Inquilab Logo Happiest Places to Work
Ramzan 2025 Ramzan 2025

غلط یا گمراہ کن خبر وں کیلئے رہنمااصول جاری

Updated: March 30, 2025, 9:50 AM IST | Iqbal Ansari | Mumbai

غلط اورگمراہ کن خبروں پر متعلقہ محکمہ کا افسر یا وزیر وضاحت کرے گا۔ شفاف اور جوابدہ حکمرانی کی طرف ایک اہم قدم : افسر

The government has issued this circular for officers of various departments. Photo: INN.
حکومت نے یہ سرکیولر مختلف محکموں کے افسران کیلئے جاری کیا ہے۔ تصویر: آئی این این۔

حکومت مہاراشٹر کے تعلق سے کئی خبریں نشر اور شائع کی جاتی ہیں جو غلط معلومات پر مبنی یا گمراہ کن ہوتی ہیں، ایسی خبروں پر نگاہ رکھنے اور غلط خبروں کی تصحیح جاری کرنے اور افسران کو اس کیلئے ذمہ دار قرار دینے کیلئے ریاست حکومت اب سرگرم ہو گئی ہے۔ مہاراشٹر حکومت نے ریاستی انتظامیہ سے متعلق خبروں کا تجزیہ کرنے اور کسی بھی غلط یا گمراہ کن رپورٹ پر فوری وضاحت یا جواب دینے کیلئے نئے رہنماخطوط جاری کئے ہیں۔ افسران کے مطابق حکومت کے اس اقدام سے شفافیت میں اضافہ ہوگا اور شہریوں کے مسائل کا ازالہ بھی ہوگا۔ 
اس سلسلے میں جمعہ کو ۵؍ صفحات پر مشتمل حکومتی قرارداد جاری کی گئی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ ڈائریکٹوریٹ جنرل آف انفارمیشن اینڈ پبلک ریلیشنز (ڈی جی آئی پی آر) پرنٹ، الیکٹرانک اور ڈیجیٹل میڈیا میں شائع ہونے والی خبروں کو جمع کرے گا اور ان میں شامل کسی بھی غلط معلومات کی نشاندہی کرے گا۔ 
سرکاری احکامات کے مطابق ڈی جی آئی پی آر کسی بھی ایسی خبر کو متعلقہ سرکاری محکمے کے ساتھ شیئر کرے گا جو ضروری معلومات جمع کرکے۱۲؍ گھنٹوں کے اندر اسے ڈی جی آئی پی آر کو فراہم کرے گا لیکن الیکٹرانک یا ڈیجیٹل میڈیا میں شائع ہونے والی کسی بھی غلط خبر پر متعلقہ وزیر یا سرکاری افسر کو ۲؍گھنٹوں کے اندر اپنا جواب یا وضاحت فراہم کرنی ہوگی۔ 
رہنما اصول میں مزید کہا گیا ہےکہ حکومت کے تمام محکموں کو ایک جوائنٹ سیکریٹری یا ڈپٹی سیکریٹری کے درجے کا نوڈل افسر نامزد کرنا ہوگا جو معلومات کو جلد از جلد ڈی جی آئی پی آر کو فراہم کرے گا۔ ڈی جی آئی پی آر اسی روز اپنی ویب سائٹ اور بلاگ پر وضاحت شائع کرے گا اور متعلقہ میڈیا اداروں کو بھی وضاحت بھیجے گا۔ اس کے علاوہ ریاستی معاملات سے متعلق معلومات پریس انفارمیشن بیورو (پی آئی بی) کو بھی فراہم کی جائیں گی تاکہ مناسب کارروائی کی جا سکے۔ 
ڈی جی آئی پی آر اسی روز اپنی ویب سائٹ اور بلاگ پر وضاحت شائع کرے گا اور متعلقہ میڈیا اداروں کو بھی وضاحت بھیجے گا۔ اس کے علاوہ ریاستی معاملات سے متعلق معلومات پریس انفارمیشن بیورو (پی آئی بی) کو بھی فراہم کی جائیں گی تاکہ مناسب کارروائی کی جا سکے۔ 
تصحیح کیلئے فالواپ 
رہنما خطوط کے مطابق ڈی جی آئی پی آر اس بات کو یقینی بنائے گا کہ میڈیا ہاؤس کو بھیجی گئی وضاحت شائع ہو اور اس کیلئے ضروری فالو اپ بھی کیا جائے گا۔ 
جوابدہی کی سمت ایک اہم قدم
محکمہ اطلاعات و تعلقات عامہ کے ڈائریکٹر جنرل برجیش سنگھ نے اس اقدام کو حکمرانی میں شفافیت اور جوابدہی کی سمت ایک اہم قدم قرار دیا۔ ان کا کہنا ہےکہ اس عمل سے میڈیا میں اجاگر کئے گئے مسائل کو فوری طور پر حل کرنے میں مدد ملے گی اور عوامی شکایات کے ازالے کا ایک مؤثر نظام قائم کیا جا سکے گا۔ 
یادرہےکہ اس سے قبل مہاراشٹر حکومت نے خبروں کے تجزیے اور ان پر رائے دینے کیلئے ایک میڈیا مانیٹرنگ سینٹر قائم کرنے کا اعلان کیا تھا اور اس مقصد کیلئے۱۰؍ کروڑ روپے کا بجٹ مختص کیا تھا۔ 
اس ضمن میں ایک سینئر افسر سے رابطہ قائم کرنے پرا نہوں نے بتایا کہ ’’ حالانکہ خبروں پر نظر رکھنے کا کام پہلے بھی کیاجاتا تھالیکن اب اسے منظم طریقے سے کیاجائے گا کیونکہ متعدد محکمہ کے تعلق سے کوئی خبر شائع ہونے پر کئی افسران اسے درست کرنے کی ضرورت کو محسوس نہیں کرتے تھے لیکن اب انہیں نہ صرف جوابدہ کیا گیا ہے بلکہ انہیں درست معلومات فراہم کرنے کی بھی ہدایت دی گئی ہے۔ ‘‘ ان کے مطابق یہسرکیولر عام میڈیا کیلئے نہیں   ہے بلکہ ریاست کے مختلف محکموں   کے افسران کیلئے ہے۔ 
حکومت کا مقصد
اطلاعات اور تعلقات عامہ کے ڈائریکٹر جنرل برجیش سنگھ کے بقول ’’اس سرکیولر( جی آر) کے ذریعے حکومت کا مقصدشہریوں کو بہتر خدمات فراہم کر کے اپنی کارکردگی کو بڑھانا ہے۔ ‘‘
انہوں نے مزید کہاکہ ’’یہ شفاف اور جوابدہ حکمرانی کی طرف ایک اہم قدم ہے۔ یہ یقینی بنائے گا کہ میڈیا کے ذریعے اجاگر کی جانے والی معلومات اور مسائل کو فوری طور پر حل کیا جائے، جس کے نتیجے میں عوامی شکایات کے حل کے لئے ایک زیادہ موثر طریقہ کار قائم کیا جائے۔ ‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK