• Fri, 27 December, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

گوونڈی: قبرستان کی ریزرو زمین سے ملبہ ہٹانے کاکام شروع

Updated: November 12, 2024, 12:07 PM IST | Nadeem Asran | Mumbai

پہلے مرحلہ میں ۱۰۰؍قبروں کے لئے زمین ہموار کی جائے گی تاکہ رفیع نگر قبرستان میں تدفین کا عمل بند ہونے سے قبل اس میں تدفین شروع کی جاسکے

Debris is being removed from the land allotted for the cemetery with the help of JCB machine
قبرستان کےلئے مختص زمین سےجے سی بی مشین کی مدد سے ملبہ ہٹایا جا رہا ہے

کئی ماہ تک قانونی لڑائی کے بعد اہل گوونڈی کو اس وقت بڑی راحت ملی جب بالآخر بی ایم سی انتظامیہ نے ٹرانزٹ کیمپ کی زمین جو قبرستان کے لئے ریزرو ہے کے اطراف پترو ں کا شیڈ لگا کر ملبہ کو صاف کرنا شروع کر دیا  ۔ اس بات کے قوی امکان ہیں کہ اہل گوونڈی کے لئے مذکور بالا زمین پر جلد ہی ملبہ کی صفائی اور درکار مٹی ڈال کر پہلے مرحلہ میں کم از کم ۱۰۰؍ قبروں کی تدفین کا سلسلہ شروع کر دیا جائے گا ۔
   گوونڈی کے مکین رفیع نگرقبرستان میں قبروں کی قلت اور جلد ہی اس کے بند ہو جانے سے جہاں تدفین کیلئے فکر مند تھے  وہیں عرضداشت گزار وکیل شمشیر شیخ  کی داخل کردہ عرضداشت پر سینئر وکلاء ایڈوکیٹ مچھالا اور الطاف خان کی مدلل جرح کے بعد بامبے ہائی کورٹ نےگوونڈی ٹرانزٹ کیمپ کی زمین جس پر ملبہ ہٹانے کا کام شرو ع کرنے کیلئے کہا ہے ، اس کے علاوہ ۹۰؍ فٹ روڈ پر لال مٹی میدان پر بھی قبرستان بنانے کا عمل جلد ہی شروع کرنے کی کوشش کی جائے گی۔ اس پر شمشیر شیخ کا کہنا تھا کہ ایس آر اے کے تحت پروجیکٹ بنانے والے بلڈر نے ٹرانزٹ کیمپ سے متصل زمین پر اعتراض کرتے ہوئے رٹ پٹیشن داخل کی ہے۔
  انہوں نے مزید بتایا کہ ٹرانز ٹ کیمپ سے متصل دیونارمیونسپل کیمپ پلاٹ کو بھی قبرستان کے لئے مختص کیا گیا ہے جس پر بلڈر نے رٹ پٹیشن داخل کی ہے اور یہ اعتراض کیا ہے کہ قبرستان بننے کے سبب کئی قسم کے مسائل پیدا ہوں  گے ۔اس پر ۱۳؍ نومبر کو ہائی کورٹ سماعت کرے گا اور اس بات کی امید ہے کہ وہ بھی فیصلہ  گوونڈی واسیوں کے حق میں ہی آئے گا ۔
  ۲۹۴۲؍ اسکوائر میٹر پر مشتمل زمین پرقبرستان کاکام شروع ہونے اور پہلے مرحلہ میں ۱۰۰؍ قبروں کی تدفین سے متعلق تفصیلات فراہم کرتے ہوئے قبرستان کے مسئلہ پر قانونی و سماجی لڑائی لڑنے والوں میں شامل عبدالرحمن شاہ عرف منا بھائی نےبتایا کہ ’’بی ایم سی کے ذریعہ ملبہ ہٹانے اور زمین کو ہموار کرنے اور قبرستان تیار کرنے کے لئے ۸؍ کروڑ  سے زائد روپے میں یہ ٹینڈر انس انفرا اسٹرکچر کو دیا گیا ہے ۔ گوونڈی میں قبرستان کے مسئلہ کے حل کے لئے قانونی لڑائی لڑنے اور اسے پائے تکمیل تک پہنچانے میں سینئر وکلاء اور عرضداشت گزار نے جو قدم اٹھایا وہ قابل ستائش ہے ۔ ساتھ ہی گوونڈی کے عوام ، مساجد و مدارس کے ائمہ و سماجی کارکنان جن میں ابرار چودھری اور دیگر کئی سماجی خدمت گار شامل ہیں بھی قابل تعریف ہیں جنہوںنے ہر قدم پر ایک ذمہ دار شہری ہونے کا فرض نبھایا ہے ۔‘‘ 
  انہوںنے کہا کہ رفیع نگر قبرستان میں تدفین کا سلسلہ ختم ہونے سے قبل اسے تیار کرنے کی کوشش کی جاری ہے ۔ قبرستان میں ۱۰۰؍ قبروں کو جلد سے جلد تیار کرنے اور تدفین کے عمل کو یقینی بنانے کیلئے  ائمہ مساجد و مدرسہ اور اہل گوونڈی کی ایک میٹنگ کا اہتمام کیا جائے گا ۔ اس میٹنگ میں گوونڈی کے عوام کو بھی شامل ہونے اور اپنا تعاون دینے اور قبرستان کی ذمہ داریوں میں حصہ لینے اور مشور ہ دینے کے لئے دعوت دی جائے گی تاکہ اس کام کو خوش اسلوبی سے انجام دیا جا سکے ۔

govandi Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK