منتظمین کونوٹس دے کرپولیس اسٹیشن طلب کیاجارہا ہے۔ مظاہرین نے کہا: ہم نے اپنے جمہوری حق کا استعمال کرتے ہوئے پُرامن احتجاج کیا ہے۔
EPAPER
Updated: October 04, 2024, 10:21 AM IST | Saeed Ahmed Khan | Govandi
منتظمین کونوٹس دے کرپولیس اسٹیشن طلب کیاجارہا ہے۔ مظاہرین نے کہا: ہم نے اپنے جمہوری حق کا استعمال کرتے ہوئے پُرامن احتجاج کیا ہے۔
یہاں اسرائیل کی جارحیت کے خلاف ریلی نکالنے والوں پر پولیس نے کیس درج کرلیا ہے اور انہیں شیواجی نگر پولیس کی جانب سے نوٹس جاری کیا جارہا ہے۔ روڈ نمبر ۱۲؍پرسادہ لباس میں پولیس اہلکار مظاہرین کو تلاش کررہے ہیں۔ پولیس کی اس کارروائی کے برخلاف مظاہرین نے پُرامن احتجاج کو اپنا حق قرار دیا اور یہ واضح کیا کہ اس آئینی حق اورجمہوری حق کوان سے کوئی نہیں چھین سکتا، نہ ہی طاقت کے بل پر ان کی آواز دبائی جاسکتی ہے۔ یاد رہےکہ اسرائیل کی فلسطینیوں اور لبنان پر کی جانے والی بے تحاشہ بمباری جس میں بڑے پیمانے پرجان ومال کےنقصان کےساتھ بچوں ، بزرگوں اورخواتین کے علاوہ عبادت گاہوں اور شہری آبادی کوبھی نشانہ بنایاجارہا ہے ، کے خلاف منگل کی شب میں بعد نمازِ عشاءگوونڈی میں روڈ نمبر ۱۲؍ حضرت عباس علم دار کے روضے سے ریلی نکالی گئی۔ ریلی میں سید بابو، ایڈوکیٹ ابراہیم شیخ عرف لاڈلے، معراج انصاری، جاویداحمد، محمد عرفان محمد اسلم پیش پیش تھے جبکہ بڑی تعداد میں دیگر لوگ بھی شریک ہوئے تھے۔
اس تعلق سےگفتگو کرنے پر ایڈوکیٹ ابراہیم شیخ عرف لاڈلے نے نمائندۂ انقلاب کو بتایا کہ ’’ پولیس کی کارروائی کا علم ہوتے ہی وہ اپنے علاقے سے دور چلے گئےتاکہ پولیس سے بچ سکیں اوریہ معلوم کرسکیں کہ جاری کردہ نوٹس میں کیا دفعات لگائی گئی ہیں تاکہ اسی کے مطابق قانونی پیش رفت کرنے کےساتھ جیسی ضرورت ہو، عدالت سے پیشگی ضمانت لی جاسکے۔ ‘‘ انہوں نےاس بات کا اعادہ کیا کہ’’اسرائیل ظالم اور قاتل ہے جس کی دلیل یہ ہےکہ وہ بے گناہوں پربم برسا رہا ہے اوربچوں کوبھی شہیدکررہا ہے۔ عبادت گاہوں اور شفاخانے بھی اس کی جارحیت سے محفوظ نہیں ہیں۔ اس لئے ظالم کے خلاف آواز اٹھانا ہرذمہ دارشہری کا فرض ہے۔ ہندوستان نے ہمیشہ مظلوموں اورکمزوروں کا ساتھ دے کر انسانیت نوازی کاثبوت دیا ہے۔ ‘‘ ایڈوکیٹ ابراہیم نے یہ بھی کہا کہ ’’ویسے بھی آزادیٔ اظہار رائے اورظلم کے خلاف ا حتجاج کرنا ہماراجمہوری اورآئینی حق ہے، اسے کوئی نہیں چھین سکتا۔ پولیس کی جانب سے جوکارروائی کی جارہی ہے، وہ غلط ہے۔ ‘‘ ان سےنمائند ے کے یہ پوچھنے پرکہ کیا آپ لوگوں نے ریلی کیلئے پولیس سے پیشگی اجازت حاصل کی تھی تو انہوں نے بتایاکہ وہ ریلی میں کچھ تاخیر سے پہنچے تھے، دیگر منتظمین سے ان کی بات چیت ہوئی تھی اوران کا کہنا تھاکہ پولیس کومطلع کیا گیاتھا۔ ‘‘
شیواجی نگر پولیس اسٹیشن کے سینئر انسپکٹر بابو راؤ دیشمکھ نے کہاکہ ’’ بغیر اجازت ریلی نکالی گئی تھی اسی سبب کارروائی کی گئی ہے اوراب تک ۸؍لوگوں کو نوٹس د یا گیا ہے، مزید ۲۵؍ لوگوں کو نوٹس دیاجائے گا۔ ‘‘انہوں نے یہ بھی کہاکہ ریلی کے دوران کا ویڈیو دیکھا گیا اور اس کی مدد سے بھی لوگوں کی شناخت کی گئی ہے مگرکسی کی گرفتاری سے سینئر انسپکٹر نے انکار کیا۔