آئندہ ۲۴؍ گھنٹوں میں گردابی طوفان ضلع کچھ کے ساحل سے ٹکراسکتا ہے۔
EPAPER
Updated: August 31, 2024, 11:42 AM IST | Agency | Ahmedabad
آئندہ ۲۴؍ گھنٹوں میں گردابی طوفان ضلع کچھ کے ساحل سے ٹکراسکتا ہے۔
گجرات میں بارش اور سیلاب نے بڑے پیمانے پر تباہی مچائی ہے۔ احمد آباد سے بڑودہ اور کچھ سے دوارکا تک سڑکیں پانی میں ڈوب گئی ہیں۔ سب سے زیادہ متاثرہ علاقہ بڑودہ ہے جہاں کئی رہائشی کمپاؤنڈز سیلاب میں ڈوب گئے ہیں۔ دریں اثناء گجرات پر گردابی طوفان کا بھی خطرہ منڈلا رہا ہے جس کے بعد وزیراعلیٰ بھوپیندر پٹیل نے لوگوں کو طوفان سے بچانے کی ہدایات جاری کردی ہیں۔ اس بارے میںمحکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق آئندہ ۲۴؍ سے ۳۰؍ گھنٹوں میں بحر عرب میں اٹھنے والا سمندری طوفان گجرات کے کچھ علاقہ سے ٹکرانے والا ہے۔ خلیج بنگال پر گہرے دباؤ کا مرکز بننے کے بعد یہ طے ہو گیا ہے کہ بحرعرب میں اٹھنے والا یہ طوفان اب کمزور نہیں بلکہ بہت مضبوط ہو جائے گا۔ اس کی وجہ سے احمد آباد سمیت پوری ریاست میں تیز ہوائیں چلیں گی۔
محکمہ موسمیات کے مطاق جمعہ کی شب سے ہی گجرات کے کئی علاقوں میں شدید بارش کا سلسلہ شروع ہو جائے گا جبکہ طوفان کے ساحل سے ٹکرانے کے بعد حالات مزید خراب ہوسکتے ہیں۔ محکمہ موسمیات کے مطابق سنیچر کی دوپہر تک کی یہ طوفان جسے ’اسنیٰ ‘ نام دیا گیا ہے گجرات کے ساحل سے ٹکرائے گا۔ اس کا اثر پاکستان کے کراچی شہر تک محسوس ہو گا۔ اس کے بعد یہ طوفان عمان کی طرف مڑجانے اور کمزور ہوجانے کی امید ہے۔ محکمہ کا کہنا ہے کہ اگست کے مہینے میں بحر عرب میں طوفان نہیں اٹھتے ہیں ۔ ۱۸۹۱ء سے ۲۰۲۳ء کے درمیان اگست کے مہینے میں صرف ۳؍ مرتبہ طوفان آیا ہے اور ہر مرتبہ یہ انتہائی شدید رہا ہے۔ اس سے اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ اسنیٰ طوفان خطرناک ثابت ہو سکتا ہے۔