دیونار گراؤنڈ پرکل بعد نمازِ ظہر اجتماع کا آغازہو گا اور اتوار کی شب میںعشاءکی نمازکےبعد دعا پر ختم ہوگا ۔۸۸؍سی سی ٹی وی کیمرے ، ایک ہزاررضا کار اورپارکنگ کا خصوصی نظم
EPAPER
Updated: December 27, 2024, 9:45 AM IST | Saeed Ahmed Khan | Mumbai
دیونار گراؤنڈ پرکل بعد نمازِ ظہر اجتماع کا آغازہو گا اور اتوار کی شب میںعشاءکی نمازکےبعد دعا پر ختم ہوگا ۔۸۸؍سی سی ٹی وی کیمرے ، ایک ہزاررضا کار اورپارکنگ کا خصوصی نظم
دعوتِ اسلامی کے زیراہتمام دیونار گراؤنڈ (گوونڈی ) پر ۲۸؍اور۲۹؍ دسمبرکو ۲؍ روزہ سالانہ اجتماع کی تیاریاں آخری مرحلے میں ہیں۔ یہاں منعقد کئے جانے والے اجتماع کا یہ تیسرا سال ہوگا ۔ سنیچر کو ظہر کی نماز کے بعداجتماع کا باضابطہ آغازعمل میںآئے گا اوراتوار کی شب میںعشاء کی نماز کے بعد دعاپر ختم ہوگا۔
مختلف اہم عناوین کا احاطہ
دوروزہ اجتماع میں نماز کی اہمیت ، والدین کی فرماں برداری، شراب نوشی کے دینی ،سماجی اور جسمانی نقصانات ، صفائی کی اہمیت ،احترام مسلم اورپڑوسی کے حقوق کی پاسداری وغیرہ الگ الگ عناوین پرعلماء اور مبلغین خطاب کریں گے۔ نمائندۂ انقلاب کے استفسارپرجامعۃ المدینہ فیضان کنزالایمان کے پرنسپل مولانا محمدعرفان نظامی نے مذکورہ بالا تفصیلات سے آگاہ کرایا ۔
حفاظتی انتظامات پرخصوصی توجہ
مولانا نے یہ بھی بتایاکہ ’’ حفاظتی نقطۂ نظر سےخاص توجہ دی گئی ہے۔اسی لحاظ سےاجتماع گاہ میںداخلی گیٹس پر۱۶؍ڈور فریم میٹل ڈٹیکٹراور چاروں جانب ۸۸؍ سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب، ایک ہزار سے زائد رضاکاروں کی تعیناتی ،۵۰؍ہیڈ فریم میٹل ڈٹیکٹر، پولیس چوکی ، فائر سیفٹی ، ایمبولینس اور دیگر انتظامات کئے جارہے ہیںتاکہ شرکاء اجتماع یکسوئی کےساتھ علماء اور مبلغین کے خطابات پرہمہ تن گوش رہ سکیں۔ ‘‘
انہوں نے انقلاب کو خصوصی گفتگو میں یہ بھی بتایاکہ ’’ شرکائے اجتماع کی کثرت سے آمد کے پیش نظر ۷۰۰؍ سے زائد بسوں ، بڑی تعداد میں دوپہیہ اورچار پہیہ گاڑیوں کی پارکنگ کے لئے نظم کیا گیا ہے ۔‘‘
مولانا محمد عرفان کے مطابق ’’ بہتر انتظامات کی غرض سے ذمہ داروں اوررضا کاروں کو ان کی ذمہ داریاں تفویض کردی گئی ہیں، وہ بہتر باہمی رابطے کے ساتھ بحسن وخوبی اپنی ذمہ داریاں ادا کرنے میں مصروف ہیں۔ ‘‘