Inquilab Logo

شہر ومضافات کی مساجد میں حق رائے دہی پر مصلیان کی رہنمائی

Updated: April 27, 2024, 8:55 AM IST | Saeed Ahmed Khan | Mumbai

بھنڈی بازار،مدن پورہ، بائیکلہ، باندرہ ، کرلا ،میرا روڈ ، واشی ، چیتا کیمپ ،مالونی اوربھانڈوپ وغیرہ کی مساجد میں ائمہ نے ووٹ کی جمہوری اورشرعی حیثیت پرروشنی ڈالی۔

The importance of voting rights was explained in different mosques of the city and suburbs. Photo: INN
شہر اور مضافات کے مختلف مساجد میں حق رائے دہی کی اہمیت بتائی گئی۔ تصویر : آئی این این

شہر ومضافات کی مساجد میںائمہ کی حق رائے دہی پرمصلیان کی رہنمائی کی ۔بھنڈی بازار،مدن پورہ ، بائیکلہ، باندرہ ، کرلا ،باندرہ ، میرا روڈ ، واشی، چیتا کیمپ ،مالونی اور بھانڈوپ وغیرہ کی مساجد میں ائمہ نے ووٹ کی جمہوری،ملّی اور شرعی حیثیت پرروشنی ڈالی۔ ساتھ ہی رات دیرتک جاگنے والے نوجوانوں کو متوجہ کیا کہ وہ اپنی اس روش کوترک کریںکیونکہ ایسے میںوہ حق رائے دہی کے تعلق سے بھی غفلت برت سکتے ہیں۔
نوجوانو!اپنی روش بدلو
 عرب مسجد کے خطیب وامام مولانا امیرعالم قاسمی نے نوجوانوں کومخاطب کرتے ہوئے کہاکہ ’’ نوجوانو!دیررات تک جاگنے ،ادھر ادھر بھٹکنے اورموبائل سے چپکے رہنے کی اپنی روش کو بدلو، جب تمہاری رات دیر سے ہوگی توصبح بھی تاخیر سے ہوگی ۔ ایسے میںتم اپنا بڑا نقصان کررہے ہو۔اس کے ساتھ ہی ووٹ والے دن خود بھی اوراپنے دوستوںکے ساتھ پولنگ بوتھ پر پہنچ کر حق رائےدہی کا استعمال کرکے جمہوری نظام کو مستحکم کرنے کا عملی نمونہ پیش کرو۔‘‘
ووٹ کی طاقت کوپہچانئے، گھروالوں اورمحلہ والوں کو بھی متوجہ کیجئے 
 اہل حدیث جامع مسجد مومن پورہ کے خطیب وامام مولانا اسلم صیاد نے ووٹ کی اہمیت پرروشنی ڈالتے ہوئے کہاکہ’’ آج حالات یہ ہیں کہ اگرآپ آئین کا تحفظ چاہتے ہیںاورملک میں  رہتے ہوئے اپنے عقیدےاورمذہب کی حفاظت کرنا چاہتے ہیں تو ا س کاواحد راستہ ووٹ کی طاقت کاصحیح استعمال ہے۔یاد رکھئے ووٹ ایک پاور ہے،طاقت ہے اورزبردست ہتھیار ہے۔‘‘ مدن پورہ سنّی بڑی مسجد کے امام مفتی زبیراحمدمصباحی نے غزوۂ احد سے اپنے خطاب کا آغاز کیا اورووٹ کی اہمیت سمجھاتے ہوئے کہاکہ یہ وہ طاقت ہے جس سے محض چند سکنڈ میںآپ کسی کی قسمت کافیصلہ کرسکتے ہیں۔ اس لئے نہ توووٹ ضائع ہو اورنہ ہی اس میںغفلت برتی جائے بلکہ اتحاد کا مظاہرہ کرتے ہوئے ووٹ دے کر جمہوری نظام کومستحکم بنایاجائے۔‘‘ 

