ایگری کلچرل آفیسر کے دفتر میں تعینات یوگیش سونائونے نے خود کشی سے پہلے ویڈیو پیغام میں اپنے افسران پر ہراسانی کا الزام لگایا۔
EPAPER
Updated: February 22, 2025, 1:58 PM IST | Agency | Aurangabad
ایگری کلچرل آفیسر کے دفتر میں تعینات یوگیش سونائونے نے خود کشی سے پہلے ویڈیو پیغام میں اپنے افسران پر ہراسانی کا الزام لگایا۔
ایک اعلیٰ سرکاری عہدے پر فائز شخص کی اپنے دفتر میں خود کشی کرلینے سے اورنگ آباد کے سلوڈ تعلقے میں کھلبلی مچی ہوئی ہے۔ خود کشی کرنے والے افسر نے انتہائی قدم اٹھانے سے پہلے ایک ویڈیو ریکارڈ کیا تھا جس میں اس نے خود کشی کا سبب اعلیٰ افسران کی جانب سے کی جانے والی ہراسانی کو بتایا ہے۔ پولیس نے اس معاملے میں ۲؍ سرکاری افسران کے خلاف معاملہ بھی درج کیا ہے۔ فی الحال معاملے کی جانچ جاری ہے۔
اطلاع کے مطابق اورنگ آبادضلع کے سلوڈ تعلقے میں ایگری کلچرل آفیسر کے دفتر میں بطور معاون کام کرنے والے یوگیش شیورام سونائونے جمعہ کے روز معمول کے مطابق اپنے دفتر پہنچے۔ جس وقت دفتر میں کوئی نہیں تھا انہوں نے پھانسی لگا کر اپنی زندگی کا خاتمہ کر لیا۔ اس قدم سے پہلے انہوں نے ایک ویڈیو ریکارڈ کیا جس میں انہوں نے الزام لگایا کہ ایگری کلچرل آفیسر اور اسسٹنٹ ایگری کلچرل آفیسر انہیں ہراساں کیا کرتے تھے۔ ان سے توہین آمیز انداز میں گفتگو کیا کرتے تھے۔ چھٹی کے دن بھی ان سے کام لیا کرتے تھے۔ سونائونے کا کہنا تھا ’’ان ساری باتوں سے پریشا ہو کر میں اپنی زندگی کا خاتمہ کر رہا ہوں۔ ‘‘
اس واقعے کی اطلاع فوری طور پر پولیس کو دی گئی۔ پولیس نے لاش کا پنچ نامہ کیا۔ اس کے بعد سونائونے کی اہلیہ وملا سونائونے کی شکایت پر ایگری کلچرل آفیسر اور اسسٹنٹ ایگری کلچرل آفیسر کے خلاف معاملہ درج کیا گیا۔ معاملے کی مزید تفتیش جاری ہے۔ یاد رہے کہ اس سے قبل احمد نگر میں ایک انجینئر یہ کہتے ہوئے اپنے عہدے سےاستعفیٰ دیدیا تھا کہ ’’ میں ایک انجینئر ہوں کوئی غلام نہیں ہوں۔ ‘‘ اس انجینئر کی بھی یہی شکایت تھی کہ اعلیٰ افسران اس سے وہ کام کرواتے ہیں جو اس کی ذمہ داریوں میں شامل نہیں ہیں۔