یہاں رفیع نگر کے جعفری انگلش ہائی اسکول میں ایس ایس سی امتحان کے پہلے دن طالبات کو برقع اور اسکارف اُتار کر امتحان دینے پر مجبور کیاگیا۔
EPAPER
Updated: February 22, 2025, 10:51 AM IST | Saadat Khan | Mumbai
یہاں رفیع نگر کے جعفری انگلش ہائی اسکول میں ایس ایس سی امتحان کے پہلے دن طالبات کو برقع اور اسکارف اُتار کر امتحان دینے پر مجبور کیاگیا۔
یہاں رفیع نگر کے جعفری انگلش ہائی اسکول میں ایس ایس سی امتحان کے پہلے دن طالبات کو برقع اور اسکارف اُتار کر امتحان دینے پر مجبور کیاگیا۔ اسکول انتظامیہ کےمطابق جانچ کیلئے طالبات کا برقع اور اسکارف ہٹایاگیاتھا، بعدازیں انہیں برقع اور اسکارف پہن کر امتحان دینےکی اجازت دے دی گئی تھی۔
ایس ایس سی کی ایک طالبہ نے انقلاب کو بتای اکہ ’’مذکورہ اسکول کے گیٹ پر پہلے ہمیں برقع اُتار نے کیلئے کہا گیا، اعتراض کرنے پر ہمیں برقع کے ساتھ اسکول میں داخل ہونےکی اجازت دی گئی ،بعدازیں ایک کمرے میں ہم سے برقع اُتار کر امتحان بلا ک میں جانے کیلئےکہاگیا، مجبوراً ہم ۸، ۱۰؍ طالبات نے یہاں برقع اُتارا، ہماری جانچ کی گئی پھر اسی حالت میں ہمیں امتحان بلاک میں جاکر امتحان دینے کی ہدایت دی گئی ۔ بلاک میں جانے کے بعد ہم سے اسکارف ہٹانےکیلئے بھی کہاگیا جس کی وجہ سے ہمیں کان سے اسکارف بھی ہٹاناپڑا۔ امتحان کے بعد برقع پہن کرہم گھر کیلئے روانہ ہوئے۔ ‘‘ ایک طالبہ نے کہاکہ ’’ہم نے سینٹر کے ذمہ داران سے یہ بھی کہاکہ برقع پہن کر امتحان دینےکی اجازت دی گئی ہے پھر برقع کیوں ہٹایا جارہاہے جس کےجواب میں ذمہ داران نے کہاکہ ایسا کچھ نہیں ہے ، تم لوگوںکو برقع ہٹاکر امتحان دینا ہوگا۔ اس کی وجہ سے عین امتحان کےوقت ذہنی کوفت ہونے سے ہمارا پیپر متاثر ہوسکتا تھا لیکن ہم نے سمجھداری سے کام لیااور برقع اور اسکارف ہٹاکر امتحان دیا۔‘‘
مذکورہ اسکول کی پرنسپل اور سیکریٹری صبارضوی سے استفسار کرنے پر انہوں نے کہا کہ ’’یہ شکایتیں بےبنیاد ہیں۔ دراصل گزشتہ سال ایک طالبہ نے اسکارف کی آڑ میں کان میں ہیڈفون لگا رکھا تھا جس کے پکڑے جانے پر اسکول کیلئے بڑا مسئلہ پیدا ہوگیا تھا۔ اس لئے احتیاطاً ہم طالبات کا برقع ہٹاکر جانچ کرتے ہیں کہ کہیں برقع میں کوئی چٹ وغیرہ تو نہیں ہے اور اسکارف بھی اسی لئے وقتی طور پر ہٹایا جاتا ہے لیکن جانچ کے بعد برقع اور اسکارف دونوں پہن کر امتحان دینےکی اجازت دی جاتی ہے۔‘‘