• Thu, 19 September, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

گجرات : شدید بارش سے حالات خراب ، ہزاروں متاثر

Updated: August 30, 2024, 10:12 AM IST | Ahmedabad

۳۵؍ افراد لقمۂ اجل ، یہ اموات راج کوٹ، آنند، مہی ساگر، کھیڑا، احمد آباد، موربی، جوناگڑھ اور بھڑوچ اضلاع میں ہوئیں،بڑودہ میںوشوا مترا ندی میںطغیانی ، پورے شہر میں پانی داخل ، ریاست میںمجموعی طورپر ۹۳۹؍ سڑکیں بند،این ڈی آر ایف ، ایس ڈی آر ایف ، فوج ، فضائیہ اورکوسٹ گارڈکے دستوں نے اب تک ۱۸؍ہزار افراد کو محفوظ مقامات پر پہنچایا ہے

A man draining water from his house in Baroda
بڑودہ میںایک شخص اپنے مکان سے پانی باہر نکالتے ہوئے

گجرات میں بارش سے متعلقہ واقعات میں مزید ۱۹؍ افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ اس طرح ۴؍ دنوں میں بارش سے جان کی بازی ہارنے والوں کی تعداد۳۵؍ہو گئی ہے ۔ حکام نے بتایا کہ جمعرات کو بھی ریاست کے کچھ حصوں میں شدید بارش جاری رہی۔محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) نے جمعرات کو گجرات، اتراکھنڈ سمیت ۱۹؍ ریاستوں میں شدید بارش کا الرٹ جاری کیا ہے۔ گجرات میں گزشتہ۴؍ دنوں سے موسلادھار بارش ہو رہی ہے۔ گجرات میں اب تک بارش اور سیلابی صورتحال میں پھنسے کم وبیش ۱۸؍ ہزار  افراد کو بچا لیا گیا ہے۔  وزیر اعظم مودی نے بدھ کو  وزیر اعلیٰ بھوپیندر پٹیل کو فون کرکےصورتحال کا جائزہ لیا تھا۔
   سیلاب سے متاثرہ علاقوںسے۱۷۸۰۰؍ سے۱۸۰۰۰؍ افراد کو نکال کر محفوظ مقامات پر پہنچایا گیا ہے۔ایک پولیس عہدیدار نے بتایا کہ جان گنوانے والوں میں وہ ٹریکٹر ٹرالی پر سوار۷؍افراد شامل ہیں جو اتوار کو موربی ضلع ایک پل کو عبور کرنے کے دوران بہہ جانے کے بعد لاپتہ ہو گئے تھے۔ پانی اس پل سے ہو کر بہہ رہا تھا۔ عہدیدار نے بتایا کہ ان کی لاشیں نکال لی گئی ہیں ۔ بڑودہ میں بارش رُکنے کے باوجود شہر میں بہنے والی وشوامتری ندی اپنے کناروں کو توڑ کر رہائشی علاقوں میں داخل ہو گئی جس سے تقریباً پورے ہی  شہر میں پانی جمع ہو گیا اور  مکانات، سڑکیں اور گاڑیاں زیر آب آ گئیں۔
  محکمۂ موسمیات (آئی ایم ڈی) نے جمعرات کو سوراشٹر  کے متعدد اضلاع میں انتہائی تیز بارش کی پیش گوئی کی ہے۔ حکام نے بتایا کہ  بڑودہ شہر میں گھروں اور چھتوں  پر پھنسے ہوئے لوگوں کو نیشنل ڈیزاسٹر رسپانس فورس (این ڈی آر ایف)، اسٹیٹ ڈیزاسٹر ریسپانس فورس (ایس ڈی آر ایف) اور فوج کے۳؍ دستوں نے محفوظ مقامات پر منتقل کیا۔ بڑودہ کے کئی علاقے زیر آب آگئے۔ کئی علاقوں میںمکان چھت تک ڈوب گئے ۔ اس دوران ایک مکان کی چھت پر مگر مچھ کودیکھا گیا ۔
  اس دوران وزیر رشی کیش پٹیل نے میڈیا  نمائندوں کو بتایا کہ بڑودہ  میںاب تک ۵؍ ہزارسے زیادہ لوگوں کو سیلاب متاثرہ علاقوں سے نکالا جا چکا ہے ا ور۱۲۰۰؍افرادکو  سنگین صورتحال سےبچا یا گیا ہے۔ بدھ کو شہر میں فوج کے۳؍ اضافی دستے اور این ڈی آر ایف اور ایس ڈی آر ایف کا ایک ایک دستہ تعینات کیا گیا تھا۔این ڈی آر ایف اور ایس ڈی آر ایف کے علاوہ فوج، ہندوستانی فضائیہ اور کوسٹ گارڈ سیلاب متاثرہ علاقوں میں بچاؤ اور  امدادی کارروائیاں انجام دے رہے ہیں جن  سے اب تک تقریباً۱۸؍ ہزارلوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا چکا ہے اور۲؍ ہزار افراد کو بچایا جا چکا ہے ۔
 یہ اموات راجکوٹ، آنند، مہی ساگر، کھیڑا، احمد آباد، موربی، جوناگڑھ اور بھڑوچ اضلاع میں ہوئی ہیں۔ ایک سرکاری ریلیز میں کہا گیا ہے کہ منگل کو ریاست کے مختلف حصوں میں دیوار گرنے اور ڈوبنے جیسے بارش سے متعلق واقعات میں کم از کم ۹؍افراد ہلاک ہو ئے تھے۔جام نگر میں بھاری بارش سے حالات خراب ہیں۔ جمعرات کو مقامی رکن اسمبلی ریوابا جڈیجا نے علاقے کادورہ کرکے حالات کا جائزہ لیا۔
   بدھ کو ہندوستانی خواتین کرکٹ ٹیم کی اسپنر رادھا یادو اور ان کا خاندان  بڑودہ  میں سیلاب میں پھنس گیا تھا۔ ا نہیںنیشنل ڈیزاسٹر ریسپانس فورس (این ڈی آر ایف) نے بچایا۔
 گجرات میں۷؍نیشنل ہائی ویز،۶۶؍ اسٹیٹ ہائی ویز اور۹۲؍ دیگر سڑکیں ، اس کے علاوہ ۷۷۴؍پنچایتی سڑکوں سمیت کل۹۳۹؍سڑکیں بند ہیں۔ ۲۳۸؍ تحصیلیں موسلا دھار بارش کی وجہ سے سیلاب کی لپیٹ میں ہیں۔
 گجرات کے دوارکا، جام نگر، راج کوٹ اور پوربندر اضلاع میں۱۲؍ گھنٹوں میں۵۰؍ سے۲۰۰؍ ملی میٹر تک بارش ریکارڈ کی گئی۔ دوارکا کے بھنواڈ میں۱۸۵؍ملی میٹر بارش ہوئی جو ریاست میں سب سے زیادہ ہے۔ محکمہ موسمیات نے جمعرات اور جمعہ کو سوراشٹرا میں بارش کیلئے ریڈ الرٹ جاری کیا ہے۔این ڈی آر ایف، ایس ڈی آر ایف کے علاوہ ۶؍ فوجی یونٹ ریاست میں راحت اور بچاؤ کاموں میں مصروف ہیں۔ 

gujarat Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK