اردو طلبہ میں مراٹھی سے دلچسپی اوروابستگی پیدا کرنا اہم مقصد، اُردو، مراٹھی، گجراتی، انگریزی، ہندی اور تیلگوکے طلبہ شریک مقابلہ رہے۔
EPAPER
Updated: December 26, 2024, 2:27 PM IST | Arkam Noorul Hasan | Bhiwandi
اردو طلبہ میں مراٹھی سے دلچسپی اوروابستگی پیدا کرنا اہم مقصد، اُردو، مراٹھی، گجراتی، انگریزی، ہندی اور تیلگوکے طلبہ شریک مقابلہ رہے۔
): شہرکے معروف اسکولوں میں سے ایک صمدیہ ہائی اسکول اینڈ جونیئر کالج کا سالانہ مراٹھی تقریری مقابلہ گزشتہ دنوں حسب سابق انفرادیت کے ساتھ منعقد ہوا۔ اس مقابلے کی خاص بات یہ ہے کہ اول یہ مقابلہ ایک اردو اسکول میں نہ صرف منعقد ہورہا ہے بلکہ گزشتہ ۵۰؍ سال سے باقاعدہ اس کا اہتمام کیا جا رہا ہے۔ امسال ۵۱؍ واں انٹر اسکول مراٹھی تقریری مقابلہ ۱۹؍دسمبر کو اسکول کے احاطہ میں منعقد ہوا جس میں اُردو، مراٹھی، گجراتی، انگریزی، ہندی اور تیلگوکے طلبہ نے حصہ لیا۔ بھیونڈی کے مختلف میڈیم کے۳۰؍ اسکول شریک ِمقابلہ تھے۔
ڈاکٹر انیس مومن کی کی صدارت میں منعقدہ اس تقریب کے مہمانان میں سدھیر دیشمکھ (ٹورینٹ پاور)، رام داس پاٹل (سبکدوش ہیڈ ماسٹر)، فاروق گہلوت (شمع عوامی مدرسہ)، سنجے بھوئیر (نمائندہ روزنامہ پڈھاری) اور سیکریٹری ایڈوکیٹ خیف نیاز مومن شامل تھے۔ ان کے علاوہ چیئرمین ایڈوکیٹ نیاز مومن، یوسف رمضان مومن، سبحان انصاری، نیاز رمضان مومن، مقصود مومن منصب آرٹ اور اسکول کے سابق استاذ سیماب انور بھی شریک ہوئے۔ جج کے فرائض رشید سر، شعبان شیخ سر اور نورتی آہیرے سر نے انجام دئیے۔ اسکول کے پرنسپل صدیقی ساجد نے مراٹھی تقریری مقابلے کی ۵۰؍ سالہ روداد پیش کی۔ وائس پرنسپل نیاز سر نے انعامات کا اعلان کیا۔ نظامت کی ذمہ داری شیخ ذوالفقار الدین سر، نوشیر دیشمکھ سر اور عقیل سر نے نبھائی۔ زمر مومن اور اکبر پنجاری سرکے اظہار تشکر اور راشٹرگیت پر اس تقریب کا اختتام ہوا۔
مقابلے کا پہلاانعام ( مرحوم یوسف حسن مومن سے منسوب )، واڑکے نیرجا پراگ (این ای ایس ہائی اسکول ) کو دیاگیا۔ مرحوم ماجد مومن سے منسوب دوسرا انعام دانڈیکر اسکول کے طالب علم پنجاری ارباب عاصم کو دیا گیا۔ اسکالر انگلش ہائی ا سکول کی طالبہ بھارگوی ولاس پاٹل کو مرحوم شفیق سے منسوب تیسرا انعام دیا گیا۔ اس کے علاوہ حوصلہ افزائی کا پہلا انعام صلاح الدین انگلش میڈیم اسکول کی طالبہ انصاری فلک اقبال کو، حوصلہ افزائی کا دوسرا انعام سنکپال آکانکشا وجے ( پدم شری انا صاحب اسکول ) کو اور تیسرا انعام مومن گرلز ہائی اسکول کی طالبہ کھوت زینب مطیع الرحمٰن کو دیاگیا۔ اس کے علاوہ انصاری صافیہ گرلزہا ئی اسکول کی انصاری سارہ جاوید اختر اور الامت اردوہائی اسکول کی انصاری شارفہ ایاز کو خصوصی انعام اور مومن ویلفیئر ٹرافی سے نوازا گیا ۔
واضح رہےکہمقابلے کیلئے طلبہ کو تیارکرنے میں کافی محنت کی جاتی ہے، اسکول کے مراٹھی ٹیچر خود اس کیلئے مہینوں تیاری کرتے ہیں۔ طلبہ کے انتخاب میں مراٹھی پڑھنے اوریاد کرنے کی صلاحیت کے علاوہ مراٹھی تلفظات پر خاص توجہ دی جاتی ہے۔ اس میں حصہ لینے والے اردو میڈیم کے طلبہ واقعی مبارکباد کے مستحق ہیں جو مراٹھی تقریر نہ صرف مقررہ وقت میں یاد کرلیتے ہیں بلکہ اسٹیج پر پورےاعتماد اور حوصلے کے ساتھ اُسے پیش بھی کرتے ہیں۔