یہ بھی پڑھئے: اردو اسکول کے کمرے انگریزی میڈیم کیلئے طلب، والدین میں بے چینی

گھراورمحلے کاکوئی فرد چھوٹنے نہ پائے
 چشتی ہندوستانی مسجد کے امام مولانا عبدالجبار ماہرالقادری نے کہا کہ’’ وہ موقع قریب ہے جس کا ۵؍سال سے انتظار کیاجارہا تھا ۔ ووٹ دینے کیلئے تیار ہوجائیے اوراس بات کو یقینی بنائیے کہ نہ صرف آپ ووٹ دیںگے بلکہ گھر کے اورمحلے کے کسی فرد کا ووٹ چھوٹنے نہ پائے۔‘‘ 
مسائل کاحل ووٹ کی طاقت سے ممکن ہے 
 باندرہ جامع مسجد میںخطاب کرتے ہوئے مولانا زاہد قاسمی  نے کہاکہ’’ آئین کے ذریعے دی گئی ووٹ کی طاقت کے استعمال کا وقت قریب ہے ۔جن مسائل سے آپ جوجھ رہے ہیں، قرآن وسنت میں مداخلت کی جارہی ہے ،اسے روکنے کا سب سے مؤثر ووٹ کی طاقت ہے ،اس کا صحیح اورمثبت استعمال کر کے حالات کوبدلئے۔‘‘
 واشی نور مسجد میںمفتی معروف احمدنے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’’ بار بار متوجہ کیاجارہا ہے کہ ووٹ نہ ضائع ہواورنہ ہی ووٹ دینے میں غفلت ہوکیونکہ اگراس طاقت سے حکومت بنائی اوربدلی جاسکتی ہے توووٹ ضائع ہونے سے اپنا نا قابل تلافی نقصان بھی ہوتا ہے ،اسے ذہن نشین کرلیجئے ۔‘‘ کھارگھر کی مسجد الشمس میںمفتی مامون رشید نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ’’ووٹ جمہوری نظام میں ایک طاقت تو ہے ہی یہ شرعی اورملّی فریضہ بھی ہے ،اس لئے ابھی سے ذہن سازی کرلیجئے اورووٹنگ والے دن کا آغاز ووٹ دے کرکیجئے ۔‘‘ باندرہ بازار روڈ مسجد میں خطاب کرتے ہوئے مولانا راشد نے کہاکہ’’ ووٹنگ کیلئے کلکٹر ، الیکشن کمیشن اورملی ذمہ داران کی جانب سےبار بار متوجہ کیاجارہا ہے کیونکہ صحت مند جمہوریت کےلئے ووٹنگ بنیادی عمل ہے۔ دوسرے اس سے ہم اپنی پسند کا امیدوار منتخب کرتے ہیں اور ناپسند  امیدوار کوشکست فاش دیتے ہیں ۔ اس لئے اس طاقت کا اہتمام کے ساتھ مثبت استعمال کرکے اپنے ووٹ کی طاقت ثابت کیجئے۔‘‘ بھانڈوپ مسجد میںخطاب کرتے ہوئے مولانا ظفرالدین نے کہاکہ’’ ایک ووٹ کی وہ طاقت ہے جس سے حکومت بنتی اور گرتی ہے ،اس لئے ایک ایک ووٹ کوقیمتی جان کر ووٹنگ والے دن پہلی فرصت میںپولنگ بوتھ پہنچئے۔‘‘
ووٹ دو اوربڑھاؤ ملک کی شان: تحریک علماء اہل سنت گوونڈی کا پیغام
 قاری عبدالرحمٰن ضیائی نے بتایاکہ ’’ علماءاہلسنت گوونڈی کی مقامی تنظیم ’تحریک علماء اہل سنت ‘کی جانب سے تمام ائمہ مساجد کوپیغام رسانی کی گئی ۔ ائمہ نے اس حوالے سے مصلیان کوتوجہ دلائی کہ ووٹ آپ کا جمہوری حق ہے ،اس کا استعمال ہر حال میں کریں۔ووٹ ضرور ڈالیں ،آئین کو بچائیں اور اپنے بچوں کے مستقبل کوتابناک بنائیں۔ ووٹنگ کا دن چھٹی اورپکنک منانے کا دن نہیں جمہوریت کومضبوط بنانے کا دن ہے ۔ووٹ ہماری طاقت ہے جمہوریت ہماری پہچان، نکلو گھروں سےووٹ دو اوربڑھاؤ ملک کی شان۔ یہی پیغام ائمہ کوبھیجا گیاتھا اور انہوں نےجمعہ میں اسی تناظر میں مصلیان کی رہنمائی کی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK