• Thu, 13 February, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

حکومت اڈانی کیلئے سرحدی قوانین کی خلاف ورزی کر رہی ہے: کانگریس کا الزام

Updated: February 13, 2025, 11:05 AM IST | Agency | New Delhi

کھرگے، پرینکا گاندھی اور کے سی وینوگوپال نے کہا کہ قوم پرستی کی باتیں کرنے وا لے ارب پتی دوستوں کیلئے ملک کی سلامتی کے ساتھ کھلواڑ کررہے ہیں۔

Mallikarjun Kharge. Picture: INN
کانگریس صدر ملکارجن کھرگے۔ تصویر: آئی این این

کانگریس نے کہا ہے کہ مودی حکومت اپنے پسندیدہ صنعت کاروں کو فائدہ پہنچانے کیلئے ہندوستان-پاکستان سرحد کے قریب انہیں توانائی پروجیکٹ کا کام دے کر ملک کی سلامتی کو خطرے میں ڈال رہی ہے۔کانگریس صدر ملکارجن کھرگے، پارٹی کے جنرل سیکریٹری کے سی وینوگوپال اور پرینکا گاندھی  نے کہا ہے کہ قوم پرستی کی باتیں کرنے والے اپنے ارب پتی دوستوں کو فائدہ پہنچانے کیلئے ملک کی سلامتی سے کھلواڑ کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صنعتکار اڈانی فوجی ماہرین کے مشورے کو نظر انداز کرتے ہوئے پاکستان کی سرحد سے صرف ایک کلومیٹر کے فاصلے پر ملک کا سب سے بڑا شمسی پاور پروجیکٹ بنا کر سیکوریٹی معیارات کی خلاف ورزی کر رہے ہیں۔ کانگریس صدر نے کہا ’’بی جے پی کا  نام نہاد قوم پرست چہرہ ایک بار پھر بے نقاب ہو گیا ہے۔ اس نے اپنے پسندیدہ ارب پتیوں کو فائدہ پہنچانے کیلئے قومی سلامتی کو خطرے میں ڈال دیا ہے۔‘‘انہوں نے سوال کیا کہ کیا یہ سچ ہے کہ آپ نے پاکستان کے ساتھ بین الاقوامی سرحد کے ساتھ صرف ایک کلومیٹر کی اہم  زمین اپنے عزیز دوست کو تحفے میں دےدی ؟ جارحانہ اور دفاعی کارروائیوں میں جگہ کم کرنے کا تصور حیران کن ہے۔ کھرگے نے یہ بھی  سوال کیاکہ ہندوستان، پاکستان سرحد کے قریب ایک نجی کاروباری کو سولر پاور پروجیکٹ کی اجازت دینے کا کیا جواز ہے؟ ہماری مسلح افواج کی دفاعی ذمہ داریاں بڑھیں گی اور ان کے اسٹرٹیجک فوائد کم ہوں گے۔‘‘کانگریس کے جنرل سیکریٹری کے سی وینوگوپال نے کہا’’وزیر اعظم کی ترجیح سرحدوں کو محفوظ بنانا نہیں ہے، بلکہ اڈانی کے خزانے کو بھرنا  ہے۔ ملک کے سب سے بڑے شمسی منصوبے کو پاکستان کی سرحد سے بمشکل ایک کلومیٹر کے فاصلے پر تعمیر کرنے کی اجازت دینا انتہائی خطرناک اور تمام قائم شدہ فوجی اصولوں کے خلاف ہے۔   حیران کرنے والی بات یہ ہے کہ گجرات کی ریاستی حکومت اور مرکزی حکومت اڈانی کو یہ  پروجیکٹ سونپنے کی غرض سے فوجی افسروں کو سمجھانے اور منانے کیلئے  خفیہ میٹنگ کی گئی ہے ۔ پرینکا گاندھی نے سوال کیا ’’ کیا ملک کے تمام وسائل وزیر اعظم کے `دوست کے حوالے کرنے کا عمل اس حد تک پہنچ گیا ہے کہ سرحدی حفاظت کے اصول بھی بدلے جا رہے ہیں؟ کہا گیا ہے کہ اعلیٰ فوجی افسران نے سرحدی حفاظت متاثر ہونے اور زمینی کاموں میں رکاوٹوں کا خدشہ ظاہر کیا لیکن اس پر کوئی توجہ نہیں دی گئی۔‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK