• Sat, 16 November, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

حکومت گھروں اور اداروں میں دراندازی کررہی ہے: محبوبہ مفتی

Updated: July 28, 2024, 11:13 AM IST | Srinagar

سابق وزیر اعلیٰ نے کہاکہ امیت شاہ میں ہمت ہے تووہ سرحد کے دونوں طرف نمائندوں پر مشتمل پینل تشکیل دیں۔

Mehbooba Mufti addressed in Srinagar. Photo: PTI
محبوبہ مفتی سری نگر میں خطاب کرتی ہوئیں۔ تصویر : پی ٹی آئی

پی ڈی پی صدر اور سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے جموں خطے میں جنگجوؤں کے حملوں اور انکاؤنٹرکے واقعات میں اضافے پر مرکزی سرکار کو ہدف تنقید بناتے ہوئے الزام لگایا کہ کشمیر کے گھروں اور اداروں میں در اندازی کرنے کی کوششوں میں مصروف ہے ۔پی ڈی پی کے ۲۵؍ ویں  یوم تاسیس  کے موقع پر سری نگر میں ایک عوامی جلسےسے خطاب کے دوران انہوں نے کہاکہ’’ میں حکومت سے کہنا چاہتی ہوں کہ غیر ملکی ملی ٹینٹ جموں میں گھس کر ہمارے لوگوں کو مار رہے ہیں  اور تم کیا کررہے ہو، تم ہمارے گھروں، ہمارے  اسکولوں، اداروں، یونیورسٹیو ں میں در اندازی کر رہے ہو۔‘‘انہوں نے کہاکہ جموں صوبے میں دراندازی کے ذریعے غیر ملکی ملی ٹینٹ اس طرف آکر شہریوں کو مار رہے ہیں اور واپس چلے جاتے ہیں۔ جموں صوبے میں ملی ٹینسی اس قدر بڑھ گئی ہے کہ لوگ اب گھروں سے باہر آنے میں خوف محسوس کر رہے ہیں۔
محبوبہ مفتی نے کہا کہ جموں و کشمیر کے مسئلے کا حل ان کے والد مفتی محمد سعید کے ایجنڈے میں شامل ہے۔انہوں نےمطالبہ کیا کہ جموں کشمیر کے علاقائی مسائل حل کرنے کیلئے ایل او سی کے دونوں طرف سے نمائندوں پرمشتمل ایک مشترکہ پینل تشکیل دیا جائے اس کے علاوہ انہوں نے جموں کشمیر میں وسطی ایشیا تک سڑکیں کھولنے کا مطالبہ کیا۔ محبوبہ مفتی نے کہا ’’وزیر داخلہ امیت شاہ کہتے ہیں کہ وہ اس کشمیر ( مقبوضہ کشمیر) کو واپس لائیں گے لیکن، میری آپ سے ایک درخواست ہے، جب تک آپ اس حصے کو واپس نہیں لاتے تب تک لائن آف کنٹرول کے اس پار کشمیر کے دونوں طرف سے۲۰؍ نمائندوں پر مشتمل ایک کمیٹی تشکیل دیں۔ کیا ان میں ایسا کرنے کی ہمت ہے؟ محبوبہ مفتی نے اس موقع پرمرکزی سرکار سے ملک کی جیلوں میں قید کشمیری نوجوا نوں کی فوری رہائی کا مطالبہ بھی کیا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK