہونےوالی متعدد شکایتوں کے بعد اچانک میں نے خود برقع پہن کر شتابدی اسپتال کا دورہ کیا۔ صفائی ملازم جہاں ای سی جی کرتا ہے، وہاں جانےپر میں نے دیکھا کہ وہ ایک برقع پوش خاتون کا ای سی جی کر رہا تھا۔ میں نے اس سے پوچھا تم کون ہو، جس کے جواب میں اس نے کہاکہ میں صفائی ملازم ہوں ، تمہیں ای سی جی کرنے کا تجربہ ہے ؟اس سوال پر اس نے بتایاکہ مجھے ای سی جی کرنا آتاہے لیکن جب اس سے یہ دریافت کیاگیاکہ تمہیں معلوم ہےکہ تم کیاکررہےہو اور یہ کام کس کا ہے تو وہ خاموش ہوگیا۔ نام دریافت کرنےپر اس نے اپنانام مکیش واگھو بتایا۔ اکیلی خاتون کا ای سی جی تم کیسے کرسکتےہو ؟ اس سوال پر اس نےکہا:جس عورت کے ساتھ، دوسری عورت ہوتی ہے، میں اسی کا ای سی جی کرتاہوں جس پر میں نےکہاکہ اس عورت کےساتھ توکوئی نہیں ہے تم اکیلی عورت کا ای سی جی کررہے ہو۔ میرے یہ کہنے پر وہ خاموش ہوگیا۔ جس طرح وہ ایک برقع پوش خاتون کا ای سی جی کررہاتھا، وہ قابل اعتراض تھا۔ ‘‘
رخسانہ صدیقی کے مطابق ’’اسپتال کے ڈین سنیل پکڑے سے استفسار کرنےپر انہوں نےاس بارےمیں کہاکہ اس ملازم کو ای سی جی کرنے کی باقاعدہ ٹریننگ دی گئی ہے۔ عملہ کی کمی سے وہ ای سی جی کرتاہے۔ جس پر میں نے کہاکہ اگر عملہ کی قلت کی وجہ سے صفائی ملاز م کو ٹریننگ دے کر ای سی جی کرنےکی اجازت دی جاسکتی ہے تومجھے بھی ڈین کی ٹریننگ دے کر ڈین کی ذمہ داری اداکرنے کاموقع دیا جائے۔ بہت بحث وتکرار کےبعد میں نے ڈین سے کہا کہ میں اس معاملہ کی پولیس میں شکایت درج کرائوں گی۔ پیر کو مقامی ڈی سی پی سے ملاقات کرنےاور ایف آئی آر کرنےکی تیاری جاری ہے۔ ‘‘
شتابدی اسپتال کےڈین ڈاکٹر سنیل پکڑے سے اس تعلق سے استفسار کرنےپر انہوں نے بتایاکہ ’’ای سی جی ٹیکنیشن کا عہدہ ۵؍سال سے خالی ہے۔ ہم نے ای سی جی کیلئے ایک شخص کو تربیت دی ہے جوڈاکٹروں کی نگرانی میں اوپی ڈی ۴؍میں ای سی جی کرتاہے۔ جدید مشینوں سے ای سی جی کرنابہت آسان ہوگیاہے۔ ای سی جی رپورٹ کی تصدیق صرف ڈاکٹروں کےذریعے کی جاتی ہے۔ اب ہمارے پاس ایک اسسٹنٹ فزیشین آگیاہے۔ ‘‘