بی جے پی نے مختلف بلدیات کے انتخابات میں اس مرتبہ ۱۰۳؍ مسلم امیدواروں کو ٹکٹ دیا تھا جن میں سے بیشتر نے فتح حاصل کی، ان میں ۳۳؍ خواتین بھی ہیں۔
EPAPER
Updated: February 27, 2025, 11:08 AM IST | Agency | Ahmedabad
بی جے پی نے مختلف بلدیات کے انتخابات میں اس مرتبہ ۱۰۳؍ مسلم امیدواروں کو ٹکٹ دیا تھا جن میں سے بیشتر نے فتح حاصل کی، ان میں ۳۳؍ خواتین بھی ہیں۔
بی جے پی نے حسب توقع گجرات کے میونسپل انتخابات میں زوردار فتح حاصل کی ۔ گزشتہ ہفتے ہونے والے گجرات کے بلدیاتی انتخابات کے نتائج سامنے آئے ہیں جن میںبی جے پی نے ۱۷۱۲؍ نشستوں میں سے ایک ہزار ۶۰۸؍ نشستوں پر کامیابی حاصل کی۔ ان نشستوں میںمیونسپلٹی، میونسپل کارپوریشن، ضلع اور تعلقہ پنچایتیں شامل ہیں لیکن بی جے پی کی اس جیت میں ایک ایسی چیز سامنے آئی ہے جس نے کانگریس اور عام آدمی پارٹی سمیت تمام سیکولر اپوزیشن پارٹیوں کی پریشانی میں اضافہ کردیا ہے ۔ یہاں بی جے پی کے ٹکٹ پر جیتنے والے مسلم امیدواروں کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے۔ خاص بات یہ ہے کہ کم از کم ۶۶؍بلدیات میں بی جے پی کے ٹکٹ پر جیتنے والے مسلم امیدواروں کی تعداد میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔
انڈین ایکسپریس کی رپورٹ کے مطابق پارٹی نے اس بار ۱۰۳؍ مسلم امیدوار کھڑے کئے تھے جن میں سے ۳۳؍خواتین تھیں۔ اتفاق یہ رہا کہ ان میں سے زیادہ تر منتخب ہو گئے۔ خاص طور پر پٹن، کھیڑا، پنچ محل اور جوناگڑھ اضلاع میں بی جے پی کو مسلم امیدواروں کے ذریعے ہی کامیابی ملی ہے جبکہ گزشتہ مرتبہ ان تمام جگہوں پر بی جے پی کا کھاتہ بھی نہیں کھلا تھا۔مجموعی طور پر بلدیات میں منتخب ہونے والے مسلم امیدواروں کی تعداد۲۰۱۸ء کے ۲۵۲؍ سے بڑھ کر ۲۷۵؍ ہو گئی ہے۔ بی جے پی نے ان میں سے تقریباً ۲۸؍ فیصد سیٹیں جیتی ہیں۔ ہر چند کہ مسلم علاقوں میں کانگریس کے ہی امیدوار سب سے زیادہ کامیاب ہوئے ہیں۔ یہاں کانگریس کا حصہ ۳۹؍ فیصد ہے لیکن بی جے پی بھی بہت پیچھے نہیں ہے۔ اس کے پاس ۲۸؍ فیصد حصہ داری ہے جبکہ عام آدمی پارٹی ۷؍ فیصد پر ہے۔ عام آدمی پارٹی سے ۱۳؍ مسلم امیدوار جیتے ہیں جن میں سے ۱۱؍کا تعلق جام نگر کی سلایا میونسپلٹی سے ہے۔