• Fri, 18 October, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

گوونڈی :فلسطین اورلبنان پراسرائیلی جارحیت کے خلاف زبردست احتجاج

Updated: October 03, 2024, 10:34 AM IST | Mumbai

ریلی میں بڑی تعداد میں مقامی افراد شریک ہوئے ۔ مظاہرین نے اسرائیل کے خلاف اورفلسطین کے حق میں نعرے لگائے

Participants of a rally in Govindi against Israeli aggression.
اسرائیلی جارحیت کے خلاف گوونڈی میں نکالی گئی ریلی کے شرکاء۔

 فلسطین اور لبنان پراسرائیلی جارحیت کے خلاف گوونڈی میں احتجاج کیا گیا اور ریلی نکالی گئی۔منگل کی شب میں بعد نماز عشاءگوونڈی کےروڈ نمبر ۱۲؍ حضرت عباس علم دار کے روضے سے یہ ریلی نکالی گئی اور روڈ نمبر ۱۳؍ آشیانہ ،شیواجی نگربس ڈپو ہوکر روضے پر ختم ہوئی۔ اس دوران اسرائیل کے خلاف اور فلسطین کے حق میں   نعرے لگائے گئے۔
 شیعہ عالم دین مولانا احمدعلی نےریلی سے قبل خطاب کرتے ہوئےکہاکہ ’’ اسرائیل کی بدترین جارحیت جاری ہے اوراس نے حزب اللہ کے سربراہ حسن نصراللہ کوشہید کرکے شاید یہ سمجھ لیا ہے کہ وہ اپنے مقصد میںکامیاب ہوگیا  لیکن یہ اسرائیل کی غلط فہمی ہے کیونکہ حسن نصر اللہ محض ایک شخصیت نہیںتھے ،ایک فکرتھے ،ایک سوچ تھے اورایک مشن تھا جس کا مقصد باطل قوتوں کو زیر اور انہیں ناکام کرنا تھا ۔ ان کا مشن اور تحریک زندہ ہے۔ان سے فکری وابستگی رکھنے والے جیالے اس مشن کوآگے بڑھائیں گے ۔‘‘
 ایڈوکیٹ ابراہیم شیخ عرف لاڈلے نے کہا کہ ’’ اسرائیل جس دہشت گردی کو اپنا دفاع قرار دیتا ہے ، وہ دراصل اس کی ہٹ دھرمی اوربدترین ناکامی ہے کیونکہ دفاع کا یہ ہرگز مطلب نہیںہے کہ شہری آبادی کو نشانہ بنایا جائے۔ اسی وجہ سے ہم سب اس کی مذمت کرتے ہوئے احتجاج کررہے ہیں۔‘‘معراج انصاری نے کہاکہ ’’ اسرائیل اس وقت حددرجہ بوکھلا گیا ہے اوراس کی سمجھ میں نہیں آرہا ہے کہ وہ کیا کرے ۔اس کی وجہ یہی ہے کہ ایک سال سے وہ فلسطین پرمسلسل حملے کررہا ہے لیکن ان غیوراوربہادر فلسطینیوں کوجھکا نہیںسکا ہے۔‘‘ انہوں نے یہ بھی کہاکہ ’’ اسرائیل کی اس حیوانیت کے خلاف سبھی کو ایک ہونے کی ضرورت ہے۔‘‘اس دوران جاویداحمد، محمد عرفان ،محمد اسلم اور سید بابو نے بھی مختصر اظہارخیال کیا اور اسرائیل کی مذمت کی ۔ریلی میںبڑی تعداد میںمقامی لوگوں نےحصہ لیا ۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK