۸؍افراد کوبچالیا گیا۔۲۱؍ منزلہ عمارت کی ۸؍ویں اور ۱۲؍ویں منزل پر آگ لگ گئی۔تھانے کی عمارت کے میٹر باکس میں بھی آتشزدگی۔ دونوں حادثات میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
EPAPER
Updated: November 18, 2023, 9:01 AM IST | Nadeem Asran | Mumbai
۸؍افراد کوبچالیا گیا۔۲۱؍ منزلہ عمارت کی ۸؍ویں اور ۱۲؍ویں منزل پر آگ لگ گئی۔تھانے کی عمارت کے میٹر باکس میں بھی آتشزدگی۔ دونوں حادثات میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
جمعہ کو جنوبی ممبئی کے گرانٹ روڈ اور تھانے علاقے میں دو الگ الگ عمارتوں میں آگ لگ گئی ۔اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ وہاں پہنچ کر چند گھنٹے کی مشقت کے بعد آگ پر قابو پالیا۔ ان حادثات میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ہے۔ گرانٹ روڈ کے اگست کرانتی روڈپر ایچ ایم مال کے سامنے واقع ۲۱؍ منزلہ دھاول گیری نامی فلک بوس عمارت کے ۸؍ ویں اور ۱۲؍ منزلہ پر جمعہ کی صبح ۹ ؍ بجکر ۳۵؍ منٹ پراچانک آگ لگ گئی ۔اطلاع ملتے ہی ۸؍ فائر انجن ، ۶ ؍جمبو ٹینکر اور ایک خود کار زینہ والی وین کے ساتھ فائر بریگیڈ وہاں پہنچ گیا اور ۸؍ ویں منزلہ پر پھنسے ۸ ؍افراد کو بحفاظت نکال کر سیڑھیوں کے ذریعہ اسی عمارت کی ۲۱؍ ویں اور ۲۲؍ منزلہ کے ٹریس پر پہنچادیا۔ اسی عمارت کے بقیہ مکینوں کو بھی ۲۱؍ اور ۲۲؍ منزلہ پر منتقل کیا گیا۔ فائر بریگیڈ نے اس بارے میں بتایا کہ ۸ ؍ویں اور نویں منزل کے فلیٹوں میں وائرنگ اور فرنیچر کا کام جاری تھا۔ اسی دوران وائرنگ کرتے ہوئے اچانک شارٹ سرکٹ کی وجہ سے آگ لگ گئی۔ فائر بریگیڈ نے عمارت میں آگ پر قابو پانے کیلئے موجود فائر سیفٹی اور اپنے واٹر ٹینکر کی مدد سے دو گھنٹے میں یعنی ۱۱؍ بجکر ۱۰؍ منٹ پر آگ پر قابو پالیا۔ فائر بریگیڈ نے بتایا کہ اس حادثہ میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ہے۔ آگ لگنے کی اصل وجہ معلوم کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔
اسی طرح جمعہ کو ہی تھانے کے نوپاڑہ علاقے کے وشنو نگر میں واقع تھانے مہا نگر پالیکا اسکول اور رتن دیپ سوسائٹی کے سامنے گراؤنڈ پلس ۷؍ منزلہ شیو کرپا سوسائٹی کے گراؤنڈ فلور پرمیٹر باکس میں صبح ۱۰؍ بجکر ۴۵؍ منٹ پر آگ لگ گئی۔ سوسائٹی میں رہنے والے ببن نامی شخص کی اطلاع پر فوراً ہی فائر بریگیڈ ۳؍ فائر فائٹر اور واٹر ٹینکر کے ساتھ جائے حادثہ پر پہنچا اور سوسائٹی کے ممبران کی مدد سے محض آدھے گھنٹے میں آگ پر قابو پالیا تھا ۔موصولہ اطلاع کے مطابق اس حادثہ میں بھی کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ہے۔