• Sun, 05 January, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo

ملک کے اقتصادی مسائل کا حکومت کے پاس کوئی حل نہیں:کھرگے

Updated: January 03, 2025, 12:59 PM IST | Agency | New Delhi

کانگریس صدر نےکہا کہ ملک کی موجودہ معاشی صورتحال کیلئےحکومت ذمہ دار ہے اوریہ بحران اس کا پیدا کردہ ہے۔

Mallikarjun Kharge. Picture: INN
کانگریس صدرملکارجن کھرگے۔ تصویر: آئی این این

کانگریس صدر ملکارجن کھر گے نے کہا ہے کہ ملک میں اقتصادی بدحالی اور اتھل پتھل کا دور جاری ہے اور اس کے آثار واضح طور پر نظر آرہے ہیں لیکن حکومت اس مسئلہ کو حل کرنے کیلئے اقدامات نہیں کررہی ہے۔ کھر گے نے کہا کہ ملک کی موجودہ اقتصادی حالت کے لیے مودی حکومت ذمہ دار ہے اور اس نے یہ اقتصادی بحران پیدا کیا ہے لیکن مودی حکومت کے پاس اس بحران سے نمٹنے کا کوئی حل نہیں ہے۔ 
 کھرگے نے ایکس پر ایک پوسٹ میں لکھا ’’مودی حکومت کے پاس خود سے پیدا ہونے والی اقتصادی بدحالی اور اتھل پتھل کا کوئی حل نہیں ہے۔ سات اشاریے جو عام ہندوستانیوں کی زندگیوں میں افراتفری کی عکاسی کرتے ہیں ان میں گولڈ لون میں ۵۰؍ فیصد اضافہ اور گولڈ لون پر غیر فعال اثاثوں (این پی اے) میں ۳۰؍فیصد اضافہ شامل ہے۔ نجی کھپت، خاندانوں کے ذریعہ خریدے گئے سامان اور خدمات کی مجموعی قدر گزشتہ آٹھ سہ ماہی کے دوران سست ہوئی ہے اور کووڈ سے پہلے کی سطح پر بحال نہیں ہوئی ہے۔ ‘‘
 کانگریس صدر نے کہا’’کاروں کی فروخت میں اضافہ چار سال کی کم ترین سطح پر آ گیا ہے۔ گزشتہ پانچ برسوں میں، انجینئرنگ، مینوفیکچرنگ، پروسیس اور انفراسٹرکچر ڈی ایم پی آئی شعبوں میں تنخواہوں میں صرف۰ء۸؍ فیصد کی کمپاؤنڈ سالانہ شرح سے اضافہ ہوا ہے۔ گزشتہ ۸؍ سہ ماہی میں خوراک کی افراط زر اوسطاً ۷ء۱؍ فیصد رہی ہے۔ ضروری اشیا پر جی ایس ٹی کی شکل میں بالواسطہ ٹیکس گھریلو بچت کو کم کر رہا ہے جو۵۰؍ سال کی کم ترین سطح پر ہے۔ ‘‘انہوں نے کہا’’گھریلو مالی واجبات اب جی ڈی پی کے ۶ء۴؍ فیصد پر کھڑے ہیں – جو دہائیوں میں سب سے زیادہ ہیں۔ روپیہ اب تک کی کم ترین سطح پر پہنچ گیا ہے جس کی وجہ سے غیر ملکی فنڈز نکل گئے اور چھوٹے سرمایہ کاروں کو لاکھوں کروڑوں کا نقصان اٹھانا پڑا۔ ‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK