رام گیری اور نتیش رانے کی بدزبانی کےعلاوہ وقف بورڈ بل کےنقائص کی جانب توجہ مبذول کروائی گئی، دیگر مسائل پر بھی گفتگو۔
EPAPER
Updated: September 10, 2024, 11:02 AM IST | Mukhtar Adeel | Nashik
رام گیری اور نتیش رانے کی بدزبانی کےعلاوہ وقف بورڈ بل کےنقائص کی جانب توجہ مبذول کروائی گئی، دیگر مسائل پر بھی گفتگو۔
مہاراشٹر کے گورنر سی پی رادھا کرشن پیر کو ناسک کے دورے پر تھے جہاں مالیگائوں کے رکن اسمبلی مفتی محمد اسماعیل کے ہمراہ مسلم نمائندوں کے ایک وفد نے ان سے ملاقات کی اور مختلف مسلم مسائل پر ان سے گفت وشنید کی۔
مسلم وفد نے گورنر سے کہا کہ رکن اسمبلی نتیش رانے(بی جے پی) اور گستاخ رام گیری کے خلاف ریاست کے مختلف پولیس تھانوں میں ایف آئی آر درج ہونے کےباوجود اُن کی گرفتاری نہیں ہورہی ہے۔ اِس کی وجہ سے مسلمانوں اور انصا ف پسند طبقے میں زبردست بے چینی ہے۔ گورنر کو بتایا گیا کہ رام گیری اہانت کا مرتکب ہے تو نتیش سرعام مسجدوں میں گھس کر مارنے کی دھمکی دیتا ہے۔ رکن اسمبلی کے ساتھ وفد میں یوسف الیاس، ڈاکٹر خالد پرویز ، عتیق شاہ ،حافظ عبداللہ، خالد سکندر اور راجو گائیڈ شامل تھے۔
مفتی محمد اسماعیل نے اہم نکات کی طرف گورنر کی توجہ مبذول کروائی ۔انہوں نے کہا کہ وقف ترمیمی ایکٹ مسلمانوں کیلئے ناقابل قبول ہے۔ اس ایکٹ کی آڑ میں مسلمانوں کی شناخت اور ورثے یعنی وقف املاک کو ہتھیانے کی سازش رچی گئی ہے۔ جس طرح تلنگانہ کے اسٹیٹ وقف بورڈ نے ایک ریزولیوشن منظور کرکے سینٹرل گورنمنٹ کے مجوزہ وقف ترمیمی ایکٹ ۲۰۲۴ء سے متعلق ریاست تلنگانہ وقف بورڈ کو علاحدہ کرلیا ہے۔ اسی طرح مہاراشٹر گورنمنٹ بھی اسٹیٹ وقف بورڈ سے ایک ریزولیوشن منظور کرواکے مرکزی حکومت اور متعلقہ وزارتوں کو روانہ کرے۔ پاورلوم صنعت پر توجہ مبذول کرواتے ہوئے رکن اسمبلی نے کہا کہ مالیگائوں پلین پاورلوم انڈسٹری کا گڑھ ہے۔یہاں قدیم اور روایتی طرز سے کپڑے تیارکئے جاتے ہیں۔ بافندگی کے اِس فن کی آبیاری کیلئے گورنر اپنے اختیارات کے تحت فلاحی اور ترقیاتی اقدامات کریں۔اس صنعت سے صرف مقامی آبادی نہیں بلکہ پاس پڑوس کے علاقوں اور ریاستوں سے آنے والوں کو روزگار ملتا ہے۔ کاشتکاروں او ردیگر کاروباری طبقات کے مسائل کی طرح پارچہ بافی کے مسائل بھی حل کئے جائیں۔ اس موقع پر مالیگائوںکو ضلع کا درجہ دینے کا مطالبہ بھی گورنر کے سامنے پیش کیا گیا۔
گورنرے نے اپنے دورے پرضلع کے تمام اراکین اسمبلی دادابھسے ، نرہری جھرواڑ ،کشور دراڈے ،مفتی محمد اسماعیل ،دیویانی فراندے ، سیما ہیرےاور ہیرامن کھوسکر سے ملاقات کی ۔اس موقع پر گورنر نے اعلان کیا کہ ناسک میں آدیواسی یونیورسٹی قائم کی جائے گی جس کا وائس چانسلر ایم پی ایس سی کے ذریعے نامزد ہوگا۔ یونیورسٹی کے ۸۰؍فیصد طلبہ آدیواسی طبقے سے ہوںگے جبکہ بقیہ اوپن کٹیگری کے ہوں گے۔