عارف محمد خان کو بہار کی ذمہ داری اور وشوناتھ آرلیکر کو کیرالا بھیج دیا گیا۔
EPAPER
Updated: December 26, 2024, 4:45 PM IST | Agency | New Delhi
عارف محمد خان کو بہار کی ذمہ داری اور وشوناتھ آرلیکر کو کیرالا بھیج دیا گیا۔
ملک کی کچھ ریاستوں میں نئے گورنروں کی تقرری عمل میں آئی ہے تو ۲؍ ریاستوں کیرالا اور بہار کے گورنرس کی ریاستیں تبدیل کردی گئی ہیں جبکہ ایک گورنر رگھو بر داس نے استعفیٰ دے دیا ہے۔ اب وہ سرگرم سیاست میں واپس آجائیں گے۔ اس سلسلے میںراشٹرپتی بھون سےجاری نوٹیفکیشن کے مطابق صدر جمہوریہ دروپدی مرمو نے ادیشہ کے گورنر رگھوبر داس کا استعفیٰ منظور کر لیا۔ ان کی جگہ اب ہری بابو ادیشہ کے گورنر ہوں گے جو کہ پہلے میزورم کے گورنر تھے۔ اسی طرح کیرالہ کے گورنر عارف محمد خان کو بہار بھیج دیا گیا ہے جبکہ بہار کے گورنر راجندر وشوناتھ آرلیکر کو ریاست کیرالا کی ذمہ داری سونپ دی گئی ہے۔
یاد رہے کہ عارف محمد خان کو ستمبر ۲۰۱۹ء میں کیرالا کا گورنر بنایا گیا تھا۔ وہ اکثر اپنے بیانات اور ریاستی حکومت سے مسلسل ٹکرائو کی وجہ سے سرخیوں میں رہے۔ بہار میں ان کی کارکردگی کیسی رہتی ہے، یہ تو آنے والا وقت بتائے گا۔ خاص طور پربہار اسمبلی انتخابات کے بعد حکومت سازی میں کوئی رسہ کشی ہوتی ہے تو پھر عارف محمد خان کا کردار بہت اہم ثابت ہو سکتا ہے۔ ان کے علاوہ جنرل وی کے سنگھ اور اجئے کمار بھلّا ایسے دو نام ہیں جن کی تقرری حقیقی معنوں میں نئے گورنر کے طور پر ہوئی ہے۔ سابق داخلہ سیکریٹری اجئے بھلا کو منی پور کا گورنر بنایا گیا ہے جبکہ جنرل وی کے سنگھ میزورم کے گورنر بنائے گئے ہیں۔ داخلہ سیکریٹری کے طور پر اجئے کمار بھلّاکی مدت کار اگست ۲۰۲۴ءمیںختم ہوئی ہے۔ جنرل وی کے سنگھ کی بات کریں تو وہ غازی آباد سے بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ رہ چکے ہیں۔وہ گزشتہ بی جے پی حکومت میں مر کزی وزیر مملکت برائے خارجہ بھی تھے۔۲۰۲۴ء میں انہیں ٹکٹ نہیں دیا گیا تھا اور اب انہیں گورنر بنادیا گیا ہے۔