• Fri, 27 December, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

گجرات الیکشن:بی جے پی نےامیدواروں کے انتخاب کا عمل شروع کیا

Updated: October 29, 2022, 11:28 AM IST | Agency | Gandhi Nagar

مقامی سطح پر پارٹی لیڈروں سے رائے لینے کے عمل کا آغاز،۳۳؍اضلاع اور ۵؍بڑے شہروں میں سے ہر ایک کیلئے مبصرین کی ۳؍رکنی ٹیمیں پارٹی کارکنوں سے ملاقات کررہی ہیں،عام آدمی پارٹی نے بھی ۷؍ویں فہرست جاری کی

BJP will not want to lose power in Gujarat at any cost .Picture:INN
بی جے پی گجرات میں اقتدار کو کسی بھی قیمت پر کھونا نہیں چاہے گی۔ تصویر:آئی این این

تمام سیاسی پارٹیاں اس سال کے آخر تک ہونے والے گجرات اسمبلی انتخابات کے لیے تیارہو چکی ہیں۔ اس بار ریاست میں انتخابات سہ رخی ہونے جا رہے ہیں۔ اس بار عام آدمی پارٹی یعنی’آپ‘نےانتخابات میں اپنی پوری طاقت جھونک دی ہے۔پارٹی کے قومی کنوینر اروند کیجریوال پہلے ہی کہہ چکے ہیں کہ ان کی پارٹی ہر سیٹ پراپنا امیدوار کھڑا کرےگی۔ دریں اثنا، تقریباً ۳؍ دہائیوں سے اقتدارمیں رہنے والی بی جے پی نے گجرات میں آئندہ اسمبلی انتخابات کیلئےامیدواروںکےانتخاب کیلئےریاست میں مقامی سطح پرپارٹی کارکنوں سے رائے لینے کا عمل شروع کر دیا ہے۔
؍۳؍رکنی ٹیم ٹکٹ کے خواہشمندوں سے ملاقات کررہی ہے
 بی جے پی کے اراکین نے کہاکہ گجرات کے ۳۳؍اضلاع اور ۵؍ بڑے شہروںمیں سے ہر ایک کیلئےبی جےپی کے ذریعہ الگ الگ مقرر کردہ مبصرین کی ۳؍ رکنی ٹیموں نےپارٹی کارکنوں سے ملاقات شروع کردی ہے۔ یہ سلسلہ ۳؍روز تک جاری رہےگا اور اس دوران ٹیم ہر حلقے سے ٹکٹ کے خواہشمند امیدواروں کی آراء کو مدنظر رکھے گی۔اس عمل کے ایک حصے کے طورپر، مبصرین کی رائے کی بنیادپر ایک رپورٹ تیار کی جائے گی، جسے ریاستی بی جے پی کو پیش کیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہاکہ یہ آئندہ انتخابات کیلئے امیدواروں کے انتخاب کی بنیادہوگا۔پارٹی لیڈروں نے بتایا کہ اس مقصد کیلئے مجموعی طور پر۳۸؍ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں،جن میں موجودہ اور سابق وزراء، ممبران پارلیمنٹ (ایم پیز)، قومی، ریاستی اور ضلعی سطح پر سینئر عہدیدار شامل ہیں۔
 بی جے پی کے احمد آباد ضلع صدر ہرشد گری نے نامہ نگاروں کو بتایا کہ ’’آج سے،ریاستی بی جے پی نےٹکٹوں کی تقسیم کے لیے یہاں مدعو کیے گئے پارٹی کارکنوںکےساتھ بات چیت کا عمل شروع کیا۔ احمد آباد ضلع کی دھولکا، دھندھوکا اور ڈسکروئی اسمبلی سیٹوں کیلئےجمعہ کوکارکنان اپنی رائے دینے کے لیے جمع ہوئے۔بی جے پی ایک ایک کر کے ان کی باری  کے حساب سے کارکنان کے مشورے سنے گی۔‘‘جام نگر سٹی بی جے پی کےصدر ومل کگاتھرا نے کہاکہ بی جے پی کےعمل کے مطابق،۳؍مبصرین کا ایک پینل جام نگر کی۲؍سیٹوں کیلئےپارٹی کارکنوں کی رائےلینے کا کام مکمل کرےگا۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ انتخابات کی طرح بی جے پی مائیکرو پلاننگ کے ذریعے جام نگر کی دونوں سیٹوں پر کامیابی حاصل کرے گی۔پارٹی کے کارکن بڑی تعداد میں مبصرین سے ملنے کیلئےجمع ہوئے، جن میں سے کچھ نے الیکشن لڑنے پر آمادگی ظاہر کی۔ بڑودہ کے میئر کیور روکاڈیا نے کہا کہ مبصرین کے تاثرات جمع کرنا ایک ہموارجمہوری عمل ہے جسے بی جے پی نے انجام دیا ہے۔روکاڈیا نے کہا کہ ’’اس کےایک حصے کے طور پر،۳؍مبصرین یہاں کا دورہ کر رہےہیں،وہ مختلف اسمبلی حلقوں سے پارٹی کارکنوں سےبات چیت کریں گے اور ان کی رائے جمع کریں گے، انہیں وارڈ کی سطح پر سیاسی صورتحال کا بھی احساس ہو گا، تاکہ امیدواروں کے انتخاب کےعمل کو آگے بڑھایا جا سکے۔
آپ نے ۱۳؍امیدواروں کی فہرست جاری کی
 عام آدمی پارٹی (آپ)نےجمعہ کو گجرات اسمبلی کے آئندہ انتخابات کیلئےمزید ۱۳؍امیدواروں کی فہرست جاری کی، جس سے میدان میں امیدواروں کی کل تعداد۸۶؍ ہوگئی۔بڑودہ میں نئے امیدواروں کی فہرست کا اعلان کرنے کےبعد، پارٹی کی گجرات یونٹ کے سربراہ گوپال اٹالیہ نے یقین ظاہرکیاکہ آپ کےپاس گجرات میں حکومت بنانے کیلئے کافی ایم ایل اے ہوں گے۔ یہ پوچھے جانے پر کہ کیا بی جے پی ’باہر‘ کےامیدواروں کو کھڑا کرنے کیلئےآپ پرحملہ کر رہی ہے، اٹالیا نے بی جے پی کا مذاق اڑایااور کہا کہ ووٹروں کو گمراہ کرنا بی جے پی کا کام ہے۔انہوں نے کہا ’’بیرونی کا کیا مطلب ہے؟ کیا وہ پاکستان سےامیدوار ہیں؟ جہاں تک ہم جانتے ہیں، ہمارے تمام امیدوار گجرات سے ہیں۔ بی جے پی کو یہ بھی نہیں معلوم کہ وہ کیا کر رہی ہے۔ ایک طرف،یہ ہمارے پوسٹروں کو پھاڑتے ہیں،اور پھر ہمارے لیڈروں کی تصاویر کا استعمال کرتے ہوئے ہورڈنگ لگاتے ہیں۔بی جے پی انگریزوں کی طرح بازو مروڑنے اور جابرانہ اقدامات کاسہارا لے رہی ہے۔یہ ان علاقوں میں بلڈوزر بھیجتے ہیں جہاں آپ اپنا پروگرام منعقد کرنے والی ہوتی ہے۔ان میں یہ کہنے کی ہمت نہیں ہے کہ وہ آپ کا مقابلہ کر رہے ہیں۔‘‘گزشتہ ہفتےآپ نے گجرات انتخابات کے لیےامیدواروں کی چھٹی فہرست جاری کی تھی۔اس نےپہلے اعلان کیاہےکہ پارٹی بی جے پی کی حکمرانی والی ریاست میں تمام۱۸۲؍حلقوں میں امیدوار کھڑا کرے گی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK